(۲)
مقصدِ شبیر(ع) جو دیتا ہے وہ پیغام لو
بن کے حر(ع) دستِ عمل سے شہ(ع) کا دامن تھام لو
*
دیتے ہیں پیغام یہ ابتک بہتّر تشنہ لب
موت کے ہاتھوں سے بڑھ کر زندگی کا جام لو
*
ہر غمِ دوراں کو دو شبیر(ع) کے غم سے جواب
آنسوئوں سے انتقامِ گردش ایام لو
*
معنی و تفسیرِ کعبہ ہے کتابِ کربلا
بعدِ احمد(س) کربلا کی خاک سے اسلام لو
*
فیصلہ ہوگا قیامت میں کہ مجرم کون ہے
دشمنِ آلِ(ع) پیمبر(س) جو بھی دے الزام لو
*
تم کو فکرِ زندگی ہے ہم کو فکرِ آخرت
ہم وہاں آرام لیں گے تم یہاں آرام لو
*
منزلِ عشقِ علی(ع) ہی منزلِ ایمان ہے
جانچ لو اپنے عمل کو پھر علی(ع) کا نام لو
*
شرک و بدعت اور ذکرِ معنیٔ ذبحِ عظیم
آیتِ قرآں نہ جھٹلائو خدا کا نام لو
*