33%

۸:-نجات پانے والوں کے بارے میں شیعوں کا عقیدہ

۸۔ شیعوں کا عقیدہ ہے کہ جو اﷲ کی اطاعت کرے ، اس کے اوامر کو نافذ کرے ، اور زندگی کے ہر شعبہ میں اس کے قوانین پر عمل کرے وہ نجات یافتہ اور کامیاب ہے ، اور وہی مستحق مدح و ثواب ہے ، چاہے وہ حبشی غلام ہی کیوں نہ ہو ، اور جس نے خدا کی نافرمانی کی اور اس کے اوامر کو نہیں پہچانا ، اور اﷲ کے احکام کے بجائے دوسروںکے احکام کے بندھن میں بندھ گیا ، وہ مستحق مذمت اور ہلاک شدہ اور گھاٹاا ٹھانے والوں میں سے ہے ، چاہے وہ قرشی سید ہی کیوں نہ ہو ، جیسا کہ پیغمبر اسلام کی حدیث شریف میں آیا ہے۔

شیعہ عقیدہ رکھتے ہیں کہ ثواب و عقاب ملنے کی جگہ روز قیامت ہے جس دن حساب و کتاب ، میزان و جنت و نار سب کے سامنے ہوں گے ، اور یہ مرحلہ برزخ اور عالم قبر کے بعد ہوگا ،نیز عقیدہ ٔتناسخ جس کے منکرین معاد قائل ہیں، اس کو شیعہ باطل قرار دیتے ہیں کیونکہ عقیدۂ تناسخ سے قرآن کریم ا ور حدیث مطہرہ کی تکذیب لازم آتی ہے۔

۹:ختم نبوت کے بارے میں شیعوں کا عقیدہ

۹۔ شیعہ عقیدہ رکھتے ہیں کہ انبیاء ومرسلین کی آخری فرد اور ان سب سے افضل نبی حضرت محمد بن عبد اﷲ بن عبد المطلب ہیں، جنھیں خداوند متعال نے ہر خطا اور لغزش سے محفوظ رکھا اور ہر گناہ صغیرہ و کبیرہ سے معصوم قرار دیا چاہے وہ قبل نبوت ہویا بعد نبوت ،چاہے تبلیغ کا مرحلہ ہو یاتبلیغ کے علاوہ کوئی اور کام ہو ،اور ان کے اوپر قرآن کریم نازل کیا ، تاکہ وہ حیات بشری کیلئے ایک دائمی دستور العمل قرار پائے ، پس رسول اسلام نے رسالت کی تبلیغ کی اور امانت کو صداقت و اخلاص کے ساتھ لوگوں تک پہنچا دیا ، اور اس اہم اور قیمتی راستے میں ہر ممکن کوشش کی ، شیعہ حضرات کے یہاں رسول اسلام کی شخصیت ،آ پ کے خصوصیات، معجزات اور آ پ کے حالات سے متعلق سینکڑوں کتابیں موجود ہیں ۔

بطور نمونہ دیکھئے : کتاب'' الارشاد '' مؤلفہ شیخ مفید اعلام الوری ، اعلام الہدی ؛ مؤلفہطبرسی موسوعہ(معجم) بحار الانوار ؛مؤلفہ علامہ مجلسی .اور موجودہ دور کی ، موسوعة الرسول المصطفی ؛ مؤلفہمحسن خاتمی.