شیعہ مکتب فکر کی بعض روایات سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ آپ عہد رسالت میں پڑھنا‘ لکھنا جانتے تھے‘ تاہم اس سلسلے میں شیعہ روایات میں بھی اتفاق رائے نہیں پایا جاتا۔ مجموعی طور پر ان تمام دلائل اور قرائن کو سامنے رکھتے ہوئے یہی نتیجہ اخذ کیا جا سکتا ہے کہ آپ نے عہد رسالت میں نہ پڑھا اور نہ لکھا۔
عہد رسالت سے پہلے دور کے بارے میں غور و خوض کرنے کے لئے یہ ضروری ہے کہ پڑھنے‘لکھنے کے لحاظ سے جزیرئہ عرب کے اس دور کے عام حالات کا جائزہ لیں۔
کتب تواریخ کے مطالعے سے اس ضمن میں یہ پتہ چلتا ہے کہ ظہور اسلام کے ساتھ ساتھ جزیرئہ عرب میں پڑھنے‘ لکھنے والے افراد کی تعداد انتہائی محدود تھی۔
حجاز میں رسم الخط کا رائج ہونا
بلاذری اپنی کتاب ”فتوح البلدان“ میں حجاز کے عرب باشندوں میں رسم الخط کے رائج ہونے کے بارے میں رقمطرز ہے کہ
”پہلی مرتبہ ”طی“ کے قبیلے کے تین افراد نے(جو شام کے نواح میں تھے) عربی رسم الخط کی ترویج کی‘ اسے متعارف کرایا اور عربی حروف تہجی کو سریانی حروف تہجی سے موازنہ کیا۔ ازاں بعد انبار کے کچھ لوگوں نے ان تین افراد سے یہ رسم الخط سیکھا‘ بعد میں حیرہ کے لوگوں نے انبار کے ان تین افراد سے اس رسم الخط کی تعلیم حاصل کی‘ پھر بشر بن عبدالملک جو ”دومة الجندل“ کے عیسائی مسلک امیر اکیور بن عبدالملک کا بھائی تھا‘ ”حیرہ“ میں آمد و رفت کے دوران ”حیرہ“ کے لوگوں سے اس رسم الخط کی تعلیم حاصل کی۔