9%

طلوع اسلام

دلیل صبح روشن ہے ستاروں کی تنک تابی

افق سے آفتاب ابھرا ،گیا دور گراں خوابی

*

عروق مردۂ مشرق میں خون زندگی دوڑا

سمجھ سکتے نہیں اس راز کو سینا و فارابی

*

مسلماں کو مسلماں کر دیا طوفان مغرب نے

تلاطم ہائے دریا ہی سے ہے گوہر کی سیرابی

*

عطا مومن کو پھر درگاہ حق سے ہونے والا ہے

شکوہ ترکمانی، ذہن ہندی، نطق اعرابی

*

اثر کچھ خواب کا غنچوں میں باقی ہے تو اے بلبل!

""نوا را تلخ تر می زن چو ذوق نغمہ کم یابی""

*

تڑپ صحن چمن میں، آشیاں میں ، شاخساروں میں

جدا پارے سے ہو سکتی نہیں تقدیر سیمابی

*

وہ چشم پاک بیں کیوں زینت برگستواں دیکھے

نظر آتی ہے جس کو مرد غازی کی جگر تابی

*