(۷)
رومی بدلے ، شامی بدلے، بدلا ہندستان
تو بھی اے فرزند کہستاں! اپنی خودی پہچان
*
اپنی خودی پہچان
او غافل افغان!
*
موسم اچھا ، پانی وافر ، مٹی بھی زرخیز
جس نے اپنا کھیت نہ سینچا ، وہ کیسا دہقان
*
اپنی خودی پہچان
او غافل افغان!
*
اونچی جس کی لہر نہیں ہے ، وہ کیسا دریا
جس کی ہوائیں تند نہیں ہیں ، وہ کیسا طوفان
*
اپنی خودی پہچان
او غافل افغان!
*
ڈھونڈ کے اپنی خاک میں جس نے پایا اپنا آپ
اس بندے کی دہقانی پر سلطانی قربان
*