9%

مسدسِ (۴)

کہا سب نے " قول آج تک کوئی تیرا

کبھی ہم نے جھوٹا سنا اور نہ دیکھا"

کہا" گر سمجھتے ہو تم مجھ کو ایسا

تو باور کرو گے اگر میں کہوں گا؟

کہ فوجِ گراں پشتِ کوہِ صفا پر

پڑی ہے کہ لوٹے تمہیں گھات پاکر"

***

کہا" تیری ہر بات کا یاں یقیں ہے

کہ بچپن سے صادق ہے تو اور امیں ہے"

کہا" گر مری بات یہ دل نشیں ہے

تو سن لو خلاف اس میں اصلا نہیں ہے

کہ سب قافلہ یاں سے ہے جانے والا

ڈرو اس سے جو وقت ہے آنے والا

***

وہ بجلی کا کڑکا تھا یا صوتِ ہادی

عرب کی زمیں جس نے ساری ہلا دی

نئی اک لگن دل میں سب کے لگا دی

اک آواز میں سوتی بستی جگا دی

پڑا ہر طرف غل یہ پیغام حق سے

کہ گونج اٹھے دشت و جبل نامِ حق سے

***