وحی کی حقیقت اور اہمیت

وحی کی حقیقت اور اہمیت0%

وحی کی حقیقت اور اہمیت مؤلف:
زمرہ جات: علوم قرآن
صفحے: 15

وحی کی حقیقت اور اہمیت

یہ کتاب برقی شکل میں نشرہوئی ہے اور شبکہ الامامین الحسنین (علیہما السلام) کے گروہ علمی کی نگرانی میں اس کی فنی طورپرتصحیح اور تنظیم ہوئی ہے

مؤلف: سید حسنین عباس گردیزی
زمرہ جات: صفحے: 15
مشاہدے: 9443
ڈاؤنلوڈ: 4341

تبصرے:

کتاب کے اندر تلاش کریں
  • ابتداء
  • پچھلا
  • 15 /
  • اگلا
  • آخر
  •  
  • ڈاؤنلوڈ HTML
  • ڈاؤنلوڈ Word
  • ڈاؤنلوڈ PDF
  • مشاہدے: 9443 / ڈاؤنلوڈ: 4341
سائز سائز سائز
وحی کی حقیقت اور اہمیت

وحی کی حقیقت اور اہمیت

مؤلف:
اردو

یہ کتاب برقی شکل میں نشرہوئی ہے اور شبکہ الامامین الحسنین (علیہما السلام) کے گروہ علمی کی نگرانی میں اس کی فنی طورپرتصحیح اور تنظیم ہوئی ہے

۱

وحی کی حقیقت اور اہمیت

اسلامی اور استشراقی افکار کا تحقیقی مطالعہ

تحریر:

سید حسنین عباس گردیزی

۲

وحی کا اصطلاحی مفہوم:

لغت میں لفظ ” وحی“ مختلف معانی میں استعمال ہوا ہے ان معانی کے درمیان قدر جامع اور قدر مشترک ” مخفی تفہیم اور القاء“ ہے۔

۱ دور جاہلیت کے شعراء اس لفظ کو کتابت ‘ اشارے اور مکتوب کے معانی میں بروئے کار لائے ہیں۔

۲ دین اسلام میں یہ لفظ ایک خاص معنی میں اس درجہ کثرت سے استعمال ہوا کہ منقول شرعی بن گیا اور شرعی نوعیت اختیار کر گیااس کے بعد جب بھی یہ لفظ کسی نبی یا پیغمبر کے حوالے سے ذکر ہوا تو اس سے یہی خاص معنی مراد لیا گیا جسے وحی کا اصطلاحی معنی کہا جاتا ہے۔

لہذا اسلامی متون میں جب یہ لفظ بطور مطلق اور بغیر قرینے کے استعمال ہوتا ہے تو اس سے یہی اصطلاحی خاص معنی خاص مراد ہیں البتہ قرینے کی موجودگی میں دیگر معانی مراد لیے جاسکتے ہیں۔

____________________

۱ اس تحریر کی گذشتہ قسط کی بحث کا یہی نتیجہ نکلا تھا۔

۲ العجاج نے اوحی” کو اشارے کے معنی میں استعمال کیا ہے:

” فاوحت الینا و الانامل رسلهار و شدها بالراسیات الثبت

العجاج نے اسی لفظ کو کتابت کے معنی میں اپنے اس شعر میں ذکر کیا ہے:

حتی نحاهم جدنا و الناحی

لقدر کان وحاه الواحی

(دیوان عجاج،ص ۴۳۹)

لبید نے مکتوب کے معنی میں بیان کیا ہے:

وفمدا فع الریان عری رسمها

خلقا کما ضمن الوحی سلا مها

۳

چوتھی صدی ہجری کے اسلامی متکلم شیخ مفید نے بیان کیا ہے:

”واذا اُضیفَ (الوحی) الی الله تعالیٰ کان فیما یخص به الرسل خاصةً دون من سواهم علی عُرْفِ الاِسْلٰام و شریعة البنی“(۳)

جب وحی کا لفظ اللہ تعالیٰ کے ساتھ آئے تو اس سے مراد شریعت نبی اور اسلام کے عرف میں انبیاء کے ساتھ مخصوص وحی ہے دیگر معانی ہرگز مراد نہیں ہیں۔

تفسیر المنار کے مولف نے مذکورہ مطلب کو یوں بیان کیا:

للوحی معنی عام یطلق علی عدة صور من الاعلام الخفی الخاص الموافق لوضع اللغة وله معنی خاص هو احد الاقسام الثلاثة للتکلیم الالهی وغیرهذه الثلاثة من الوحی العام لایعدمن کلام الله تعالیٰ التشریعی (۴)

وحی کا عام معنی کا اطلاق مخفی طور پر آگاہ کرنے کی مختلف صورتوں پر ہوتا ہے اوراس کا ایک خاص معنی ہے جس کا اطلاق اللہ تعالیٰ کے تشریعی کلام کے سوا کسی اور معنی پر نہیں ہوتا۔

عصر حاضر کے مفسر علامہ طباطبائی لکھتے ہیں:

وقد قرر الادب الدینی فی الاسلام ان لایطلق الوحی غیر ماعند الانبیاء والرسل من التکلیم الالهی (۵)

اسلام میں ادب دینی کا تقاضاہے کہ خدا اور انبیاء کے درمیان گفتگو کے علاوہ کسی اور چیز پر وحی کا اطلاق نہ کیا جائے۔

ڈاکٹر حسن ضیاء الدین عتر، وحی کے اصطلاحی معنی کے بارے میں لکھتے ہیں:

”اقول ومن هنا نلحظ ان معنی الوحی فی الشرع اخص منه فی اللغة من جهة مصدره وهو الله تعالیٰ و من جهة الموحی الیه و هم الرسل“ (۶)

___________________

۳ مفیدمحمد بن نعمان الشیخ المفید( ۵) تصحیح الاعتقاد،المؤتمر العالمی لالفیة الشیخ المفید، ۱۴۱۳ ھص ۱۲۰

۴ رشید رضا:تفسیر المنار:ج ۱۱ ص ۱۷۹

۵ طباطبائی محمد حسین:المیزان فی تفسیر القرآن:ج ۱۲ ص ۳۱۲

۶ ضیاالدین عترحسن ڈاکٹر:وحی اللہ،دعوة الحق مکہ مکرمہ رجب ۱۴۰۴ ہجریص ۵۲

۴

ہم کہتے ہیں کہ اسی وجہ سے ہم ملاحظہ کر سکتے ہیں کہ وحی کا شرعی معنی اپنے مصدر یعنی اللہ تعالیٰ اور جن کی طرف یہ وحی کی جاتی ہے یعنی رسولوں کے لحاظ سے اپنے لغوی معنی سے اخص ہے۔

مولانا تقی عثمانی کہتے ہیں:

لفظ’ ’وحی“ اپنے اصطلاحی معنی میں اتنا مشہور ہو چکا ہے کہ اب اس کا استعمال پیغمبر کے سوا کسی اور کے لیے درست نہیں ہے(۷)

رائج لطفی نے بیان کیاہے:

کذلک یذکر اللغویون لکلمة الوحی معانی کثیرة ثم غلب استعمال الوحی علی مایلقی الی الانبیاء من عندالله (۸)

اس طرح اہل لغت نے لفظ وحی کے بہت سے معنی ذکر کیے ہیں پھراس کااستعمال ”اللہ تعالیٰ کی طرف سے انبیاء پر القاء کیے جانے والے کلام کے لیے غالب ہو گیا۔

معاصر محقق محمد باقر سعید ی وحی کے خاص معنی کے بارے میں لکھتے ہیں:

درنتیجہ واژہ وحی درحوزہ اصطلاح علم کلام و بلکہ فلسفہ دین در قلمر و ادیان توحیدی‘اخص از مفہوم لغوی آن است(۹)

نتیجے کے طور پر علم کلام بلکہ ادیان توحیدی کے افق پر فلسفہ دین میں وحی کا مفہوم اس کے لغوی معنی سے اخص ہے۔ اسی مطلب کو اردو دائرة المعارف اور سعید اکبر آبادی نے ذکرکیا ہے :

وحی کا استعمال اس معنی خاص میں اس کثرت سے ہوا ہے کہ منقول شرعی بن گیا ہے۔(۱۰)

یہ لفظ اس معنی خاص میں اس درجہ کثرت سے استعمال ہوا ہے کہ یہ ایک شرعی نوعیت اختیار کر گیاہے۔(۱۱)

____________________

۷ عثمانی محمدتقی:علوم القرآن،مکتبہ دارالعلوم کراچی ۱۴۰۸ ھ،ص ۲۹

۸ جمعہ رائج لطفی:القرآن والمستشرقون،قاہرہ ۱۳۹۳ ھ

۹ سعیدی روشن محمدباقر:تحلیل وحی ازدیدگاہ اسلام و مسیحیت“،موسسہ فرہنگی اندیشہ ۱۳۷۵ ھ شص ۱۷

۱۰ اکبر آبادی سعید احمد:وحی الہی،مکتبہ عالیہ لاہورص ۲۵

۱۱ اردو دائرةالمعارف الاسلامیہ:دانشگاہ پنجابلاہورج ۱۶ ص ۳۲۱

۵

اسلامی مفکرین کے علاوہ مستشرقین نے بھی وحی کے خصوصی معنی کو بیان کیا ہے:

رچرڈبل مقدمہ قرآن میں لکھتے ہیں:

The verb "awha"and the noun "wahy" have become the technical terms inmoslem theology-(۱۲ )

یعنی فعل ” اوحی“ اور مصدر ”وحی “ اسلام کے اندر اصطلاحی مفہوم میں استعمال ہوتا ہے-

منٹگمری واٹ کہتے ہیں:

The verb here translated "reveal"is"awha"which in much of the Quran is a technical expression for this experience of Mohammad-(۳۱ )

اس کے مطابق فعل ” اوحی “ اصطلاحی مفہوم میں استعمال ہوا ہے بالخصوص قرآن میں یہ لفظ ”وحی محمدی “کے لیے زیادہ آیا ہے وحی کا یہ خاص او ر اصطلاحی مفہوم کیا ہے؟ اس بارے میں علوم اسلامی کے ماہرین نے جو تعاریف کی ہیں ان کی رو سے وحی کے مفہوم کے لیے تین تعبیریں بیان کی گئی ہیں۔

____________________

۱۲ Bell,Richard: Introduction to the Quran;p-۳۲Edinburg ۱۹۵۳ -

۱۳ Watt,W.Montgomery: Islamic Revelation in the Modern World; p-۱۳ Edinburg ۱۹۶۹ -

۶

۱ کلام الہی :

صحیح بخاری کے شارحین بدر الدین عینی اور کرمانی نے بیان کیا ہے:

واما بحسب اصلطاح المتشرعة: فهو کلام الله المنزل علی نبی من انبیائه (۱۴)

شریعت کی اصطلاح میں وحی اللہ کا وہی کلام ہے جو اس کے انبیاء میں سے کسی پر نازل ہوا ہو۔

راغب اصفہانی کا قول ہے:

ویقال للکلمة الالهیة التی تلقی الی انبیائه (۱۵)

وحی کے معنوں میں سے ایک وہ کلام الہی ہے جو اس کے انبیاء کی طرف القاء کیا گیا ہے۔

تفسیر المنار کے مولف نے وحی کے خاص معنی بیان کرتے ہوئے کہا ہے:

وله (الوحی) معنی خاص هواحد الاقسام الثلاثة للتکلیم الالهی

وغیر هذه الثلاثة من الوحی العام لایعد من کلام الله تعالیٰ التشریحی (۱۶)

اس میں انہوں نے وحی کا خاص معنی کلام الہی بیان کیا ہے البتہ تشریعی ہونے کی قید لگائی ہے۔

ڈاکٹر حسن ضیاء نے بھی اصطلاحی مفہوم کی اسی تعبیر کاذکر کیا ہے:

وزبدة القول ان الوحی شرعاً القاء الله کلام اوالمعنی فی نفس الرسول بخفاء وسرعة (۱۷)

___________________

۱۴ عینی بدرالدین ابی محمد محمود بن احمد(م ۸۵۵) عمدةالقاری لشرح صحیح البخاری،ج ۱ ص ۱۸ کرمانی صحیح البخاری بشرح الکرمانی ،موسسہ المطبوعات الاسلامیہ قاہرہ،الجزالاول :ص ۱۴

۱۵ راغب اصفہانی:” معجم المفردات الفاظ القرآن“ص ۵۱۵

۱۶ تفسیر المنارج،ج ۱۱،۱۷۹

۱۷ وحی اللہ،ص ۵۲

۷

اس میں انہوں نے اصطلاحی معنی میں تھوڑی سی وسعت پیدا کرتے ہوئے کلام الہی کے علاوہ القاء مفہوم اور معنی کو بھی وحی کا شرعی معنی بتایا ہے:

عصر حاضر کے علماء میں تقی عثمانی اور ذوقی نے اصطلاحی مفہوم کو بالترتیب یوں بیان کیا ہے:

”کلام الله المنزل علی نبی من انبیائه “

”اللہ تعالیٰ کا وہ کلام جو اس کے کسی نبی پر نازل ہو“(۱۸)

” وحی کلام الہی ہے جو عالم غیب سے عالم شہادت کی جانب بذریعہ ایک مقرب فرشتہ کے جنہیں جبرئیل کہتے ہیں رسولوں کے پاس پہنچایا جاتا ہے۔ “(۱۹)

۲ علم و آگاہی اور اس کی تعلیم:

مصر کے معروف مفکر محمد عبدہ وحی کے اصطلاحی مفہوم کو بیان کرتے ہوئے لکھتے ہیں:

”وقدعرَ فوه شرعاَ‘ انه اعلام الله تعالیٰ لنبی من انبیائه بحکم شرعی و نحوه (۲۰)

شرعی لحاظ سے وحی کی تعریف یوں کی گئی کہ اللہ تعالیٰ کا اپنے انبیاء میں سے کسی کو حکم شرعی اور اس طرح کے دیگر احکام سے آگاہ کرنا وحی کہلاتا ہے۔

____________________

۱۸ علوم القرآن،ص ۲۹

۱۹ شاہ ذوقی مولانا:القاء الہام اور وحی،اقبال اکیڈیمیلاہورص ۱۳

۲۰ عبدہ محمد: رسالة التوحید،مصر ۱۳۸۵ ،ص ۱۱۱

۸

علوم قرآن کے ماہر محمد عظیم زرقانی نے وحی کی نہایت جامع تعریف کی ہے۔

علم و ہدایت بلکہ ہر قسم کی آگاہی جو اللہ تعالیٰ اپنے برگزیدہ بندوں کو دینا چاہے شریعت میں اسے وحی کہتے ہیں لیکن یہ سب کچھ خارق العادت اور مخفی ذریعے سے ہوتا ہے۔(۲۱)

المنار کے موئف بھی وحی کو ” انبیاء سے مخصوص علم“ سے تعبیر کرتے ہیں وہ کہتے ہیں۔

انبیاء کی جانب وحی الہی انبیاء سے مخصوص علم ہے جو تلاش و کو شش اور کسی غیر کی تعلیم کے بغیر انبیاء کو حاصل ہوتا ہے بلکہ اس علم میں انبیاء کے تفکر اور سوچ و بچار کا بھی کوئی عمل دخل نہیں ہوتا۔(۲۲)

ایک اور مصری دانشور رائج لطفی اپنے رائے بیان کرتے ہیں:

علی الاصطلاح الشرعی اعلام الله تعالیٰ انبیائه اما بکتاب اوبر سالةِ ملکٍ فی منام او الهام“ (۲۳)

” اللہ تعالیٰ کا اپنے انبیاء کو آگاہ کرنا وحی کہلاتا ہے اس کے مختلف ذرائع ہیں مکتوب شکل میں‘فرشتے کے ذریعے خواب میں یا دل میں بات ڈالنے سے“

برصغیر کے عالم اسلم جیراجپوری بھی وحی کو علوم الہیہ کا نام دیتے ہیں:

اصطلاح شرع میں وحی ان علوم الہیہ کا نام ہے جو ملاء اعلیٰ سے نبی کے دل پر القاء کیے جاتے ہیں(۲۴)

____________________

۲۱ زرقانی محمد عظیم:مناھل العرفان فی العلوم القرآن،داراحیاء التراث العربی،بیروت،ص ۵۶

۲۲ تفسیر المنار، ج ۱ ص ۲۳۰

۲۳ القرآن والمستشر قون، ص قاہرہ ۱۳۹۳ ھ

۲۴ جیرا جپوری اسلم:تاریخ القرآن ،آواز اشاعت گھر،لاہور ص ۱۲

۹

غلام احمد پرویز کے بقول وحی کااصطلاحی مفہوم علم الہی ہے:وہ لکھتے ہیں:

” وحی کے اصطلاحی معنی ہیں وہ علم جسے خدا ایک برگزیدہ فرد کو براہ راست اپنی طرف سے دیتا ہے قرآنی اصطلاح کی رو سے وحی کے معنی ہیں” خداکی طرف سے براہ راست ملنے والا علم“(۲۵)

انہوں نے اصطلاحی معنی کو بہت ہی محدود کر دیاہے ان کی نظر میں فقط وہی علم وحی ہے جو اللہ تعالیٰ کی طرف سے براہ راست دیا جائے اس سے فرشتے کے ذریعے سے ملنے والی آگاہی وحی کے زمرے سے خارج ہو جاتی ہے کہ باقی آراء کے خلاف بات ہےکیونکہ اکثر محققین نے وحی کے تینوں ذرائع جو سورہ شوریٰ کی آیت ۵۱ میں بیان ہوئے ہیں‘ کو اصطلاحی معنی میں وحی کا نام دیاہے۔

برصغیر کے ایک اور دانشور نے وحی کو علم الہی کا نام دیا ہے وہ کہتے ہیں:

” شریعت اسلام کی اصطلاح میں وحی خاص اس ذریعہ غیبی کا نام ہے جس کے ذریعہ غوروفکر کسب و نظر اور تجربہ و استدلال کے بغیر خاص اللہ تعالیٰ کی طرف سے اس کے فضل و لطف خاص سے کسی نبی کو کوئی علم حاصل ہوتا ہے۔ “(۲۶)

ایران کے معاصر محقق ڈاکٹر صالحی کرمانی لکھتے ہیں:

تعلیمی کہ خدا ونداز راھہای کہ بربشر پنہاں است و بطور سریع یعنی برکنار از مقدمات و روش آگاہی ھای بشری بہ پیا مبرمی دھد“(۲۷)

____________________

۲۵ پرویز غلام احمد:ختم نبوت اور تحریک احمدیت طلوع اسلام ٹرسٹلاہور ۱۹۹۶ ءص ۲۴

۲۶ وحی الہی ،ص ۲۵

۲۷ صالحی کرمانی،محمد رضا ڈاکٹر:درآمدی برعلوم قرآنی،انتشارات جہاد دانشگاہی دانشگاہ تہران، ۱۳۶۹ ھ،شص ۲۵۲

۱۰

ان کے بقول وحی وہ تعلیم ہے جو اللہ تعالیٰ مخفی ذریعے سے تیزی کے ساتھ اپنے پیغمبر کو دیتا ہے یہ تعلیم دیگر انسانی ذرائع تعلیم سے یکسر مختلف ہوتی ہے۔

ایران کے ایک اور محقق سعیدی روشن بیان کرتے ہیں:

”بنا بر این معنای اصطلاحی وحی در علم کلام عبارت است:

از تفہیم یک سلسلہ حقائق و معارف از طرف خدا وندبہ انسا نہای بر گذیدہ پیا مبران برای ہدایت مردم‘ از راہ ھای دیگری غیراز راھہای عمومی و شناخة شدہ معرفت ہمچون حس و تجربہ وعقل و حدس و شہود عرفانی ‘ تااینکہ آنہاپس از دریافت ‘آن معارف ربہ مردم ابلاغ کنند“(۲۸)

ان کی تحقیق کے مطابق اللہ تعالیٰ کی جانب سے اپنے انبیاء کو لوگوں کی ہدایت کے لیے حقائق اور علوم کی تفہیم کا نام ہے یہ تفہیم اور تعلیم جانے پہچانے انسانی ذرائع علم (جیسے حواس خمسہ، تجربہ، عقل، گمان، عرفانی مشاہدات،) سے ماوراء ذریعے سے ہوتی ہے اور ان حقائق اور معارف کو لوگوں تک پہنچانا مقصود ہے۔

پاکستان کے محقق شمس الحق افغانی وحی کا اصطلاحی مفہوم یہ ذکر کرتے ہیں:

” وحی کا شرعی معنی الاعلام بالشرع ‘یعنی صرف شرعی احکام بتلانے کا نام وحی ہے“(۲۹) یہ وحی انبیاء علیہم الاسلام سے مختص ہے“(۳۰)

____________________

۲۸ تحلیل وحی ازدیدگاہ اسلام و مسیحیت،ص ۱۷۱۸

۲۹-۳۰ افغانی شمس الحق ،علوم القرآن مکتبہ الحسن لاہور،ص ۹۶ ،ص ۹۸

۱۱

برطانوی مستشرق منٹگمری واٹ لکھتے ہیں:

Most commentators and translators treat most of instances of the words in the Quran as technical

( (۳۱ ہت سے مفسرین اور مترجمین نے قرآن میں اس لفظ کے استعمالات سے اصطلاحی مفہوم مراد لیاہے۔

اصلاحی مفہوم کے بارے میں وہ لکھتے ہیں:

The verb here translated "reveal" is "awha" which in mhich of the Quran in a technical expressin for this experience ofMuhammad( ۳۲ )

یعنی وحی کا لفظ اصطلاحی معنوں میں محمدصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے تجربے (نبوت)کے اظہار کے لیے استعمال ہوتا ہے قرآن میں یہ لفظ زیادہ تر حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی وحی کے لیے فقط نہیں آیا بلکہ تمام انبیاء علیہم السلام کی وحی کے لیے استعمال ہوتا ہے(۳۳)

____________________

۳۱-۳۲ Watt,W.Montgomery: Islamic Revelation in the Modern World-p۱۳&۱۴-Edinburg۱۹۶۹

۳۳ مندرجہ ذیل آیات میں یہ لفظ دیگر انبیاء کی وحی کے لیے آیاہے نساء ۱۶۳: اعراف ۱۱۷،۱۶۰ یونس ۲،۸۷: طہٰ ۷۷ ،مومنون ۲۷: شعراء ۵۲،۶۳: یوسف ۱۰۹: نحل ۴۳ انبیاء ۷،۲۵ شوریٰ ۳،۵۱: ھود ۳۷،۳۶ زمر ۶۵

۱۲

۳ پیغام الہی:

ڈاکٹر حمید اللہ نے اصطلاح میں وحی کا مفہو م یوں ذکر کیا ہے:

” اللہ اپنے کسی برگذیدہ بندے کے پاس اپناپیغام بھیجتا ہے یہ پیغام اس تک مختلف طریقوں سے پہنچایا جاتا ہے کبھی تو اللہ کی آواز براہ راست اس نبی کے کان تک پہنچتی ہے ‘کبھی یہ ہوتا ہے کہ وہ پیغام ایک فرشتہ لاتا ہے اور انسان تک پہنچاتا ہے فرشتے خدا کا جو پیغام لاتے ہیں اس کو ہم اصطلاحاً ” وحی“ کہتے ہیں“(۳۴)

انہوں نے وحی کے خاص مفہو م کو اور بھی محدود کر دیا ہے اور صرف فرشتوں کے ذریعے پہنچائے جانے والے پیغام کو وحی کہا ہے حالانکہ نبی کو براہ راست القاء بھی وحی بمعنی خاص ہے۔

اسلامی علوم کے ماہرین نے وحی کے اصطلاحی مفہوم کو مختلف الفاظ اور تعبیروں سے واضح کی ہے ان میں سے بعض نے اللہ تعالیٰ کے کلام کو وحی کا اصطلاحی مفہوم قرار دیاہے۔(۳۵) یہ وحی کا اسمی معنی ہے۔

بعض مفکرین نے اللہ تعالیٰ کے اپنے انبیاء سے گفتگو کرنے کو اصطلاح میں وحی کہا ہے(۳۶)

یہ وحی کے مصدری معنی کے لحاظ سے ہے۔

انہی میں سے بعض نے علم اور معارف کو وحی کا نام دیا ہے۔(۳۷)

جبکہ بعض نے خود علم کی تعلیم دینے اور معارف کو سکھانے کے عمل کو وحی کا جامہ پہنایا ہے۔(۳۸)

____________________

۳۴ ۔ حمید اللہ محمد ڈاکٹر:خطبات بہاولپور،ادارہ تحقیقات اسلامی اسلام آباد ۱۹۸۸ ء،ص ۱۹۱

۳۵ عینی بدر الدین ابی محمد محمود بن احمد:عمدة القاری شرح صحیح البخاری، ج ۱ ،ص ۱۸ راغب اصفہانی معجم المفردات لالفاظ القرآن،دارالفکر بیروتص ۵۱۵ وحی اللہ ص ۵۲ علوم القرآن ص ۲۹ القاء الہام اور وحی ص ۱۳

۳۶ تفسیر المنار:ج ۱۱ ص ۱۷۹

۳۷ تفسیر المنار،ج ۱ ص ۱۲ تاریخ القرآن،ص ۱۲ ختم نبوت اور تحریک احمدیت،ص ۲۴ وحی الہی ص ۲۵

۳۸ رسالة التوحید،ص ۱۱۱ ، مناھل العرفان فی العلوم القرآن،ص ۵۶ ، القرآن والمستشرقون، درآمدی برعلوم قرآنی،ص ۲۵۲ ، تحلیل وحی ازدید گاہ اسلام و مسیحیت ص ۱۷،۱۸ ۔

۱۳

اور یہ تفاوت بھی وحی کے اسمی اور مصدری معنی کی وجہ سے ہے اور چونکہ اہل لغت نے وحی کے دونوں معنی بیان کیے ہیں۔(۳۹)

اس لیے جن علماء کے پیش نظر وحی کا اسمی معنی تھا انہوں نے اس کا اصطلاحی مفہوم ”کلام الہی“ اور”علم و معارف“ بیان کیا اور جن کے سامنے اس کا مصدری معنی تھا انہوں نے اس کا مفہوم ”کلام کرنا“اور ”تعلیم دینا“بتایا ہے پس اصطلاحی مفہوم میں دونوں جہتوں کو ملحوظ رکھا گیا ہے۔

تعبیروں کے اختلاف کی وجہ یہ ہے کہ جنہوں نے کلام یاکلام کرنے کی تعبیر استعمال کی ہے انہوں نے خود قرآن کے الفاظ کو استعمال کیا ہے جو وحی کے لیے سورہ شوریٰ کی آیت ۵۱ میں استعمال ہوئے ہیں۔(۴۰) جبکہ دوسروں نے واقعیت کو مدنظر رکھتے ہوئے علم،حقائق اور تعلیم کے الفاظ استعمال کیے ہیں کیونکہ اللہ تعالیٰ کا اپنے برگذیدہ بندوں سے کلام کرنا انہیں تعلیم دینا ہی ہے انہیں کائنات کی حقیقتوں سے آگاہ کرنا ہے انہیں آداب زندگی سکھانا ہی ہے اس لیے میری رائے میں تعابیر کا اختلاف مفہوم میں کسی جوہری اور اصلی اختلاف کا باعث نہیں بنتا دونوں کا نتیجہ ایک ہی نکلتاہےالبتہ علم اور تعلیم دینے کی تعبیر زیادہ موزوں ہے۔

اس تمام بحث کا نتیجہ یہ ہے کہ اصطلاح میں:

”وحی اللہ تعالیٰ اور اس کے انبیاء کے درمیان وہ مخصوص ،غیر معمولی اور مافوق العادت رابطہ ہے جو بشر کے لیے تمام ذرائع علم(تجربہ،حواس،عقل) سے ماوراء ہے اس کے ذریعے سے اللہ تعالیٰ اپنے انبیاء کو انسانوں کی ہدایت اور ارتقاء کے علوم و معارف اور احکام و قوانین کی تعلیم دینا ہے۔ “

اس مقالے میں وحی کا یہی اصطلاحی مفہوم اور وحی کا مصدری معنی ہی موضوع تحقیق ہے۔

____________________

۳۹ الصحاح تاج اللغة و صحاح العربیة،تحقیق احمد عبدالغفور عطارج ۶ ،ص ۲۵۱۹ ،داراعلم للملابین،بیروت معجم مقائیس اللغة ج ۶۹۳ لسان العرب ج ۱۵ ،ص ۳۷۹

۴۰( وَمٰا کٰانَ لِبَشَرٍ ان یُکَلَّمَهُ اللّٰه اِلّٰا وَحْیاً اَوَمِنْ وَرٰاء حِجٰابٍ اَوْیُرْسِلْ رَسُولًا فَیُوحی بِاِذْنِهِ مٰایَشاٰءُ اَنَّه عَلیٰ حَکِیمٍ )

۱۴

فہرست

وحی کا اصطلاحی مفہوم: ۳

۱ کلام الہی : ۷

۲ علم و آگاہی اور اس کی تعلیم: ۸

۳ پیغام الہی: ۱۳

فہرست ۱۵

۱۵