(7) لَقَدْ کَانَ فِی یُوسُفَ وَإِخْوَتِهِ آیَاتٌ لِلسَّائِلِینَ
'' یوسف اور انکے بھائیوں (کے قصہ)میں پوچھنے والوں کےلئے یقینا بہت سی (ارادہ خداکے حاکم ہونے کی) نشانیاں ہیں''۔
حضرت یوسف علیہ السلام کی زندگی کی داستان میں بہت سی ایسی علامتیں اور نشانیاں موجود ہیں جن سے خداوندعالم کی قدرت آشکار ہوتی ہے ان میں سے ہر ایک اہل تحقیق و جستجو کے لئے عبرت و نصیحت کا باعث ہے ان میں سے بعض مندرجہ ذیل ہیں :
1۔ حضرت یوسف علیہ السلام کا پُر اسرار خواب (2)تعبیر خواب کا علم (3) حضرت یعقوب (ع)کا اپنے فرزند کے مستقبل سے مکمل طور پر آگاہ ہونا (4)کنویں میں رہنا اور کسی خطرے سے دوچار نہ ہونا(5) اندھا ہونا اوردوبارہ بینائی کا لوٹنا (6)کنویںکی گہرائی اور جاہ و جلال کی بلندی (7)قید خانہ میں جانااور حکومت تک پہنچنا (8)پاک رہنا اور ناپاکی کی تہمت سننا (9) فراق و وصال (10)غلامی و بادشاہی (11)گناہوں کی آلودگی کے بجائے زندان کو ترجیح دینا (12)اپنی بزرگواری سے بھائیوںکی غلطیوں کو جلد معاف کردینا۔
انہیں نشانیوں کے ساتھ ساتھ بہت سے ایسے سوالات بھی ہیں جن میں سے ہر ایک کا جواب زندگی کی راہوں کو روشن کرنے والا ہے ۔