پہلی فصل
اہل بیت کی عظمت قرآن کی روشنی میں
بہت ہی اختصار کے ساتھ اہل بیت کی شان میں کچھ آیات کریمہ کو اہل سنت کی معتبر تفاسیر سے نقل کرتاہوں،امید ہے کہ قارئین محترم مذکورہ آیات کے متعلق سنی مفسرین کی نظر اور کتب کی طرف مراجعہ کرکے آل محمد کی سیرت اور حقانیت کو پورے عالم میں پھیلانا اپنی ذمہ داری سمجھیںگے،تاکہ اس صدی کے لوگ زیادہ سے زیادہ ان کی حقانیت پر ایمان اور یقین پیدا کرسکیں۔
تفصیلی گفتگو نہ سہی،لیکن اپنی ذمہ داری ادا کرنے کی خاطر ایک اجمالی خاکہ اور تصور اہل بیت کے بارے میں آپ کی خدمت میں پیش کر رہا ہوں ۔
اہل بیت کے بارے میں اہل سنت کے مفسرین نے اپنی تفاسیر میں دو قسم کی آیات بیان کی ہیں:
۱)بعض آیات میں تمام اہل بیت کے فضائل و مناقب بیان ہوئے ہیں۔
۲)بعض آیات میں اہل بیت میں سے ہر ایک کی فضیلت کو الگ الگ بیان کیا گیا ہے۔لہٰذا ہم سب سے پہلے ان آیات کی طرف اشارہ کریں گے جن میں تمام اہل بیت و عترت کی فضیلت بیان ہوئی ہے: