33%

۱۰:نزول قرآن کے بارے میں شیعوں کانظریہ

۱۰۔ شیعوں کا عقیدہ ہے کہ قرآن کریم حضرت محمد مصطفی پر جبرئیل امین کے ذریعہ نازل ہوا ، جسے کچھ بزرگ صحابہ نے رسول اسلام حضرت محمد مطفی کے دور نبوت میں ہی آپ کے حکم سے تدوین کیا ،جن میں سر فہرست حضرت علی بن ابی طالب ـہیں ،ان حضرات نے بڑی محنت و مشقت کے ساتھ اس کو لفظ بہ لفظ بھی یاد کیا اور اس کے حروف و کلمات نیز سورے اور آیات کی تعداد بھی مشخص اور معین کردی ، اس طرح یہ ایک نسل کے بعد دوسری نسل تک منتقل ہوتا آرہا ہے ، اور آج مسلمانوں کے تمام فرقے رات و دن اس کی تلاوت کرتے ہیں ، نہ اس میں کوئی زیادتی ہوئی اور نہ ہی کوئی کمی، یہ ہر قسم کی تحریف و تبدیلی سے محفوظ ہے ، شیعہ حضرات کے یہاں اس بارے میں بھی متعدد چھوٹی اور بڑی کتابیں موجودہیں ۔(۱)

۱۱:خلافت کے بارے میں شیعوں کا عقیدہ

۱۱۔ شیعہ عقیدہ رکھتے ہیں کہ جب حضرت محمد مصطفی کی وفات کا وقت قریب ہوا تو آ پ نے حضرت علی ـ کو تمام مسلمانوں کی رہبری کیلئے اپنا خلیفہ اور لوگوں کے لئے امام کے طورپر منصبوب کیا ، تاکہ علی ان کی سیاسی قیادت اورفکری راہنمائی فرمائیں، اور ان کی مشکلوں کو حل کریں ، اور ان کے نفوس کا تزکیہ اور ان کی تربیت کریں،اور یہ سب خدا کے حکم سے مقام غدیر خم میں رسول کی حیات کے آخری دور اور حج آخر کے بعد،ان مسلمان حاجیوں کے جم غفیر کے درمیان انجام پایاجو آپ کے ساتھ اسی وقت حج کرکے واپس آرہے تھے ، جن کی تعداد بعض روایات کی بناپر ایک لاکھ تک پہنچتی ہے ، اور اس مناسبت پر متعدد آیتیں نازل ہوئیں ۔(۲)

____________________

(۱)تاریخ قرآن ؛ زنجانی التمہید فی علوم القرآن ؛ مؤلفہ محمد ہادی معرفت وغیرہ وغیرہ

(۲) (یا اَیُّهٰاالرَّسُولُ بَلِّغْ مَا اُنْزِلَ َاِلَیکَ مِنْ رَبِّک وَاِنْ لَمْ تَفْعَلْ فَمَا بَلَّغْتَ رِسَالَتَه وَاللّٰهُ یَعْصِمُکَ مِنَ النّاس )سورہ مائدہ ،آیت ۶۷. دوسری آیت:یہ آیت بھی اسی سلسلے میں نازل ہوئی :(اَلْیَوْمَ اَکْمَلْتُ لَکُمْ دِیْنَکُمْ وَاَتْمَمْتُ عَلَیْکُمْ نِعْمَتِی وْرَضِیْتُ لَکُمُ اْلِاسْلامَ دِیْناً )سورہ مائدہ ، آیت ۳. (اَلْیَوْمَ یَئِسَ الًّذِیْنَ کَفَرُوْا، مِنْ دِیْنِکُمْ فَلَاْ تَخْشَوْهُمْ وَاخْشَوْنِ )سورہ مائدہ ، آیت ۳. نیز یہ آیت بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے :

(سَئَلَ سَائِل بِعَذَاْبٍ وَاْقعٍ ٭ لِلْکَافِرِیْنَ لَیْسَ لَهُ دَاْفِع ) سورہ معارج ، آیت ۲.