11%

ابر کوہسار

ہے بلندی سے فلک بوس نشیمن میرا

ابر کہسار ہوں گل پاش ہے دامن میرا

*

کبھی صحرا ، کبھی گلزار ہے مسکن میرا

شہر و ویرانہ مرا ، بحر مرا ، بن میرا

*

کسی وادی میں جو منظور ہو سونا مجھ کو

سبزۂ کوہ ہے مخمل کا بچھونا مجھ کو

*

مجھ کو قدرت نے سکھایا ہے در افشاں ہونا

ناقۂ شاہد رحمت کا حدی خواں ہونا

*

غم زدائے دل افسردۂ دہقاں ہونا

رونق بزم جوانان گلستاں ہونا

*

بن کے گیسو رخ ہستی پہ بکھر جاتا ہوں

شانۂ موجۂ صرصر سے سنور جاتا ہوں