محاصرۂ درنہ
یورپ میں جس گھڑی حق و باطل کی چھڑ گئی
حق خنجر آزمائی پہ مجبور ہو گیا
*
گرد صلیب گرد قمر حلقہ زن ہوئی
شکری حصار درنہ میں محصور ہو گیا
*
مسلم سپاہیوں کے ذخیرے ہوئے تمام
روئے امید آنکھ سے مستور ہو گیا
*
آخر امیر عسکر ترکی کے حکم سے
"آئین جنگ" شہر کا دستور ہو گیا
*
ہر شے ہوئی ذخیرۂ لشکر میں منتقل
شاہیں گدائے دانۂ عصفور ہو گیا
*
لیکن فقیہ شہر نے جس دم سنی یہ بات
گرما کے مثل صاعقۂ طور ہو گیا
*
ذمی کا مال لشکر مسلم پہ ہے حرام
فتوی تمام شہر میں مشہور ہو گیا
*
چھوتی نہ تھی یہود و نصاریٰ کا مال فوج
مسلم ، خدا کے حکم سے مجبور ہو گیا
***