25%

اگر سارا زمانہ حاملِ عشقِ خدا ہوتا

اگر سارا زمانہ حاملِ عشقِ خدا ہوتا

تو ہر لب پر محمد مصطفےٰ صلِّ علےٰ ہوتا

٭

یہ مہر و مہ نہ یہ ہنگامۂ صبح و مسا ہوتا

نہ آتے آپ تو اک ہو کا عالم جا بجا ہوتا

٭

اگر وہ نام جاں پرور لبِ دل سے ادا ہوتا

تو اے بیمارِ غم تو کب کا اچھا ہو گیا ہوتا

٭

خیالِ صاحبِ لوح و قلم کا فیض ہے ورنہ

نہ آنکھیں با وضو ہوتیں نہ دل محوِ ثنا ہوتا

٭

دلِ سوزاں میں ٹھنڈک پڑ گئی بارانِ رحمت سے

عنایت وہ نہ فرماتے تو اپنا حال کیا ہوتا

٭

غمِ سرکار نے اک اک قدم پر رہنمائی کی

میں اس ہنگامۂ عیش و طرب میں کھو گیا ہوتا

٭

ہواؤ !جانبِ طیبہ مجھے بھی ساتھ لے جاؤ

خدارا یہ نہ کہہ دینا کہ "پہلے سے کہا ہوتا "

٭