(۲)
قرنِ اوّل کی روایت کا نگہدار حسین
بسکہ تھا لختِ دلِ حیدر کرار حسین
*
عرصۂ شام میں سی پارۂ قرآنِ حکیم
وادیٔ نجد میں اسلام کی للکار حسین
*
کوئی انساں کسی انساں کا پرستار نہ ہو
اس جہاں تاب حقیقت کا علمدار حسین
*
ابوسفیان کے پوتے کی جہانبانی میں
عزتِ خواجۂ گیہاں کا نگہدار حسین
*
کرۂ ارض پہ اسلام کی رحمت کا ظہور
عشق کی راہ میں تاریخ کا معمار حسین
*
جان اسلام پہ دینے کی بنا ڈال گیا
حق کی آواز صداقت کا طرفدار حسین
*
وائے یہ جور جگر گوشۂ زہرا کے لئے
ہائے نیزے کی انی پر ہے جگر دار حسین
*