امامين حسنين عليهما السلام ثقافتى اور فکر اسلامى - نيٹ ورک

اول وقت نماز پڑھنے کی کیا فضیلت ہے؟

0 ووٹ دیں 00.0 / 5

اول وقت نماز پڑھنے کی کیا فضیلت ہے؟

✍جواب: خداوند متعال قرآن میں ارشاد فرماتا ہے:
وَ أَقيمُوا الصَّلاةَ وَ آتُوا الزَّكاةَ وَ ارْكَعُوا مَعَ الرَّاكِعينَ  سوره بقره/ آيه 43
اور نماز قائم کرو اور زکواۃ اد ا کرو  اور (الله کے سامنے) جھکنے والوں کے ساتھ جھکا کرو۔

نماز اول وقت کی  چند فضیلتیں درج ذیل ہیں:

  پہلی فضیلت: محافظتِ نماز

حافِظُوا عَلَى الصَّلَواتِ وَ الصَّلاةِ الْوُسْطى‏ وَ قُومُوا لِلَّهِ قانِتينَ سوره بقره/ آيه 238
نمازوں کی محافظت کرو، خصوصا درمیانی نماز کی اور الله کے حضور مطیعانہ خضوع کے ساتھ کھڑے ہو جاؤ۔
 ✍ خصوصی محافظت کا حکم خود نماز کی ایک فضیلت ہے۔ اس آیہ میں خداوند متعال نماز کی تمام پہلوؤں سے محافظت  کا حکم دے رہاہے۔ کہ انہی میں سے ایک پہلو وقت کی رعایت ہے یعنی اول وقت میں نماز ادا کریں کیونکہ اول وقت میں ادا کرنے سے معلوم ہو گا کہ آپ نماز کو کتنی  اہمیت دیتے اور خدا سے کتنا عشق کرتے ہیں۔ اور دوسرا یہ کہ اول وقت میں نماز پڑھنے میں بہت سی حکمتیں اور اسرار پوشیدہ ہیں جیسے مثلا اول وقت نماز پڑھنے سے خصوصی الطافِ الہی شامل حال ہوتے ہیں جیسے مثلا معصوم کے بقول اس کی حاجات پوری ہوتی ہیں، بہشت اس کے لئے مباح ہوجاتی ہے، مرتے وقت آسانی ہوتی ہے و۔۔۔ (بحارالانوار، ج 82، ص 204 اور سفینۃ البحار، ج 2، ص 42)

دوسری فضیلت:  قربِ خدا

سابِقُوا إِلى‏ مَغْفِرَةٍ مِنْ رَبِّكُم‏ ۔۔۔۔ الحدید/ آیہ 21
ایک دوسرے پر سبقت لے جاؤ اپنے پروردگار کی مغفرت کی طرف۔۔۔
وَ السَّابِقُونَ السَّابِقُونَ (10) أُولئِكَ الْمُقَرَّبُونَ (11) ۔۔۔۔ واقعہ / آیہ 10 اور 11
اور سبقت لے جانے والے تو  آگے بڑھنے والے ہی ہیں۔ یہی مقرب لوگ ہیں۔
✍ اگر نماز ایسی عبادت ہوتی کہ انسان جس ٹائم مرضی پڑھ لے تو خدا کبھی بھی ایسی عبادات سے متعلق یہ تعبیرات استعمال نہ کرتا۔ یعنی انسان اول وقت میں نماز ادا کرنے کی جتنی جلدی کرتا ہے اور سبقت لینے کی کوشش کرتا ہے ، اتنا ہی زیادہ قربِ الہی کی منزلیں طے کرتے ہوئے مقربین میں سے ہوتا چلاجاتا ہے۔ پس اول وقت نماز ادا کرنے کی فضیلت قربِ نماز کی وجہ سے بھی ہے۔

تیسری فضیلت: نورانی برگشت

قال الباقر (ع): إِنَ‏ الصَّلَاةَ إِذَا ارْتَفَعَتْ‏ فِي أَوَّلِ وَقْتِهَا رَجَعَتْ إِلَى صَاحِبِهَا وَ هِيَ بَيْضَاءُ مُشْرِقَةٌ تَقُولُ حَفِظْتَنِي حَفِظَكَ اللَّهُ وَ إِذَا ارْتَفَعَتْ فِي غَيْرِ وَقْتِهَا بِغَيْرِ حُدُودِهَا رَجَعَتْ إِلَى صَاحِبِهَا وَ هِيَ سَوْدَاءُ مُظْلِمَةٌ تَقُولُ ضَيَّعْتَنِي ضَيَّعَكَ اللَّهُ.
حضرت امام باقر (ع) فرماتے ہیں کہ جب بھی  اول وقت کی نماز خدا کی طرف عروج کرتی ہےتو سفید اور نورانی حالت میں پڑھنے والے کی طرف لوٹتی ہے اور اسے خطاب کر کے کہتی ہے تو نے میری حفاظت کی خدا تیری حفاظت کرے۔ لیکن جب نماز اول وقت کے بعد اور بغیر شرائط کے پروردگار کی طرف عروج کرے تو پڑھنے والے کی طرف سیاہ اور تاریک حالت میں برگشت کرتی اور اسے مخاطب کر کے کہتی ہے تو نے مجھے ضائع اور تباہ کیا، خدا تجھے نابود کرے۔
 (وسائل الشيعه، ج 3، ص 78)

چوتھی فضیلت: شفاعتِ روزِ قیامت

لَا يَنَالُ‏ شَفَاعَتِي‏ مَنْ أَخَّرَ الصَّلَاةَ بَعْدَ وَقْتِهَا۔
پیغمبر اسلام (ص) فرماتے ہیں نماز کو اپنے وقت (یعنی اول وقت) سے تاخیر کرنے والے کو  روز قیامت میری شفاعت نصیب نہیں ہو گی (یعنی جو بھی اول وقت نماز پڑھے گا اسے شفاعت نبی مکرم اسلام  نصیب ہو گی)۔
(بحار الانوار، ج 83، ص 20)

️نتیجہ: 
اسی لئے معصوم فرماتےہیں: 
إنْ قُبِلَتْ‏ قُبِلَ‏ مَا سِوَاهَا و إنْ رُدَّتْ رُدَّ مَا سِوَاهَا
اگر نماز قبول ہوئی تو ساری عبادات قبول ہو جائیں گی لیکن اگر نماز ردّ ہو گئی تو سب عبادات ردّ ہو جائیں گی۔
(اصول کافی، ج 3، ص 268

 ❇ اول وقت نماز کے فوائد ❇

✍ طول حیات کا سبب ہے

✍ اول وقت نماز انسان کے چہرہ کے نورانی ہونے کا سبب ہے۔

✍اول وقت نماز انسانوں کے مال اور روزی کے زیادہ ہونے کا سبب ہے۔

✍ اول وقت نماز دعا کی قبولیت کا سبب ہے۔

✍ اول وقت نماز باعث ہوتی ہے کہ انسان دنیا سے پیاسا نہ جائے۔

✍ اول وقت نماز باعث ہوتی ہے کہ انسان کا دم آسانی سے نکلے۔

✍ اول وقت نماز منکر و نکیر کے سوالوں کی آسانی کا سبب ہے۔ 

✍اول وقت نماز انسان کو جنتی بناتی ہے 

✍ اول وقت نماز پیغمبر اسلام ص کی شفاعت کا باعث ہوتی ہے 

✍ اول وقت نماز باعث ہوتی ہے کہ انسان مقامات عالیہ پر دسترسی حاصل کرے-

( بحارالانوار- ج82)

❇ نماز کا ثواب بڑھائیں ❇

نماز میں کچھ اعمال ایسے ہیں ظاھر میں معمولی اور مختصر لگتے ہیں لیکن اُن کا ثواب کئی گنا زیادہ ہے. اُن میں سے آٹھ یہ ہیں۔۔۔

❶ اذان و اقامه کہنا:

اگر کوئی شخص نماز سے پہلے اذان اور اقامت کہے پھر نماز شروع کرے تو دو صفیں فرشتوں کی اُس کے پیچھے نماز پڑھیں گی.

❷ رکوع کو کامل پڑھنا:

جو شخص رکوع صحیح انجام دیتا ہے وحشت قبر سے محفوظ رہتا ہے.

❸ عقیق کی انگوٹھی پہننا:

عقیق کی انگوٹھی پہن کر دو رکعت نماز پڑھنا ھزار رکعت کے برار ثواب ملتا ہے.

❹ مسواک کرنا:

مسواک کر کے دو رکعت نماز پڑھنا ستر رکعت کے برابر ثواب ملتا ہے.

❺ سوره قدر پڑھنا:

نماز میں سورہ قدر پڑھنے سے انسان کے گناہ معاف ہو جاتے ہیں.

❻ کلی کرنا اور ناک میں پانی ڈالنا:

وضو کرتے وقت کلی کرنا اور ناک میں پانی ڈالنا گناہوں کی بخشش اور شیطان پر غلبہ حاصل کرنے کا باعث ہے.
❼ عطر لگانا:

عطر لگا کر ایک رکعت نماز پڑھنا ستر رکعت نماز پڑھنے کے برابر ہے.

❽ تسبیح پڑھنا:

 نماز کے بعد حضرت زهراءؑ کی ایک تسبیح پڑھنے کا ثواب ھزار رکعت نماز مستحبی پڑھنے سے افضل  ھے

آپ کا تبصرہ شامل کریں

قارئین کے تبصرے

کوئی تبصرہ موجودنہیں ہے
*
*

امامين حسنين عليهما السلام ثقافتى اور فکر اسلامى - نيٹ ورک