علم اور دین
وہ علم اپنے بتوں کا ہے آپ ابراہیم
کیا ہے جس کو خدا نے دل و نظر کا ندیم
*
زمانہ ایک ، حیات ایک ، کائنات بھی ایک
دلیل کم نظری، قصۂ جدید و قدیم
*
چمن میں تربیت غنچہ ہو نہیں سکتی
نہیں ہے قطرۂ شبنم اگر شریک نسیم
*
وہ علم، کم بصری جس میں ہمکنار نہیں
تجلیات کلیم و مشاہدات حکیم!
***
ہندی مسلمان
غدار وطن اس کو بتاتے ہیں برہمن
انگریز سمجھتا ہے مسلماں کو گداگر
*
پنجاب کے ارباب نبوت کی شریعت
کہتی ہے کہ یہ مومن پارینہ ہے کافر
*
آوازۂ حق اٹھتا ہے کب اور کدھر سے
'مسکیں ولکم ماندہ دریں کشمکش اندر'!
***