حکیم نطشہ
حریف نکتۂ توحید ہو سکا نہ حکیم
نگاہ چاہیے اسرار 'لا الہ' کے لیے
*
خدنگ سینۂ گردوں ہے اس کا فکر بلند
کمند اس کا تخیل ہے مہرو مہ کے لیے
*
اگرچہ پاک ہے طینت میں راہبی اس کی
ترس رہی ہے مگر لذت گنہ کے لیے
***
اساتذہ
مقصد ہو اگر تربیت لعل بدخشاں
بے سود ہے بھٹکے ہوئے خورشید کا پر تو
*
دنیا ہے روایات کے پھندوں میں گرفتار
کیا مدرسہ ، کیا مدرسے والوں کی تگ و دو!
*
کر سکتے تھے جو اپنے زمانے کی امامت
وہ کہنہ دماغ اپنے زمانے کے ہیں پیرو
***