25%

جادۂ مدینہ ہے اور کارواں اپنا

جادۂ مدینہ ہے اور کارواں اپنا

عزم ہمسفر اپنا، شوق ہم عِناں اپنا

٭

رحمتِ دو عالم ہے ، فخرِ مرسلاں اپنا

رہبروں کا رہبر ہے میرِ کارواں اپنا

٭

جب سے ارضِ طیبہ کو ہم نے محترم جانا

احترام کرتا ہے تب سے آسماں اپنا

٭

شاید اِس طرف سے وہ سیرِ عرش کو جائیں

راستہ بدلتی ہے روز کہکشاں اپنا

٭

ڈھل گیا حضوری میں کربِ دوریِ منزل

لے اڑا ہمیں آخر شوقِ پَر فشاں اپنا

٭

روضۂ محمدؐ پھر روضۂ محمد ؐ ہے

خلد کے عوض کیوں دوں گلشنِ جہاں اپنا

٭

میں ایاز ہوں اُن کا میں غلام ہوں اُن کا

کر لیا دو عالم کو میں نے ہم زباں اپنا

٭٭٭