16 ۔ کام اور مشغلہ:
اسلام بیکاری اور کاہلی کا دشمن ہے اس لحاظ سے کہ انسان معاشرے سے استفادہ کرتا ہے کام فرد اور معاشرے دونوں کی اصلاح کا بہترین عامل اور سبب ہے اور بیکاری تباہی و فساد کا سب سے بڑا عامل ہے۔ اس لئے انسان کو مفید کام انجام دینے چاہیں۔ اسلام طفیلی ہونے اور معاشرے پر بوجھ بننے کی سخت مذمت کرتا ہے اور معاشرے پر بوجھ بننے والے پر لعنت کرتا ہے:
ملعون من القی کله علی الناس
(وسائل ج 12 ص 18)
”وہ شخص جو اپنا بوجھ لوگوں پر ڈالتا ہے۔“
17 ۔ پیشے اور فن و ہنر کا مقدس ہونا:
پیشہ اور فن و ہنر جہاں ایک خدائی حکم ہے وہاں ایک مقدس اور پاکیزہ عمل اور اللہ کا محبوب و پسندیدہ امر بھی ہے اور جہاد کی مانند ہے۔
ان الله یحب المومن المحترف
(وسائل ج 12 ص 13 ان الفاظ کے ساتھ:ان الله یحب المحترف الامین )
”خداوند عالم اس مومن کو دوست رکھتا ہے جو صاحب فن و حرفت ہو۔“
الکاد لعیاله کالمجاهد فی سبیل الله (وسائل ج 12 ص 43 وہاں پر لعیالہ کی جگہ علی عیالہ آیا ہے)
”جو شخص اپنے عیال کے لئے اپنے کو رنج و تکلیف میں ڈالتا ہے وہ اس شخص کی مانند ہے جو راہ خدا میں جہاد کرتا ہے۔