امام صادق(ع) نے فرمایا اہل توحید
-
- شائع
-
- مؤلف:
- شیخ صدوق علیہ الرحمہ
- ذرائع:
- ماخوذ از کتاب: مجالس صدوق (ترجمہ امالی شیخ صدوق)
(۹) امام صادق(ع) نے فرمایا اہل توحید
۱۰ـ ابن عباس(رض) کہتے ہیں۔ رسول خدا(ص) نے فرمایا مجھے قسم ہے اس ذات کی جس نے مجھے مبعوث کیا اور میں خوشخبری سنانے والا ہوں خدا ہرگز توحید پرست کو عذابِ دوزخ نہیں دے گا اور بے شک اہل توحید شفاعت کریں گے اور ان کی شفاعت قبول کی جائے گی پھر آپ(ع) نے فرمایا خدا روز قیامت بدکاروں کے لیے دوزخ کا حکم صادر کرے گا تو وہ بندے کہیں گے خدایا ہمیں کیوں دوزخ کا عذاب دیا جارہا ہے جب کہ ہم نے دنیا میں تیری توحید کا اقرار کیا تھا۔ تو کیسے ہماری زبانیں جلاتا ہے جب کہ دنیا میں یہ تیری توحید کے لیے گویا ہوئی ہیں۔ تو کیسے ہمارے دلوں کو جلاتا ہے کہ ان میں تیرے سوا کسی کو جگہ نہیں ملی۔ ہمارے چہرے کس لیے جلائے جانے کا حکم دیا ہے کہ یہ تیرے سوا کسی کے لیے خاک پر نہیں رکھے گئے اور ہمارے ہاتھوں کو کیوں جلایا جارہا ہے کہ یہ تیری بارگاہ کے علاوہ کسی کے آگے نہیں اٹھے۔
خدا تعالیٰ ارشاد فرمائے گا اے میرے بندو یہ اس بدکاری کے عوض ہے جو تم دنیا میں کی ہے تمہاری سزا دوزخ ہے۔ وہ لوگ عرض کریں گے بارالہا تیرا عفو بڑا ہے یا ہمارے گناہ، خدا فرمائے گا میرا عفو پھر وہ لوگ کہیں گے تیری رحمت بڑی ہے یا ہمارے گناہ، تو خدا فرمائے گا میری رحمت، پھر کہیں گے تیری توحید کا اقرار بڑا ہے یا ہمارے گناہ، فرمائے گا تمہارا اقرار توحید بڑا ہے تو کہیں گے پھر تو اپنی رحمت واسعہ اور عفو سے ہمیں گھیرلے۔
خدا اپنے فرشتوں سے فرمائےگا، میرے ملائکہ میں اپنی عزت وجلال کی قسم کھاتا ہوں کہ میں نے کسی کو اہل توحید سے زیادہ محبوب خلق نہیں کیا ہے میرے سوا کوئی معبود نہیں ہے مجھ پر یہ حق ہے کہ میں انہیں آگ میں نہ جلاؤں تم انہیں بہشت میں لے جاؤ۔