11%

ملائے حرم

عجب نہیں کہ خدا تک تری رسائی ہو

تری نگہ سے ہے پوشیدہ آدمی کا مقام

*

تری نماز میں باقی جلال ہے، نہ جمال

تری اذاں میں نہیں ہے مری سحر کا پیام

***

تقدیر

نااہل کو حاصل ہے کبھی قوت و جبروت

ہے خوار زمانے میں کبھی جوہر ذاتی

*

شاید کوئی منطق ہو نہاں اس کے عمل میں

تقدیر نہیں تابع منطق نظر آتی

*

ہاں، ایک حقیقت ہے کہ معلوم ہے سب کو

تاریخ امم جس کو نہیں ہم سے چھپاتی

*

'ہر لحظہ ہے قوموں کے عمل پر نظر اس کی

براں صفت تیغ دو پیکر نظر اس کی!'

***