اشاعت اسلام فرنگستان میں
ضمیر اس مدنیت کا دیں سے ہے خالی
فرنگیوں میں اخوت کا ہے نسب پہ قیام
*
بلند تر نہیں انگریز کی نگاہوں میں
قبول دین مسیحی سے برہمن کا مقام
*
اگر قبول کرے، دین مصطفی ، انگریز
سیاہ روز مسلماں رہے گا پھر بھی غلام
***
لا و الا
فضائے نور میں کرتا نہ شاخ و برگ و بر پیدا
سفر خاکی شبستاں سے نہ کر سکتا اگر دانہ
*
نہاد زندگی میں ابتدا 'لا' ، انتہا 'الا'
پیام موت ہے جب 'لا ہوا الا' سے بیگانہ
*
وہ ملت روح جس کی 'لا 'سے آگے بڑھ نہیں سکتی
یقیں جانو، ہوا لبریز اس ملت کا پیمانہ
***