6%

تیسری فصل

خاتم النبیین(ص) کے اوصاف

۱۔ امی عالم

خاتم النبیین کا یہ امتیاز تھا کہ آپ(ص) نے کسی بشر سے پڑھنا اور لکھنا نہیں سیکھا تھا( ۱ ) اور نہ کسی علمی ماحول میں نشو و نما پائی تھی بلکہ آپ(ص) نے جاہلیت والے ماحول میں پرورش پائی تھی، قرآن کی بیان کی ہوئی اس حقیقت کی کسی نے تردید نہیں کی ہے ۔( ۲ ) اس قوم کی طرف آپ رسول بنا کر بھیجے گئے تھے جو اپنی نری جاہلیت کے حوالہ سے مشہور اور علوم و معارف سے بہت دور تھی۔ اس زمانہ کو زمانۂ جاہلیت کا نام دیا گیاہے ۔ یقینا یہ نام اس عظیم الشان عالم نے دیا ہے جو علم و جہالت اور عقل و حماقت کی حقیقت سے کما حقہ با ٰخبر تھا۔

مزید بر آں وہ ایسی کتاب لائے تھے جو علم و ثقافت ، فکر و نظر کی دعوت دیتی ہے اور علوم و معارف کے بہت سے اقسام و اصناف پر مشتمل ہے ، آپ(ص) نے لوگوں کو نئے اسلوب سے کتاب و حکمت کی تعلیم دینا شروع کی( ۳ ) یہاں تک کہ ایک ایسی منفرد تہذیب کو وجود بخشا کہ جس نے اپنے علوم و معارف کے ذریعہ مشرق و مغرب کو متزلزل کر دیا اور اس کی ضو فشانی وتابناکی آج تک اسی طرح برقرار ہے۔

____________________

۱۔ نحل: ۱۰۳ ۔

۲۔عنکبوت: ۴۸۔

۳۔ جمعہ:۲۔