9%

مسدسِ (۲۳)

نہ سنی میں اور جعفری میں ہو الفت

نہ نعمانی و شافعی میں ہو ملت

وہابی سے صوفی کی کم ہو نہ نفرت

مقلد کرے نا مقلد پہ لعنت

رہے اہلِ قبلہ مین جنگ ایسی باہم

کہ دینِ خدا پر ہنسے سارا عالم

***

کرے کوئی اصلاح کا گر ارادہ

تو شیطان سے اس کو سمجھو زیادہ

جسے ایسے مفسد سے ہے استفادہ

رہِ حق سے ہے برطرف اس کا جدہ

شریعت کو کرتے ہیں برباد دونوں

ہیں مردود شاگرد و استاد دونوں

***

وہ دیں جس نے الفت کی بنیاد ڈالی

کیا طبعِ دوراں کو نفرت سے خالی

بنایا اجانب کو جس نے موالی

ہر اک قوم کے دل سی نفرت نکالی

عرب اور حبش ترک و تا جیک و ویلم

ہوئے سارے شیر و شکر مل کے باہم

***