10%

حضرت امام مہدی عجل اﷲ تعالی فرجہ الشریف

حضرت صاحب العصر والزمان(عج) کے بارے میں یہ بحث ایک مقدمہ اور چھ فصول پر مشتمل ہے مقدمہ تین مطالب پر مبنی ہے۔ آپ(عج) کے فضائل ، امام زمانہ علیہ السلام کی غیبت کا واقعہ خرق عادت ہے، آپ کے وجود مقدس کا ثبوت اور فصول میں سے پہلی فصل ولادت سے غیبت کبری تک، 2۔ غیبت کے فوائد۔ 3۔ طول عمر ظہور کیفیت۔ 4۔ آپ کی حکومت کا طریق کار۔ 5۔ ظہور کا انتظار اور انتظار کے معنی۔

مقدمہ

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمنِ الرَّحِيمِ

“ وَ الْعَصْرِ إِنَ‏ الْإِنْسانَ‏ لَفِي خُسْرٍ إِلَّا الَّذِينَ آمَنُوا وَ عَمِلُوا الصَّالِحاتِ‏ وَ تَواصَوْا بِالْحَقِ‏ وَ تَواصَوْا بِالصَّبْرِ”

اس مسئلے پر اختلاف ہے کہ پروردگار عالم نے “ والعصر” کے جملے سے کیا مراد لیا ہے۔ اور یہ عصر ( زمانہ) جس کی رب العالمین نے قسم کھائی ہے کون سا ہے؟ اور کیا ہے؟ بعض مفسرین کا کہنا ہے کہ اس سے مراد نماز عصر ہے۔ کیونکہ نماز کو اسلام میں ایک خاص مقام حاصل ہے اور خاص طور سے نماز عصر جو نماز وسطیٰ بھی کہلاتی ہے ۔ قرآن کریم میں اسے بہت زیادہ اہمیت دی گئی ہے۔ فخر الدین رازی اپنی تفسیر میں اسی مطلب کی تائید میں رسول اکرم صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم کی ایک حدیث بھی پیش کرتے ہیں۔

بعض دوسرے مفسرین کا کہنا ہے کہ اس سے مراد رسول اﷲ(ص) کا زمانہ ہے۔