13%

پہلی فصل

اوّلین اسلامی حکومت کی تشکیل

۱۔ مدینہ کی طرف ہجرت

رسالت کی تحریک کی تکمیل اور نبوت کے خدائی اغراض و مقاصد کی تشکیل کے لئے ضروری تھا کہ معاشرہ کے افراد کی مدد کی جائے اور انہیں عقیدہ کے یقین مطلق سے سرشار کر دیا جائے تاکہ عقیدے کے سامنے وہ خودکو بھول جانے اور ہلاکتوں سے بچتے ہوئے ہمیشہ قربانی دینے کے لئے تیار رہیں ۔

ان افراد میں علی بن ابی طالب ایک فولادی انسان تھے کہ جن سے رسول(ص) نے فرمایا تھا: اے علی ! قریش نے میرے خلاف سازش کی ہے وہ مجھے قتل کرنا چاہتے ہیں اورمجھ پر میرے رب کی طرف سے وحی ہوئی ہے کہ میں ایک قوم کی طرف ہجرت کر جائوں، پس تم میرے بسترپر سوجائو اور میری سبز چادر اوڑھ لو تاکہ تمہارے سونے سے انہیں یہ نہ معلوم ہو کہ میں چلا گیا، بتائو تم کیا کہو گے اور کیا کروگے؟

حضرت علی نے فرمایا: اے اللہ کے رسول(ص) کیا میرے سوجانے سے آپ محفوظ رہیں گے؟

رسول(ص) نے فرمایا: ہاں جب اللہ کے رسول(ص) نے علی کو اپنے محفوظ و سلامت رہنے کی خبر دی تو علی خوش ہوئے، مسکرائے ،شکرِ خدا کرنے کے لئے سجدہ میں گئے اور پھر فرمایا: میری بصارت و سماعت اور دل آپ پر قربان جو آپ(ص) کو حکم دیا گیا ہے اسے کر گذریے ۔( ۱ )

____________________

۱۔ ملاحظہ فرمائیں احقاق الحق ج۳ ص ۳۳ تا ۴۵ تعلیقہ مرعشی نجفی، اس سے تاریخی حادثہ اور علما اہل سنت کے نزدیک حضرت علی کا موقف واضح ہو جائے گا نیز ملاحظہ ہو مسند امام احمد ج۱ ص ۳۳۱ طبع اولیٰ مصر، تفسیر طبری ج۹ ص ۱۴۰، طبع میمینہ مصر، مستدرک حاکم ج۳ ص ۴، طبع حیدر آباد دکن۔