مسدسِ (۴۳)
اسی کی ہے اب چار سو حکمرانی
کئے اس نے زیر ارمنی اور یمانی
ہوئے رام دیوان ماژندرانی
گئے زابلی بھول سب پہلوانی
ہوا اس کی طاقت سے تسخیر عالم
پڑے سامنے اس کے چرکس نہ ویلم
***
یہ لاکھوں پہ ہے سینکڑوں کو چڑھاتا
سواروں کو پیادوں سے ہے زک دلاتا
جہازوں سے ہے زورقوں کو بھڑاتا
حصاروں کو ہے چٹکیوں میں اڑاتا
ہوا کوئی حربوں سے اس کے نہ سر بر
نہ ٹھہرے زرہ اس کے آگے نہ بکتر
***
جنہوں نے بنایا اسے اپنا یاور
ہر اک راہ میں اس کو ٹھہرایا رہبر
یہ قول آج کل صادق آتا ہے ان پر
کہ اک نوع ہی نوعِ انساں سے برتر
الگ سب سے کام ان کے اور طور ہیں کچھ
اگر سب ہیں انساں تو وہ اور ہیں کچھ
***