حرف آغاز
عظیم پروردگار کا شکر گزار ہوں اور وہی حمد و ثنا کا مستحق ہے جس نے ہم پر احسان کیا اور ایک عظیم امانت کو اٹھانے کے لائق سمجھا ،وہی امانت جو اللہ کی طرف سے آخری اور ابدی معجزہ ہے ،وہ معجزہ جو ایک وسیع دسترخوان کی مانند پورے عالم کے حقائق سے بھرا ہوا ہے اور ہمیشہ کے لئے بھیجا گیا ،یعنی قرآن کریم کی شکل میں کریم مطلق ،کی طرف سے نازل کیا گیا ہے تا کہ انسانوں کی سعادت کا ذریعہ بنے ،ایک ایسا بیکران سمندر ہے جس کی چھوٹی بڑی تمام امواج بہت ہی عمیق اور عظیم اسرار پر مشتمل ہیں ،وہی بہترین ہدایت اور سعادت کا راستہ ہے ،کتاب جو ہمیشہ پوری بشریت اور ہر معاشرے کے لئے زمان و مکان میں چراغ ہدایت ہے ،اور قیامت تک گمراہی اور ضلالت کی تاریکیوں میں مبتلا ء افراد کی رہنمائی کرتی رہے گی ،یہ کتاب ہر زمانے میں نور اور ہر مرحلہ میں بہترین رہنما اور ہر خشک و تر کا ذکر اس میں موجود ہے ،انسانی زندگی کے تمام پہلؤں اور کائنات کی ہر شیء کا اس میں کھلا بیان ہے ۔یہ وہ کتاب ہے جس کی ہر وقت اور ہمیشہ کسی بھی قسم کی تبدیلی سے حفاظت کرنے کا خود اللہ تبارک و تعالیٰ نے وعدہ فرمایا ہے،اور ایسا وعدہ کہ جس سے تخلف کرنا محال ہے ،جیسا کہ ارشاد ہوتا ہے : ''انّ وعد الله حق'' اس مختصر کتابچہ میں جو مطالب بیان کئے گئے ہیں وہ قرآن میں تحریف نہ ہونے سے مربوط ہیں جسے علوم قرآن کے مباحث میں سے بنیادی اور اہم مسئلہ سمجھا جاتا ہے ۔اور یہ مسئلہ تمام محققین،مفسرین او ر اس کتاب کے بارے میں غور و خوض کرنے والوں کی نظر میں بہت اہمیت کا حامل ہے ۔اس لئے اس کے تمام پہلوؤں پر گفتگو اور وضاحت ضروری ہے ۔