33%

عبد القادر کے نام

اٹھ کہ ظلمت ہوئی پیدا افق خاور پر

بزم میں شعلہ نوائی سے اجالا کر دیں

*

ایک فریاد ہے مانند سپند اپنی بساط

اسی ہنگامے سے محفل تہ و بالا کر دیں

*

اہل محفل کو دکھا دیں اثر صیقل عشق

سنگ امروز کو آئینۂ فردا کر دیں

*

جلوۂ یوسف گم گشتہ دکھا کر ان کو

تپش آمادہ تر از خون زلیخا کر دیں

*

اس چمن کو سبق آئین نمو کا دے کر

قطرۂ شبنم بے مایہ کو دریا کر دیں

*

رخت جاں بت کدۂ چیں سے اٹھا لیں اپنا

سب کو محو رخ سعدی و سلیمی کر دیں

*

دیکھ! یثرب میں ہوا ناقۂ لیلی بیکار

قیس کو آرزوئے نو سے شناسا کر دیں

*