معجزہ ہے آیۂ والنجم کی تفسیر کا
معجزہ ہے آیۂ والنجم کی تفسیر کا
ایک ایک نقطہ ستارہ ہے مری تحریر کا
٭
آپ کی نسبت ہے مجھ کو باعثِ عزّ و شرف
آپ کی مدحت وسیلہ ہے مری توقیر کا
٭
کس طرح گزریں گے یہ دوری کے روز و شب حضور
صبح کرنا شام کا لانا ہے جوئے شیر کا
٭
کب مجھے بلوائیں گے آقا حریمِ قدس میں
خوابِ ہستی منتظر ہے جلوۂ تعبیر کا
٭
آہِ غم دل سے اٹھی اور بابِ رحمت کھل گیا
میں نے دیکھا ہے یہ منظر آہ کی تاثیر کا
٭
جنتِ خوابِ تمنا ہے مدینے کا خیال
شہرِ رنگ و بو علاقہ ہے مری جاگیر کا
٭
خاک ہو کر راہِ طیبہ میں بکھر جاؤں ایاز
یہ حسیں رخ ہے مری تخریب میں تعمیر کا
٭٭٭