مسدسِ(۲۶)
سوا اس کے جو آئے اس کو پڑھا ویں
انہیں جو کچھ آتا ہے اس کو بتا ویں
وہ سیکھے ہیں جو بولیاں سب سکھا ویں
میاں مٹھو اپنا سا اس کو بنا ویں
یہ لے دے کے ہے علم کا ن کے حاصل
اسی پر ہے فخر ان کو بین الاماثل
***
نہ سرکار میں کام پانے کے قابل
نہ دربار میں لب ہلانے کے قابل
نہ جنگل میں ریوڑ چرانے کے قابل
نہ بازار میں بوجھ اٹھانے کے قابل
نہ پڑھتے تو سو طرح کھاتے کما کر
وہ کھوئے گئے اور تعلیم پاکر
***
جو پوچھو کہ حضرت نے جو کچھ پڑھا ہے
مراد آپ کی اس کے پڑھنے سے کیا ہے
مفاد اس میں دنیا کا یا دین کا ہے
نتیجہ کوئی یا کہ اس کے سوا ہے
تو مجذوب کی طرح سب کچھ بکیں گے
جواب اس کا لیکن نہ کچھ دے سکیں گے
***