بسم الله الرحمن الرحیم
و صلی الله علی محمد و آله الطاهرین و لعنة الله علی اعدائهم اجمعین
و لکم فی رسول الله اسوة حسنة
مقدمہ:
بہترین اور کامل ترین طرز زندگی، باعث تخلیق کائنات ہستیوں کی پیروی میں مضمر ہے_ اور ان ہستیوں میں بھی رسول اکرم حضرت محمد مصطفیصلىاللهعليهوآلهوسلم کی سیرت طیبہ سب سے درخشان اور نمایاں ہے کہ پیروی کے لئے ان سے بہتر کوئی اور شخصیت ملی ہی نہیں سکتی_
یہ کتاب '' الصحیح من سیرة النبی الاعظم'' عظیم محقق ،حجت الاسلام والمسلمین علامہ سید جعفر مرتضی عاملی (ادام اللہ توفیقاتہ ) کی قیمتی ، گراں بہا، نہایت سودمند اور بے مثال کاوش ہے جس میں انہوں نے سیرت نبویصلىاللهعليهوآلهوسلم کے تقریباً تمام پہلوؤں پر گہری اور منصفانہ تحقیق کرکے رسولصلىاللهعليهوآلهوسلم کریم کی قابل فخر حیات طیبہ کے بہت سے پہلوؤں کو متعصبانہ، مغرضانہ اور ناپختہ سیرت نگاری کے گھٹا ٹوپ اندھیروں سے نکال کر منصفانہ تحقیق کے روشن افق پر لاکھڑا کیا اور حقیقت پسند علماء و محققین کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کرکے ان سے داد تحسین وصول کی ہے اور دنیائے اسلام کی علمی محافل کی بھی بھر پور توجہ حاصل کی ہے_