25%

دل کی دھڑکن کا ہم آہنگِ دعا ہو جانا

دل کی دھڑکن کا ہم آہنگِ دعا ہو جانا

بابِ تاثیر کا آغوش کشا ہو جانا

٭

میرا ایماں ہے حضوری میں ڈھلے گی دوری

" درد کا حد سے گزرنا ہے دوا ہو جانا "

٭

مجھ کو آتا ہے عذابِ شبِ ہجراں کا علاج

یاد کرنا انہیں اور نعت سرا ہو جانا

٭

وہ بلائیں تو سہی اذنِ سفر تو آئے

تَو سنِ شوق کو آتا ہے ہَوا ہو جانا

٭

میں بھی سرکار کے کُوچے کا گدا ہوں یارب

میرے سجدوں کو بھی آجائے ادا ہو جانا

٭

آپ کی سیرتِ اطہر نے سکھایا ہے ہمیں

سر بہ سر بندۂ تسلیم و رضا ہو جانا

٭

تجھ پہ کھل جائیں گے الفاظ کے اسرار ایاز

ان کے در پر ہمہ تن حرفِ دعا ہو جانا

٭٭٭