9%

مسدسِ (۱۲)

برے ان پہ وقت آ کے پڑنے لگے اب

وہ دنیا میں بس کر اجڑنے لگے اب

بھرے ان کے میلے بچھڑنے لگے اب

بنے تھے وہ جیسے بگڑنے لگے اب

ہری کھیتیاں جل گئیں لہلہا کر

گھٹا کھل گئی سارے عالم پہ چھا کر

***

نہ ثروت رہی ان کی قائم نہ عزت

گئے چھوڑ ساتھ ان کا اقبال و دولت

ہوئے علم و فن ان سے ایک ایک رخصت

مٹیں خوبیاں ساری نوبت بہ نوبت

رہا دین باقی نہ اسلام باقی

اک اسلام کا رہ گیا نام باقی

***

ملے کوئی ٹیلہ اگر ایسا اونچا

کہ آتی ہو واں سے نظر ساری دنیا

چڑھے اس پہ پھر اک خرد مند دانا

کہ قدرت کے دنگل کا دیکھے تماشا

تو قوموں میں فرق اس قدر پائے گا وہ

کہ عالم کو زیر و زبر پائے گا وہ

***