امامين حسنين عليهما السلام ثقافتى اور فکر اسلامى - نيٹ ورک

نماز جماعت کے مستحبات اور مکروہات

0 ووٹ دیں 00.0 / 5

امام جماعت کے شرائط سے متعلق بعض دوسرے احکام
مسئلہ 1772: اگر ماموم اس بات کا یقین رکھتے ہوئے کہ امام امامت(جماعت) کے شرائط رکھتا ہے اس کی اقتدا کرے اور نماز کے بعد متوجہ ہو کہ شرائط نہیں رکھتا تھا جیسے کہ امام عادل نہیں تھا یا شیعہ نہیں تھا یا کافر تھا یا کسی وجہ سے اس کی نماز باطل تھی مثلاً بھول كر بغیر وضو نماز پڑھی ہو، ماموم کی نماز صحیح ہے اور جماعت شمار ہوگی۔

مسئلہ 1773: اگر امام ایسی بیماری رکھتا ہو کہ پیشاب اور پاخانہ باہر آنے سے روک نہ سکتا ہوتو اس کی اقتدا کی جا سکتی ہے اور وہ عورت جو مستحاضہ نہیں ہے ایسی مستحاضہ عورت کی جو استحاضہ کے وظائف پر عمل کر رہی ہے اقتدا کر سکتی ہے۔

مسئلہ 1774: بہتر ہے کہ جو شخص جذام یا برص کا مریض ہو امام جماعت نہ بنے۔

نماز جماعت کے مستحبات اور مکروہات
مسئلہ 1775: مستحب ہے امام جماعت صف کے درمیان کھڑا ہو اور اہل علم و کمال اور متقی افراد پہلی صف میں کھڑے ہوں۔

مسئلہ 1776: مستحب ہے جماعت کی صفیں منظم ہوں اور ان لوگوں کے درمیان جو ایک صف میں کھڑے ہیں فاصلہ نہ ہو اور ان کے شانے ایک دوسرے سے ملے ہوئے ہوں۔

مسئلہ 1777: مستحب ہے "قد قامت الصلاۃ" کہتے وقت مامومین کھڑے ہوں اور جماعت کے لیے آمادہ ہو جائیں۔

مسئلہ 1778: مستحب ہے امام جماعت اس ماموم کی حالت کی رعایت کرے جو دوسروں سے کمزور ہے اور قنوت و رکوع اور سجود کو طول نہ دے مگر یہ کہ جانتا ہو کہ تمام مامومین طول دینے کی طرف مائل ہیں۔

مسئلہ 1779: مستحب ہے امام جماعت حمد و سورہ اور جن اذکار کو بلند آواز سے پڑھ رہا ہے اپنی آواز کو اتنی مقدار میں بلند کرے کہ دوسرے سن سکیں لیکن حد سے زیادہ آواز کو بلند نہ کرے۔

مسئلہ 1780: اگر امام رکوع میں متوجہ ہو کہ کوئی شخص ابھی پہونچا ہے اور اقتدا کرنا چاہتا ہے تو مستحب ہے کہ رکوع کو ہمیشہ سے دو برابر طول دے اور پھر کھڑا ہو جائے گرچہ متوجہ ہو کہ کوئی دوسرا شخص بھی اقتدا کے لیے وارد ہوا ہے۔

مسئلہ 1781: اگر جماعت کی صفوں میں جگہ ہو تو مکروہ ہے کہ انسان تنہا کھڑا ہو ۔

مسئلہ 1782: ماموم کے لیے مکروہ ہے کہ اذکار نماز کو خواہ واجب ہو یا مستحب اس طرح پڑھے کہ امام جماعت سنے۔

مسئلہ 1783: وہ مسافر جو نماز ظہر و عصر اور عشا کو دو رکعت پڑھتا ہے مکروہ ہے ان نمازوں میں ایسے شخص کی اقتدا کرے جو مسافر نہیں ہے اور جو شخص مسافر نہیں ہے مکروہ ہے ان نمازوں میں مسافر کی اقتدا کرے۔

آپ کا تبصرہ شامل کریں

قارئین کے تبصرے

کوئی تبصرہ موجودنہیں ہے
*
*

امامين حسنين عليهما السلام ثقافتى اور فکر اسلامى - نيٹ ورک