شام و فلسطین
رندان فرانسیس کا میخانہ سلامت
پر ہے مۓ گلرنگ سے ہر شیشہ حلب کا
*
ہے خاک فلسطیں پہ یہودی کا اگر حق
ہسپانیہ پر حق نہیں کیوں اہل عرب کا
*
مقصد ہے ملوکیت انگلیس کا کچھ اور
قصہ نہیں نارنج کا یا شہد و رطب کا
***
سیاسی پیشوا
امید کیا ہے سیاست کے پیشواؤں سے
یہ خاک باز ہیں ، رکھتے ہیں خاک سے پیوند
*
ہمیشہ مور و مگس پر نگاہ ہے ان کی
جہاں میں صفت عنکبوت ان کی کمند
*
خوشا وہ قافلہ ، جس کے امیر کی ہے متاع
تخیل ملکوتی و جذبہ ہائے بلند
***