۵۔ شیعہ فرقہ معتقد ہے کہ خدااحدو صمد ہے
۵۔ شیعہ فرقہ معتقد ہے کہ خدااحدو صمد ہے، نہ اس نے کسی کو جنا ہے اورنہ اسے کسی نے جنم دیا ہے ، اور نہ ہی اس کا کوئی ہمسر ہے ، اور اس سے جسمانیت ، جہت ، مکان ، زمان ، تغیر ، حرکت، صعود ونزول وغیرہ جیسی صفات جو اس کی صفات کمال وجمال و جلال کے شایان و شان نہیں ہیں،ان کی نفی کرتا ہے۔
اور شیعہ یہ عقیدہ رکھتے ہیں کہ اس کے علاوہ کوئی معبود نہیں، اور حکم اور تشریع (شریعت کاقانون بنانا ) صرف اسی کے ہاتھ میں ہے، اور ہر طرح کا شرک چاہے وہ خفی ہو یا جلی ایک عظیم ظلم اور نہ بخشا جانے والا گناہ ہے ۔
اورشیعوں نے یہ عقائد ؛عقل محکم (سالم) سے اخذ کئے ہیں، جن کی تائید و تصدیق کتاب خدا اور سنت شریفہ سے بھی ہوتی ہے۔
اور شیعوں نے اپنے عقائد کے میدان میں ان احادیث پر تکیہ نہیں کیا ہے جن میں اسرائیلیات ( جعلی توریت اور انجیل ) اور مجوسیت کی گڑھی ہوئی باتوں کی آمیزش ہے، جنھوں نے اﷲ کو بشر کی مانند ماناہے، اوروہ اس کی تشبیہ مخلوق سے دیتے ہیں، یا پھر ی اس کی طرف ظلم و جور، اور لغو و عبث جیسے افعال کی نسبت دیتے ہیں ،حالانکہ اﷲ تعالی ان تمام باتوں سے نہایت بلند و برتر ہے،یا یہ لوگ خدا کے پاک و پاکیزہ معصوم نبیوں کی طرف برائیوں اور قبیح باتوںکی نسبت دیتے ہیں ۔