یہاں پر دوات و قلم کی حدیث پر صحیح استناد نہیں ہے‘ کیونکہ اس بات کی کوئی دلیل نہیں ملتی کہ آپ اپنے دست مبارک سے لکھنا چاہتے تھے‘ اگر یہ فرض کر لیا جائے کہ آپ مجمع کے درمیان لکھنا چاہتے تھے اور سب پر عیاں کرنا چاہتے تھے اور آپ گواہوں کے طور پر ان سے دستخط لینا چاہتے تھے‘ پھر یہ تعبیر کہ میں تمہارے لئے کچھ لکھنا چاہتا ہوں‘ تاکہ میرے بعد تم بھٹک نہ جاؤ درست ہے۔
آنحضور کے کاتبین
قدیم اسلامی مستند تواریخ کا مطالعہ کرنے سے یہ بات سامنے آتی ہے کہ مدینہ منورہ میں آنحضور کے کچھ معاونین موجود تھے۔ یہ معاونین خدا کی نازل کردہ وحی کے علاوہ آپ کے فرمودات‘ لوگوں کے عقائد‘ مذہبی معاملات‘ آپ کے عہد و پیمان‘ اہل کتاب‘ مشرکین کے نام آپ کے خطوط‘ پیغامات‘ دفتری معاملات‘ صدقات و جزیہ سے مربوط کتابچے‘ خمس و غنیمت سے مربوط کھاتے اور دیگر ضروری امور پر بہت سے خطوط جو آپ کی طرف سے قرب و جوار میں بھیجے گئے۔
اللہ تعالیٰ کی نازل کردہ وحی کے علاوہ آپ کے زبانی فرامین جو ضبط تحریر میں آ گئے تھے اور ابھی تک باقی ہیں‘ مزید برآں دور نبوت میں آپ نے جتنے بھی معاہدے اور خطوط جو وقتاً فوقتاً لکھوائے وہ بھی تاریخ کے اوراق پر ثبت ہیں۔
محمد بن سعد اپنی کتاب الطبقات الکبیر‘ ج ۲‘ ص ۱۰ تا ۳۸ میں آپ کے ۱۰۰ کے قریب خطوط کا حوالہ اپنے مضامین میں دیتا ہے۔ ان میں سے دعوت اسلام پر مشتمل کچھ خطوط دنیا کے مختلف بادشاہوں‘ حکمرانوں‘ قبائل کے سرداروں‘ دیگر سرکردہ افراد‘ رومی‘ ایرانی‘ خلیج فارس کے عمال اور دیگر اہم شخصیات کو تحریر کئے گئے ہیں‘ ان میں سے کچھ سرکلر‘ فرامین اور بعض دیگر معاملات کے بارے میں ہیں جو اسلام کے فقہی مدارک کے اسناد سمجھے جاتے ہیں۔ زیادہ تر خطوط کا علم ہے کہ وہ کسی کے ہاتھ کے لکھے ہوئے ہیں‘ کاتب نے خط کے مضمون کے آخر میں اپنا نام ثبت کیا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ کاتب کا نام خط کے آخر میں ثبت کئے جانے کی روایت پہلی بار ابی بن کعب جو معروف صحابی رسول ہیں‘ کے ذریعے رائج ہوئی۔