یورپ اور سوریا
فرنگیوں کو عطا خاک سوریا نے کیا
نبی عفت و غم خواری و کم آزاری
*
صلہ فرنگ سے آیا ہے سوریا کے لیے
مے و قمار و ہجوم زنان بازاری
***
مسولینی
(اپنےمشرقی.اورمغربی.حریفوں.سے)
کیا زمانے سے نرالا ہے مسولینی کا جرم!
بے محل بگڑا ہے معصومان یورپ کا مزاج
*
میں پھٹکتا ہوں تو چھلنی کو برا لگتا ہے کیوں
ہیں سبھی تہذیب کے اوزار ! تو چھلنی ، میں چھاج
*
میرے سودائے ملوکیت کو ٹھکراتے ہو تم
تم نے کیا توڑے نہیں کمزور قوموں کے زجاج؟
*
یہ عجائب شعبدے کس کی ملوکیت کے ہیں
راجدھانی ہے ، مگر باقی نہ راجا ہے نہ راج
*