9%

نصیحت

میں نے اقبال سے از راہ نصیحت یہ کہا

عامل روزہ ہے تو اور نہ پابند نماز

*

تو بھی ہے شیوۂ ارباب ریا میں کامل

دل میں لندن کی ہوس ، لب پہ ترے ذکر حجاز

*

جھوٹ بھی مصلحت آمیز ترا ہوتا ہے

تیرا انداز تملق بھی سراپا اعجاز

*

ختم تقریر تری مدحت سرکار پہ ہے

فکر روشن ہے ترا موجد آئین نیاز

*

در حکام بھی ہے تجھ کو مقام محمود

پالسی بھی تری پیچیدہ تر از زلف ایاز

*

اور لوگوں کی طرح تو بھی چھپا سکتا ہے

پردۂ خدمت دیں میں ہوس جاہ کا راز

*

نظر آ جاتا ہے مسجد میں بھی تو عید کے دن

اثر وعظ سے ہوتی ہے طبیعت بھی گداز