امامين حسنين عليهما السلام ثقافتى اور فکر اسلامى - نيٹ ورک

کھانا پینا

0 ووٹ دیں 00.0 / 5

 کھانا پینا
۱- سوال: جیلاٹین کا کیا حکم ہے ،کیا اسے کہانے میں اشکال ہے ؟
جواب: اگر شک ہو کہ حیوان سے لیا گیا ہے یا نباتات کا ہے تو کھایا جا سکتا ہے اور تحقیق واجب نہیں ہے۔لیکن اگر معلوم ہو کہ حیوان سے لیا گیا ہے تو جب تک یقین نہ ہو کہ اس حیوان کو شرعی طریقہ سے ذبح کیا گیا تھا اس کا کھانا جائز نہیں ہے۔اور بنا بر احتیاط یہی حکم ہے کہ اگر جیلاٹین صرف ہڈیوں سے لیا گیا ہو۔
ہاں اگر اس بات کا علم ہو جائے کہ جیلاٹین کو کیمیاوی طریقہ سے بناتے وقت اسکے اصل مادہ کا استحالہ ہوگیا تھا تو اس صورت میں چاہے حیوانی ہو یا نباتی ، اسکا کھانا جائز ہوگا ۔ مگر ایسا استحالہ ہونا ثابت نہیں ہے۔
۲
سوال: کیا مور کا گوشت کھانا حلال ہے؟
جواب: ہاں، حلال ہے۔
۳
سوال: بازار میں بکنے والے سوسیس اور کالباس کی تحقیق کرنا ضروری ہے؟
جواب: مسلمانوں کے بازار میں بکنے والی اشیاء کی تحقیق کرنا ضروری نہیں ہے اور اسی طرح اگر کسی بیرونی ملک کا بنا ہوا ہو مگر اس بات کا احتمال ہو کہ امپورٹ کرنے والے نے تذکیہ کا خیال رکھا ہوگا تو بھی تحقیق کرنا ضروری نہیں ہے۔
۴
سوال: پانی میں ابلے اور پکے ہوئے خرمہ اور کشمش کھانے کا کیا حکم ہے؟
جواب: جایز ہے۔
۵
سوال: حلال گوشت حیوانات کی ہڈیاں کھانے کا کیا حکم ہے؟
جواب: جایز ہے۔
۶
سوال: صغیر کے گھر میں کھانا کھانے یا چائے پینے کا کیا حکم ہے؟
جواب: اگر ان کے سرپرست کی اجازت ہو تو کوئی حرج نہیں ہے اور اگر اجازت لینا دشوار ہو اور ان کے گھر جانے میں ان کا ہی فائدہ ہو تو کوئی حرج نہیں ہے اور اگر ان کا کوئی فائدہ و نقصان نہ ہو اور تصرف کے بدلے پیسا دے دے تو جایز ہے۔
۷
سوال: ان سرکاری دعوتوں میں شرکت کرنے کا کیا حکم ہے جن میں شراب پلائی جاتی ہے؟
جواب: شراب والی میز پر بیٹھ کر کھانا پینا حرام ہے بلکہ احتیاط واجب کی بناء پر اس پر بیٹھنا بھی جایز نہیں ہے۔
۸
سوال: گائے کے گوشت سے بناۓ ہوۓ پاوڈر کا استعمال کیسا ہے؟
جواب: جایز ہے۔
۹
سوال: بیرونی ممالک سے بھیجی جانے والی ٹافیاں، جن میں معمولی سی الکحل والی شکر ملی ہوتی ہے،(جس کی مقدار ایک گرام شکر ہوتی ہے) اس کے کھانے کا کیا حکم ہے؟
جواب: حرج نہیں ہے۔
۱۰
سوال: کچھ ممالک کے اسکولوں میں مچھلی کا گوشت تقسیم کیا جاتا ہے جسے وہ خود پکڑتے ہیں، پتہ نہیں وہ مچھلیاں چھلکے دار ہوتی ہیں یا نہیں تو ان کے کھانے کا کیا حکم ہے؟
جواب: کافروں سے لی گئیں ان مچھلیوں کا کھانا، جو مشکوک ہوں اور جن کے جایز و ناجایز ہونے کا علم نہ ہو، جایز نہیں ہے۔
۱۱
سوال: عیسائیوں کے بازار سے مچھلی خریدنے کا کیا حکم ہے؟ جب کہ ہمیں اس بات کا علم نہیں ہے کہ انہوں نے پانی سے زندہ پکڑی ہیں یا مردہ؟ اس بات کا احتمال زیادہ ہے کہ وہ پانی کے باہر مریں ہوں اس لیٔے کہ پانی کے اندر مرنے کا امکان بہت کم ہوتا ہے؟
جواب: اس صورت میں آپ اس سے استفادہ کر سکتے ہیں۔
۱۲
سوال: اکثر کیپسول پر لکھا ہوتا ہے کہ اس میں ژلاتین ملاہ ہوا ہے، اس بات کے مد نظر کہ ان میں سے اکثر بیرون ملک میں بنائی جاتی ہیں، ان کے کھانے کا کیا حکم ہے؟
جواب: اگر ان کے نجس ہونے کا یقین نہ ہو تو کوئی حرج نہیں ہے۔
۱۳
سوال: کسی خارجی رسٹورینٹ سے مچھلی یا تلا ہوا آلو کھانے کا کیا حکم ہے؟
جواب: اگر آلو کے نجس ہونے کا یقین نہ ہو تو اس کے کھانے میں کوئی حرج نہیں ہے، اسی طرح مچھلی اگر اس کے زندہ پانی سے پکڑنے اور چھلکے دار ہونے کا یقین ہو تو اس کا کھانا بھی جایز ہے۔
۱۴
سوال: اگر کوئی مسلمان مشکوک ہو کہ وہ تذکیہ شدہ گوشت کھاتا ہے یا نہیں تو اس کے گھر پر کھانا کھانے کا کیا حکم ہے؟
جواب: اس کے یہاں کھانا اور گوشت کھانے میں کوئی حرج نہیں ہے۔
۱۵
سوال: کیا طبی الکجل کھانا جایز ہے؟ اگر دوا کے طور پر نہ ہو اور اس سے مست بھی نہ ہو تو کیا حکم ہے؟
جواب: اگر اس کا زیادہ پینا مستی اور نشہ کا سبب ہو تو کم پینا بھی جایز نہیں ہے۔
۱۶
سوال: میں انگلستان میں پڑھتا ہوں، اس علاقہ میں کسی بھی حلال گوشت یا مسلمان قصابی کا وجود نہیں ہے تو کیا اس صورت میں،میں اپنی یونیورسٹی کے کینٹین کے مرغ اور گائے کے گوشت کھا سکتا ہوں؟
جواب: جایز نہیں ہے، آپ چھلکے دار مچھلی سے کام چلا سکتے ہیں۔
۱۷
سوال: عیسائی سے کھانا (آلو یا پکے ہوئے چاول) خریدنا حلال ہے یا حرام؟
جواب: حلال ہے۔
۱۸
سوال: بعض مٹھائیاں بنانے میں الکحلی مشروبات کا استعمال کیا جاتا ہے تو کیا وہ الکحل ان میں استحالہ کا حکم نہیں رکھتا؟ اور بعض سرخ کی جانے غذاوں میں انہیں سرخ کرنے کے لیے بھی شراب کا استعمال کیا جاتا ہے، ان کا کیا حکم ہے؟
جواب: ایسی مٹھائیوں اور غذاوں کا استعمال کرنا جایز نہیں ہے۔
۱۹
سوال: یہاں بہت سی کھانے پینے کی اشیاء میں حیوانی ژلاتین استعمال ہوتی ہے جو غیر تذکیہ شدہ حیوان سے حاصل کی جاتی ہے، کیا کھائی جانے والی ان اشیاء کا استعمال کرنا حرام ہے؟
جواب: اگر آپ کو یقین ہو کہ اس میں غیر تذکیہ شدہ حیوان کے اجزاء ملے ہیں تو اس کا کھانا جایز نہیں ہے۔
۲۰
سوال: ایران کے کارخانوں میں بننے والے ماء الشعیر (آپ جو) کا کیا حکم ہے کیا اس کا پینا جایز ہے؟
جواب: جایز ہے۔
۲۱
سوال: غیر اسلامی ممالک کی چاکلیٹ اور اس جیسی دوسری چیزیں کھانے کا کیا حکم ہے؟
جواب: اگر نجس ہونے کا یقین نہیں ہے تو حرج نہیں ہے۔
۲۲
سوال: میں ڈینمارک میں رہتا ہوں، یہاں میری پیتزا کی دکان ہے، ہمیں یہاں والوں کے لیے سور کا گوشت بنانا پڑتا ہے، شرعی لحاظ سے اس کا کیا حکم ہے؟
جواب: سور کا گوشت بیچنا حرام ہے اور احتیاط واجب کی بناء پر کھانے کے لیے سور کا گوشت پیش کرنا بھی جایز نہیں ہے، اگر چہ اس کو حلال سمجھنے والوں کو ہی پیش کرے۔
۲۳
سوال: غیر اسلامی ممالک میں پڑھنے والے اسٹوڈینس، جن کی یونیورسٹی میں تذکیہ شدہ گوشت نہیں ملتا ہے بلکہ شہروں میں بھی یا کمیاب ہوتا ہے یا نایاب، ان کے لیے گوشت کھانے کا کیا حکم ہے؟
جواب: ان کے لیٔے غیر تذکیہ شدہ گوشت کھانا جایز نہیں ہے۔
۲۴
سوال: میں ایک طالب علم ہوں اور غیر اسلامی ملک میں پڑھتا ہوں، میں یہ جاننا چاہتا ہوں کہ یہاں کے ذبح شدہ گوشت کھانے کا کیا حکم ہے جو یہاں کی دکانوں پر بکتے ہیں، کیا ان کا کھانا حلال ہے؟ بعض افراد کہتے ہیں کہ اہل کتاب کا کھانا حلال ہے کیا یہ صحیح ہے؟
جواب: اگر وہ گوشت کسی مسلمان سے خرید رہا ہو اور یہ اطمینان ہو کہ وہ تذکیہ شدہ گوشت ہے تو جایز ہے لیکن اگر اسلامی ذبح کے مطابق نہ ہو تو اس کا کھانا جایز نہیں ہے۔
۲۵
سوال: کفار کے ساتھ کھانا کھانے کا کیا حکم ہے؟
جواب: اگر کافر غیر کتابی ہو ہو اور اس کے ہاتھ یا بدن کی رطوبت کھانے کو چھو جائے تو وہ کھانا نجس ہو جائے گا اور کھانا کھانا حرام ہو جائے گا، اس کے علاوہ نجس نہیں ہے اور اگر رطوبت چھو جانے کے بعد پاک ہونے میں شک کریں یا کافر اہل کتاب ہو تو غذا طاہر ہے۔
۲۶
سوال: عیسائیوں کے ملک میں گوشت اور دوسرے کھانے کی اشیاء کھانے کا کیا حکم ہے؟
جواب: گوشت کا تذکیہ شدہ ہونا معلوم ہونا چاہیے۔
۲۷
سوال: مچھلی کھانے کا کیا حکم ہے؟
جواب: اگر مچھلی چھلکے دار ہو تو حلال ہے۔
۲۸
سوال: خرگوش کھانے کا کیا حکم ہے؟
جواب: حرام ہے۔
۲۹
سوال: شرابی غیر مسلمانوں کے ساتھ بیٹھنے کا کیا حکم ہے؟ اس بات کے پیش نظر کے ان کی دکانیں میری دکان کے ساتھ ہیں؟
جواب: ان کے ساتھ بیٹھنے میں حرج نہیں ہے، ہاں اگر ان کے دسترخوان پر شراب ہو تو ان کے ساتھ کھانا کھانا جایز نہیں ہے۔
۳۰
سوال: انگور کا مربہ کھانے کا کیا حکم ہے؟
جواب: حلال ہے۔
۳۱
سوال: کچے انڈے کھانے کا کیا حکم ہے؟
جواب: جایز ہے۔
۳۲
سوال: شتر مرغ کے انڈے کھانے کا کیا حکم ہے؟
جواب: جایز ہے۔
۳۳
سوال: دکانوں پر بکنے والے خیار شور پر لکھا ہوتا ہے کہ یہ الکحل کے سرکہ سے بنایا گیا ہے، اس کے خریدنے کا کیا حکم ہے؟
جواب: حرج نہیں ہے۔
۳۴
سوال: فرانس کے بعض بڑے سوپر مارکیٹ میں ایک حصہ حلال گوشت سے مخصوص ہے جو پیک ہوتا ہے اور جس پر مسجد کی تائیدیہ مھر ہوتی ہے، کیا اس سے استفادہ کیا جا سکتا ہے یا کسی مسلمان سے ہی خریدنا ضروری ہے؟
جواب: صرف لکھا ہوا ہونا کافی نہیں ہے اس پر اطمینان ہونا بھی ضروری ہے مگر یہ کہ بیچنے والا مسلمان ہو اور احتمال دے کہ اس نے گوشت کے تذکیہ شدہ ہونے کا اطمینان کیا ہوگا۔
۳۵
سوال: کیا حرام گوشت جانوروں جیسے سانپ اور شیر کا تیل نجس ہے؟
جواب: اگر حیوان خون جھندہ نہ رکھتا ہو یا تذکیہ شدہ ہو تو اس کا تیل پاک ہے اور اسے کھانے پینے کے علاوہ دوسرے کاموں میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔
۳۶
سوال: چاندی کے برتن میں کھانا کھانے کا کیا حکم ہے؟ اس میں پھل اور مٹھائی رکھنے کا کیا حکم ہے؟
جواب: سونے چاندی کے برتن کا کھانے پینے میں استعمال کرنا حرام ہے۔
۳۷
سوال: میں ڈینمارک میں رہتا ہوں، میری پیتزا کی دکان ہے، اس کے لیٔے مجھے سور کا گوشت پکانا پڑتا ہے، شرعی اعتبار سے اس کا کیا حکم ہے؟
جواب: سور کا گوشت بیچنا حرام ہے، اسے کھانے کے لیٔے کسی کے آگے پیش کرنا بھی احتیاط واجب کی بناء پر جایز نہیں ہے، اگر چہ وہ اسے حلال ہی کیوں نہ سمجھتے ہوں۔
۳۸
سوال: مٹھائی اور بعض دوسری کھانے والی چیزوں میں معمولی سا الکحل ملایا جاتا ہے جس سے کوئی نشہ نہیں ہوتا، کیا اسے استعمال کیا جا سکتا ہے؟
جواب: اگر دو فی صد یا اس سے کم ہو تو حرج نہیں ہے۔
۳۹
سوال: میں نے ایک دوا کا کپسول خریدا ہے اس میں ژلاتین ملا ہوا ہے، مجھے نہیں معلوم وہ ژلاتین طبیعی ہے یا مصنوعی، اس کو استعمال کرنے کا کیا حکم ہے؟
جواب: جایز ہے۔
۴۰
سوال: کافی پینے کا کیا حکم ہے؟
جواب: حلال ہے۔
۴۱
سوال: خون لگے ہوئے انڈے کھانے کا کیا حکم ہے؟
جواب: خون کو نکال دیں اور بقیہ کھا سکتے ہیں۔
۴۲
سوال: کیا زردی و سفیدی میں موجود خون سے انڈا نجس ہو جاتا ہے؟ اس کے کھانے کا کیا حکم ہے؟ کوئی راہ حل ہو تو لکھیں؟
جواب: انڈے کے اندر ہونے والا خون پاک ہے لیکن اس کا کھانا حرام ہے، راہ حل یہ ہے کہ خون والا حصہ الگ کر لیا جائے اور بقیہ استعمال کر لے۔ ہاں اگر خون اتنا کم ہو کہ اس میں مستھلک(اس طرح مل جاۓ کے نا پیدا ہو جاۓ) ہو گیا ہو تو اس صورت میں پورا انڈا حلال ہے۔
۴۳
سوال: کھانے پینے کے آداب کا ذکر فرمائیں؟
جواب: کھانا پینا شروع کرتے اور کھاتے وقت اللہ کا نام لینا چاہیٔے۔
کھانا داہنے ہاتھ سے کھانا چاہیٔے۔
چھوٹے لقمے بنانے چاہیٔے۔
دسترخوان پر دیر تک بیٹھنا چاہیٔے۔
کھانے کو خوب چبانا چاہیٔے۔
کھانے کے بعد اللہ کی حمد و ثنا کرنا چاہیٔے۔
پیٹ بھرے ہونے کی صورت میں کھانا نہیں کھانا چاہیٔے۔
سیر ہو جانے سے پہلے ہی ہاتھ روک لینا چاہیٔے۔
حد سے زیادہ نہیں کھانا چاہیے۔
کھاتے وقت دوسروں کی طرف نہیں دیکھنا چاہیٔے۔
دوسروں کے آگے سے کھانا نہیں اٹھانا چاہیٔے۔
کھانا شروع اور ختم کرتے وقت نمک کھانا چاہیٔے.
۴۴
سوال: کبھی کبھی ٹونا مچھلی کے ڈبہ پر مچھلی کے نام یا فوٹو بنے ہوتے ہیں، جس سے ہم یہ سمجھ جاتے ہیں کہ اس میں چھلکے دار مچھلی ہے کیا ان کے نام اور فوٹو پر اعتماد کیا جا سکتا ہے، اگر چہ اس طرح کی کمپبیوں کا جھوٹ بولنا انہیں بہت مہنگا پڑ سکتا ہے؟
جواب: اگر ڈبہ پر لکھے ہونے سے یقین حاصل ہو جاۓ تو اس کے مطابق عمل کر سکتے ہیں۔
۴۵
سوال: کیا کیکڑے کی مختلف اقسام کے گوشت کھائے جا سکتے، اس بات کے مد نظر کے وہ بھی میگو کی طرح ہوتے ہیں؟
جواب: کیکڑے کا گوشت کھانا جایز نہیں ہے۔
۴۶
سوال: کیا کسی سنی سے ایسی مچھلی خریدی جا سکتی ہے جس کے بارے میں معلوم نہیں کہ وہ چھلکے دار ہے یا نہیں؟
جواب: اس سے خریدنا جایز ہے لیکن اگر اس کا چھلکے دار ہونا ثابت نہ ہو سکے تو اس کا کھانا جایز نہیں ہے۔
۴۷
سوال: وہ حلال غذا جو حرام (تذکیہ نشدہ) گوشت کے پھاپ سے تیار کی گئی ہو، کیا اس کا کھانا جایز ہے؟
جواب: جایز نہیں ہے، اس کا کھانا نجس ہے، اس لیٔے کہ وہ حرام گوشت کے پانی اور بھاپ کے شامل ہو جانے سے نجس ہو چکا ہے۔
۴۸
سوال: ایسے آب جو کے پینے کا کیا حکم ہے جس کی بوتل پر لکھا ہو کہ اس میں الکحل نہیں ملا ہے؟
جواب: ایسا آب جو پینا جو نشہ اور مستی کا سبب ہو جایز نہیں ہے اگر چہ اس کا نشہ کم ہی کیوں نہ ہو لیکن اگر اس سے مراد ماء الشعیر ہو جس میں نشہ نہیں ہوتا تو اس کے پینے میں کوئی حرج نہیں ہے۔
۴۹
سوال: حرام مچھلیوں سے بنایا جانے والا تیل، کھانے میں ڈال کر کھانے کا کیا حکم ہے؟
جواب: اس کا کھانا جایز نہیں ہے، کھانے کے علاوہ دوسرے چیزوں میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔
۵۰
سوال: کیا مسلمان کسی ایسی مجلس میں شرکت کر سکتا ہے جس میں شراب پی جا رہی ہو؟
جواب: ایسی مجالس میں کھانا پینا حرام ہے اور احتیاط واجب کی بناء پر ان میں شرکت کرنا بھی حرام ہے، اگر نہی عن المنکر کر سکتا ہو تو اس قصد سے جانے میں کوئی حرج نہیں ہے۔
۵۱
سوال: کیا ہنس کا گوشت کھانا حلال ہے؟
جواب: ہاں حلال ہے۔

آپ کا تبصرہ شامل کریں

قارئین کے تبصرے

کوئی تبصرہ موجودنہیں ہے
*
*

امامين حسنين عليهما السلام ثقافتى اور فکر اسلامى - نيٹ ورک