تفسیر نمونہ جلد ۱۵

تفسیر نمونہ 0%

تفسیر نمونہ مؤلف:
زمرہ جات: تفسیر قرآن

تفسیر نمونہ

مؤلف: آیت اللہ ناصر مکارم شیرازی
زمرہ جات:

مشاہدے: 65358
ڈاؤنلوڈ: 5328


تبصرے:

جلد 1 جلد 4 جلد 5 جلد 7 جلد 8 جلد 9 جلد 10 جلد 11 جلد 12 جلد 15
کتاب کے اندر تلاش کریں
  • ابتداء
  • پچھلا
  • 169 /
  • اگلا
  • آخر
  •  
  • ڈاؤنلوڈ HTML
  • ڈاؤنلوڈ Word
  • ڈاؤنلوڈ PDF
  • مشاہدے: 65358 / ڈاؤنلوڈ: 5328
سائز سائز سائز
تفسیر نمونہ

تفسیر نمونہ جلد 15

مؤلف:
اردو

سورہ فیل

یہ سورہ مکہ میں نازل ہوا ۔ اس میں پانچ آیات ہیں ۔

سورہ فیل کے مطالب

یہ سورہ جیساکہ اس کے نام سے واضح ہے ایک مشہور تاریخی داستان کی طرف اشارہ کرتا ہے ، جو پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی ولادت کے سال واقع ہوئی تھی اور خدا نے خانہ” کعبہ“ کو کفار کے اس عظیم لشکر کے شر سے محفوظ رکھا تھا جو سر زمین یمن سے ہاتھیوں پر سوار ہو کر آیاتھا۔

یہ سورہ اس عجیب داستان کی یاد دلاتا ہے جو مکہ کے بہت سے لوگوں کو یاد تھی، کیونکہ وہ ماضی قریب میں واقع ہوئی تھی۔

اس داستان کی یاد آوری مغرور اور ہٹ دھرم کفار کے لیے تنبیہ ہے کہ وہ یہ جان لیں کہ وہ خدا کی قدرت کے مقابلہ میں کچھ بھی قدرت نہیں رکھتے ۔ وہ خدا جس نے ہاتھیوں کے اس عظیم لشکر کو ان چھوٹے چھوٹے پرندوں ، اور ان نیم بند کنکریوں ( حجارة من سجیل) سے ریزہ ریزہ کردیا۔ وہ ان ہٹ دھرم متکبرین کو سزادینے کی قدرت بھی رکھتا ہے ۔

نہ تو ان کی قدرت ہی ” ابرھہ“ کی قدرت سے زیادہ تھی اور نہ ہی ان کے لشکر کو اور افراد کی تعداد کبھی اس حد تک پہنچی تھی۔ یعنی تم لوگ جنہوں نے اس واقعہ کو اپنی آنکھ سے دیکھا ہے ، غرور و تکبر کی وادی سے نیچے کیوں نہیں اترے؟!

اور اس کی فضیلت

اس سورہ کی تلاوت کی فضیلت میں امام جعفر صادق علیہ السلام سے آیاہے :

جو شخص سورہ فیل کو نماز واجب مین پڑھے گا قیامت میں ہر پہاڑ اور ہموار زمین اور ہر ڈھیلہ اس کی گواہی دے گا وہ نماز گزاروں میں سے ہے اور ایک منادی ندا دے گا کہ تم نے میرے پرندے کے بارے میں کہا ہے ۔

میں تمہاری گواہی کو اس کے نفع یا نقصان میں قبول کرتا ہوں میرے بندے کو حساب کے بغیر جنت میں داخل کردو، کیونکہ وہ ایسا شخص ہے جسے میں دوست رکھتا ہوں اور ا س کے عمل کو بھی دوست رکھتا ہوں ۔(۱)

یہ بات واضح اور ظاہر ہے کہ یہ سب فضیلت و ثواب اور عظیم جزا اس شخص کے لیے ہے جو ان آیات کو پڑھ کے غرور و تکبر کی سواری سے نیچے اتر آئے اور رضائے الٰہی کی راہ میں قدم رکھ دے ۔

آیات ۱،۲،۳،۴

( بسم الله الرحمن الرحیم )

۱ ۔( الم تر کیف فعل ربک باصحاب الفیل ) ۔ ۲ ۔( الم یجعل کیدهم فی تضلیل ) ۔

۳ ۔( و ارسل علیهم طیراً ابابیل ) ۔ ۴ ۔( ترمیهم بحجارة من سجِّیل ) ۔

۵ ۔( فجعلهم کعصفٍ ماکولٍ ) ۔

ترجمہ

شروع اللہ کے نام سے جو رحمن و رحیم ہے

۱ ۔ کیا تو نے دیکھانہیں کہ تیرے پروردگار نے اصحاب فیل( ابرھہ کے لشکر کو جو کعبہ کو نابود کرنے کے ارادے سے آیاتھا) کے ساتھ کیا کیا۔

۲ ۔ کیا ان کے منصوبہ کو خاک میں نہیں ملادیا؟ ۳ ۔ اور ان کے اوپر گروہ در گروہ پرندے بھیجے۔

۴ ۔ جو ان کے اوپر چھوٹی چھوٹی کنکریاں برسا رہے تھے۔ ۵ ۔ اور اس طرح انہیں کھائے ہوئے بھوسہ کی مانند بنادیا۔

شان نزول

ایک حدیث میں امام علی بن الحسین علیہ السلام سے آیا ہے کہ :

”ابو طالب ہمیشہ اپنی تلوار کے ذریعے پیغمبر اسلام کا دفاع کیا کرتے تھے ۔یہاں تک کہ آپ نے فر ماتے ہیں :(ایک دن )ابو طالب نے کہا :اے بھتیجے !کیا آپ سب لوگوں کے لیے مبعوث ہوئے ہیں یا صرف اپنی قوم کے لیے بھیجے گئے ہیں

پیغمبر نے فر مایا :”نہیں !میں تمام انسانوں کے لیے مبعوث ہوا ہوں ،وہ گورا ہو یا کالا،عر بی ہو ،یا عجمی ۔اسی ذات کی قسم جس کے قبضہ قدرت میں میری جان ہے ،میں تمام انسانوں کو چاہے وہ گورے ہوں یا کالے اس دین کی طرف دعوت دیتا ہوں ۔اور ان تمام لوگوں کو جو پہاڑ کی چو ٹی پر بستے ہیں یا دریاؤں میں رہتے ہیں اس دین کی طرف بلاتا ہوں ،اور میں فارس و روم کی تمام زبانوں کو دعوت دیتا ہوں ۔

جب یہ گفتگو قریش کے کانوں تک پہنچی تو انہوں نے تعجب کیا اور کہا ،کیا آپ اپنے بھتیجے کی باتوں کو نہیں سنتے کہ وہ کیا کہتا ہے ۔خدا کی قسم اگر فارس و روم کے لوگ یہ بات سن لیں گے تو ہمیں ہماری سر زمین سے باہر نکال کھڑا کر یں گے اور خانہ کعبہ کے پتھروں کو ٹکڑے ٹکڑے کر کے الگ الگ کر دیں گے ۔اس موقع پر خدا نے آیہ شر یفہ( و قالو اان نتبع الهدٰی معک نتخطف من ارضنا اولم نمکن لهم حرمااٰمنا یجبیٰ الیه ثمرات کل شیء ) :”انہوں نے کہا :اگر ہم تیرے ساتھ مل کر ہدایت کو قبول کرلیں تو ہمیں ہماری سر زمین سے باہر نکال دیں گے ،کیا ہم نے انہیں امن کے اس حرم میں ،جس کی طرف ہر طرح کے پھل لاتے ہیں ،جگہ نہیں دی “(قصص۔ ۵۷) نازل ہوئی ۔

اور ان کے اس قول کے بارے میں کہ وہ خانہ کعبہ کو ٹکڑے ٹکڑے کر دیں گے سورئہ فیل نازل کی۔(اور انہیں گوش گزار کیا کہ کوئی شخص بھی اس قسم کے کام کی قدرت نہیں رکھتا )۔(۲)

____________________

۱۔ ” مجمع البیان “ جلد۱۰ ص ۵۳۹۔

۲-روضة الواعظین“(مطابق نقل ”نورالثقلین“جلد ۵ ص۶۶۹ حدیث ۸)

اصحاب فیل کی داستان

مفسرین اور مور خین نے اس داستان کو مختلف صورتوں میں نقل کیا ہے ،اور اس کے وقوع کے سال میں بھی اختلاف ہے لیکن اصل داستان ایسی مشہور ہے کہ یہ اخبار متواترمیں شمار ہوتی ہے ،اور ہم اسے مشہور روایات کے مطابق ”سیرةابن ھشام “و ”بلوغ الارب “و”بحا رالانوار “و”مجمع البیان “سے خلاصہ کر کے نقل کرتے ہیں ۔

یمن کے باد شاہ ”ذونواس “نے نجرا ن کے عیسائیوں کوجو اس سر زمین کے نزدیک بستے تھے ،اس لیے بہت تنگ کر رکھا تھا کہ وہ اپنا دین مسیحیت چھوڑ دیں ۔قرآن اس واقعہ کو سورئہ ”بروج “میں اصحاب الاخدودکے عنوان سے بیان کیا ہے ۔او ر ہم نے اسے اسی سورہ کی تفسیر میں تفصیل کے ساتھ بیان کیا ہے ۔اس عظیم جُرم کے بعد ”دوس “نامی ایک شخص ان میں سے اپنی جان بچاکر نکل گیا اور وہ قیصرروم کے پاس ،جو دین مسیحیت پر تھا ،جا پہنچا ،اور اس کے سامنے یہ سارا ماجرا بیان کیا ۔

چو نکہ ”روم “اور ”یمن “کے درمیان فا صلہ زیادہ تھا لہٰذا اس نے حبشہ کے بادشاہ ”نجاشی کو خط لکھاکہ وہ ”ذو نواس “سے نصارائے نجران کا انتقام لے ،اور اس خط کو اسی شخص کے ہاتھ ”نجاشی “کے پاس روانہ کیا ۔

”نجاشی “نے ایک بہت بڑا لشکر جو ستر ہزار افراد سے زیادہ پر مشتمل تھا”اریاط “نامی شخص کی کمان میں یمن کی طرف روانہ کیا ۔”ابرھہ“بھی اس لشکر کے ا فسروں میں سے ایک تھا ۔

”ذونواس“کو شکست ہوئی،اور ”اریاط “یمن کا حکمران ہو گیا ۔کچھ مدت کے بعد ”ابرھہ “نے اریاط کے خلاف بغاوت کردی اور ا س کا خاتمہ کرنے کے بعد اس کی جگہ پر بیٹھ گیا ۔

اس واقعہ کی نجاشی کو خبر پہنچی تو اس نے ”ابرھہ “کی سر کوبی کرنے کا مصمم ارادہ کر لیا ابرھہ نے اپنی نجات کے لیے اپنے سر کے بال منڈواکر یمن کی کچھ مٹی کے ساتھ مکمل تسلیم کے طور پر نجاشی کے پاس بھیج دیے ، اور وفا داری کا اعلان کیا۔ نجاشی نے جب یہ دیکھا توابرھہ کو معاف کردیا ، اوراسے اس کے منصب پر بر قرار رکھا۔

اس موقع پر ” ابرھہ“ نے اپنے حسن خدمت کو ثابت کرنے کے لیے ایک اہم اور بہت ہی خوبصورت گرجا گھر تعمیر کرایا ، جس کی اس زمانہ میں کرہ زمین پر کوئی مثل و نظیر نہ تھی۔ اور اس کے بعد جزیرہ عرب کے لوگو ں کو خانہ کعبہ کی بجائے اس گرجے کی طرف دعوت دینے کا مصمم ارادہ کرلیا ، اور یہ پختہ ارادہ کرلیا کہ اس جگہ کو عرب کے حج کامرکز بنا کے مکہ کی اہم مرکزیت کو وہاں منتقل کردے۔

اس مقصد کے لیے اس نے ہر طرف عرب کے قبائل اور سرزمین ِ حجاز میں بہت سے مبلغ بھیجے۔ عربوں نے ، جو مکہ اور کعبہ کے ساتھ شدیدلگاو رکھتے تھے اور اسے ابراہیم خلیل کے آثار میں سے جانتے تھے ، اس سے خطرہ محسوس کیا۔

بعض روایات کے مطابق ایک گروہ نے وہاں جاکر مخفی طور پر اس گرجے کو آپ لگادی ، اور روایت کے مطابق بعض نے اسے مخفی طور پر گندہ اور ملوث کردیا ۔ اور اس طرح سے انہوں نے اس عظیم دعوت کے مقابلہ میں شدید ردِّ عمل کا مظاہرہ کیا ، اور ” ابرھہ“ کے عبادت خانے کو بے اعتبار اور حقیر بنادیا ۔

ظاہرہے اس پر ” ابرھہ“ کو بہت غصہ آیا اور اس نے خانہ کعبہ کو کلی طور ویران کرنے کا پختہ ارادہ کرلیا ۔ اس کا خیال تھااس طرح وہ انتقام بھی لے لے گااور عربوں کو نئے معبد کی طرف متوجہ بھی کردے گا۔ چنانچہ وہ ایک بہت بڑے لشکر کے ساتھ، جن میں سے کچھ لوگ ہاتھیوں پر سوار تھے، مکہ کی طرف روانہ ہوا۔

جب وہ مکہ کے قریب پہنچا تو اس نے کچھ لوگوں کو مکہ والوں کو اونٹ اور دوسرے اموال لوٹنے کے لیے بھیجا۔ ان میں سے دو سو اونٹ “ عبدالمطلب “ کے بھی لُوٹ لیے گئے۔

” ابرھہ“ نے کسی آدمی کو مکہ کے اندر بھیجا اور اس سے کہا کہ رئیسِ مکہ کو تلاش کرکے اس سے کہنا کہ ” ابرھہ“ یمن کا بادشاہ کہتا ہے کہ : میں جنگ کرنے کے لیے نہیں آیا، میں تو صرف اس لیے آیا ہوں کہ اس خانہ کعبہ کو ویران کردوں اگر تم جنگ نہ کرو تو مجھے تمہارا خون بہانے کی ضرورت نہیں ہے ۔

” ابرھہ “ کا قاصد مکہ میں داخل ہوا اور رئیس و شریف مکہ کے بارے میں دریافت کیا۔ سب نے ” عبد المطلب“ کی طرف راہنمائی کی ۔ اس نے ” عبد المطلب“ کے سامنے ماجرا بیان کیا۔ ” عبد المطلب“ نے بھی یہی جواب دیا کہ ہم میں تم سے جنگ کرنے کی طاقت نہیں ہے ،رہا خانہ کعبہ تو خدا خود اس کی حفاظت کرے گا ۔

” ابرھہ“ کے قاصد نے عبد المطلب سے کہا کہ تمہیں میرے ساتھ اس کے پاس چلنا پڑے گا ۔ جب عبد المطلب ا س کے دربار میں داخل ہوئے تووہ آپ کے بلند قد حسین چہرے اور حد سے زیادہ رعب اور دبدبہ کو دیکھ کر سخت متاثر ہوا، یہاں تک کہ ”ابرھہ“ ان کے احترام میں اپنی جگہ سے اٹھ کھڑا ہوا اور زمین پر بیٹھ گیا اور ” عبد المطلب“ کو اپنے پہلو میں بٹھالیا، کیونکہ وہ نہیں چاہتا تھا کہ انہیں اپنے ساتھ تخت پر بٹھائے۔ اس کے بعد اس نے اپنے مترجم سے کہا کہ ان سے پوچھ کہ ان کی کیاحاجت ہے ؟

آپ نے مترجم سے کہا : میری حاجت یہ ہے کہ میرے دوسو اونٹ تیرے لشکری لُوٹ کر لے گئے ہیں ، تو انہیں حکم دیں کہ وہ میرا مال واپس کردیں ۔

” ابرھہ“ کو ان کے اس مطالبہ پر سخت تعجب ہوا اور اس نے اپنے متجم سے کہا : ان سے کہو: جب میں نے تمہیں دیکھا ، تو میرے دل میں تمہاری بہت زیادہ عظمت پید اہوئی تھی، لیکن تم نے یہ کہی تو میری نظر میں تمہاری توقیر گھٹ گئی۔

تم اپنے دو سو اونٹوں کے بارے میں تو بات کرتے ہولیکن ” کعبہ“ کے بارے میں جو تمہارا اور تمہارے آباو اجداد کا دین ہے ، اور میں اسے ویران کرنے کے لیے آیاہوں ، بالکل کوئی بات نہیں کرتے ۔

” عبد المطلب “ نے کہا : ”انا رب الابل ، و ان للبیت ربا سیمنعه “ ! ” میں اونٹوں کا مالک ہوں ، اور اس گھر کا بھی ایک مالک ہے ، وہ اس کی حفاظت خود کرے گا“۔

(اس بات نے ابرھہ کو ہلا کر رکھ دیا اور وہ سوچ میں پڑ گیا)۔

” عبد المطلب“ مکہ کی طرف آئے ، اور لوگوں کو اطلاع دی کہ وہ پہاڑیوں میں پناہ گزیں ہو جائیں اور آپ خود ایک گروہ کے ساتھ خانہ کعبہ کے پاس آئے تاکہ دعا کریں اور مدد طلب کریں ۔ آپ نے خانہ کعبہ کے دروازے کی زنجیر میں ہاتھ ڈال کر اپنے یہ مشہور اشعار پڑھے:لاهم ان المرء یمنع رحله فامنع رحالک لایغلبن صلیبهم و محالهم ابداً محالک

جروا جمیع بلادهم و الفیل کی یسبوا عیالک لاهم ان المرء یمنع رحله فامنع عیالک

والنصر علی اٰل الصلیب و عابد یه الیوم اٰلک ۔(۱)

” خدا یا ہر شخص اپنے گھر کی حفاظت کرتا ہے تواپنے گھر کی حفاظت فرما“۔

”ایسا کبھی نہ ہو کہ کسی کی تمام توانائیاں اور ہاتھی ساتھ لے کر آئے ہیں تاکہ تیرے حرم کے ساکنوں قیدی بنالیں “۔

” خدا یا ہر شخص اپنے گھر والوں کا دفاع کرتا ہے تو بھی اپنے حرمِ امن کے رہنے والوں کا دفاع کر“

”اور آج اس حرم کے رہنے والوں کی آلِ صلیب اور اس کی عبادت کرنے والوں کے برخلاف مدد فرما“۔

اس کے بعد عبد المطلب اطراف مکہ کے ایک درّہ کی طرف آئے، قریش کی ایک جماعت کے ساتھ وہاں پناہ لی اور اپنے ایک بیٹے کو حکم دیا کہ وہ کوہ ابوقبیس کے اوپر جا کر دیکھے کہ کیا ہورہا ہے۔

آپ کا بیٹا بڑی تیزی کے ساتھ آپ کے پاس آیا اور کہا : بابا جان ! سمندر( دریائے احمر) کی طرف سے ایک سیاہ بادل آتا ہوا نظر آرہا ہے۔ عبد المطلب خوش ہو گئے اور پکار کر کہا :

یامعشر قریش ! ادخلوا منازلکم فقد اٰتاکم الله بالنصر من عنده

” اے جمیعت قریش اپنے گھروں کی طرف پلٹ جاو کیونکہ خدا کی نصرت تمہاری مدد کے لیے آرہی ہے ۔ یہ تو اس طرف کی بات تھی“۔

دوسری طرف سے ابرھہ اپنے مشہور ہاتھی پر سوار جس کانام” محمود“ تھا اپنے کثیر لشکر کے ساتھ کعبہ کو تباہ کرنے کے لیے اطراف کے پہاڑوں سے مکہ کی طرف اترا ، لیکن وہ اپنے ہاتھی پر جتنا دباو ڈالتا تھا وہ آگے نہ بڑھتا تھا ، لیکن جب وہ اس کا رخ یمن کی طرف کرتا تھا تو وہ فوراًچل پڑھتا تھا ۔ ابرھہ اس واقعہ سے سخت متعجب ہوا اور حیرت میں ڈوب گیا ۔

اسی اثناء میں سمندر کی طرف سے غول کے غول اور جھنڈ کے جھنڈ پرندوں کے، آن پہنچے، جن میں سے ہر ایک کے پاس تین تین کنکریاں تھیں ، ایک ایک چونچ میں اور دو دو پنجو ں میں ، جو تقریباً چنے کے دانے کے برابر تھیں ، انہوں نے یہ کنکر یاں ابر ھہ کے لشکر پر برسانی شروع کردیں ۔ یہ کنکر یاں جس کسی کو لگتیں وہ ہلاک ہو جاتا۔ اور بعض نے یہ کہا ہے کہ یہ کنکر یاں ان کے بدن پر جہاں بھی لگتیں سوراخ کردیتی تھیں ، اور دوسری طرف نکل جاتی تھیں ۔

اس وقت ابرھہ کے لشکر پر ایک عجیب و غریب وحشت طاری ہوگئی ۔ جو زندہ بچے وہ بھاگ کھڑے ہوئے ، اور واپسی کے لیے یمن کی راہ پوچھتے تھے ، لیکن مسلسل خزاں کے پتوں کی طرح سڑک کے بیچوں بیچ گر جاتے تھے ۔

ایک پتھر خود” ابرھہ“ کے آکر لگا اور وہ زخمی ہوگیا ۔ اس کو صعنا( یمن کے پائے تخت) کی طرف واپس لے گئے اوروہاں جاکر ہلاک ہو گیا ۔

بعض نے کہا ہے کہ چیچک کی بیماری پہلی مرتبہ عرب میں اسی سال پھیلی تھی۔

ہاتھیوں کی تعداد جو ابرھہ اپنے ساتھ لے گیا تھا، بعض نے وہی ” محمود“ ہاتھی، بعض نے آٹھ، بعض نے دس اور بعض نے بارہ لکھی ہے

مشہور قول کے مطابق پیغمبر اکرم نے ولادت اسی سال ہوئی اور عالم آپ کے نور کے وجود سے منور ہوگیا ۔ لہٰذا بہت سے لوگوں کا عقیدہ یہ ہے کہ ان دونوں واقعات کے درمیان ایک رابطہ موجود تھا۔

بہرحال اس عظیم حادثہ کی اس قدر اہمیت تھی کہ اس سال کا نام عال الفیل ( ہاتھی کا سال ) رکھاگیا اور یہ عربوں کا تاریخ کا مبداء قرار پایا ۔(۲)

____________________

۱.۔مورخین ومفسرین نے اوپر والے اشعار کو مختلف طور پر نقل کیا ہے جو کچھ نقل کیا گیا ہے وہ مختلف نقلوں کا مرکب خلاصہ ہے ۔

۲۔” سیرة ابن ہشام “ جلد ۱ ص ۳۸ تا ۶۲ ” بلوغ الارب“۔ جلد ۱ ص ۲۵۰ تا ۲۶۳ ” بحار الانوار“ جلد ۱۵ ص ۱۳۰ سے آگے ” مجمع البیان “ جلد ۱۰ ص ۵۴۲۔

تفسیر

ابرھہ سے کہہ دو کہ وہ آنے میں جلدی نہ کرے

اس سورہ کی پہلی آیت میں پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو مخاطب کرتے ہوئے فرماتا ہے :”کیا تونے نہیں دیکھا کہ تیرے پروردگار نے اصحاب فیل کے ساتھ کیا سلوک کیا “؟( الم ترکیف فعل ربک باصحاب الفیل ) ۔

وہ اپنی پوری قدرت و طاقت اور لشکر کے ساتھ آئے تاکہ خانہ خدا کو ویران و تباہ کردیں اور خدا نے ایک ایسے لشکر کے ساتھ، جو بظاہر بہت ہی چھوٹا اور بے حیثیت تھا، انہیں درہم بر ہم کردیا ۔ ہاتھیوں کو چھوٹے سے پرندوں کے ساتھ ، اور اس زمانہ کے ترقی یافتہ اسلحہ کو ” سجیل“ پتھریلی کنکریوں کے ساتھ بیکار کردیا تاکہ اس مغرور سر کش انسان کی کمزوری و ناتوانائی کو قدرتِ الٰہی کے مقابلہ میں ظاہر و آشکار کرے۔

الم تر ( کیا تونے نہیں دیکھا؟) کی تعبیر ، حالانکہ یہ حادثہ ایسے زمانہ میں رونما ہو اتھا کہ پیغمبر نے ابھی دنیا میں آنکھ نہیں کھولی تھی، یایہ آپ کی پیدائش سے قریب تر تھا، اسی وجہ سے مذکورہ حادثہ پیغمبر اکرم کے زمانہ کے بہت ہی نزدیک تھا، اس کے علاوہ یہ اتنا مشہور اور متواتر تھا کہ گویا پیغمبر اپنے چشم مبارک سے اس کا مشاہدہ کیا ہوا تھا ، اور پیغمبر کے معاصرین میں سے ایک گروہ نے یقینی طور پر اسے اپنی آنکھ سے دیکھا تھا۔

” اصحاب الفیل “ کی تعبیر انہیں چند ہاتھیوں کی وجہ سے ہے جنہیں وہ اپنے ساتھ یمن سے لائے تھے تاکہ مخالفین کو مرعوب کریں ، او ر اونٹ اور گھوڑے انہیں دیکھ کر بدک جائیں اور میدان ِ جنگ میں نہ ٹھہر سکیں ۔(۱)

اس کے بعد مزیدیہ کہتاہے :کیا خدا نے ان کے منصوبہ کو خاک میں نہیں ملادیا“( الم یجعل کیدهم فی تضلیل ) ۔

ان کا ارادہ یہ تھاکہ خانہ کعبہ کو تباہ کرڈالیں تاکہ یمن کے گرجے کو مرکزیت حاصل ہو اور قبائل عرب اس کی طرف متوجہ ہو جائیں ۔ لیکن وہ نہ صرف یہ کہ اپنے مقصد میں کامیاب نہ ہوئے تو بلکہ اس ماجرے نے جس کی شہرت تمام جزیرہ نمائے عرب میں پھیل گئی تھی۔ مکہ اور خانہ کعبہ کی عظمت کو اور چارچاندلگا دئے اور اس کے مشتاق دلوں کو پہلے سے بھی زیادہ اس کی طرف متوجہ کردیا اور شہر کو اور بھی زیادہ پر امن بنا دیا ۔

” تضلیل“ سے مراد ، جو وہی گمراہ کرنا ہے ، کہ وہ ہر گز اپنے مقصد میں کامیاب نہ ہوئے۔

اس کے بعد اس ماجرے کی تفصیل بیان کرتے ہوئے فرماتا ہے : ”خدانے گروہ درگروہ ہر طرف ہاتھیوں کے لشکر کی طرف آئے تھے۔

یہ لفظ جمع کے معنی دیتا ہے ، جس کا مفرد بعض نے ” ابابلہ“ یعنی پرندوں یاگھوڑوں یا اونٹوں کا گروہ سمجھا ہے اور بعض یہ کہتے ہیں کہ یہ ایک ایسی جمع ہے جس کی جنس کا مفرد نہیں ہے ۔

بہر حال ” طیر“ یہاں جمع کا معنی دیتا ہے، اور یہ دونوں الفاظ ” طیر “ و ابابیل“ مجموعی طور پر گروہ در گروہ پرندوں کے معنی میں ہے ( ایسا نہیں ہے کہ ابابیل ان پرندوں کا نام ہو)۔

اس بارے میں کہ یہ پرندہ کو ن سا پرندہ تھا جیسا کہ ہم نے داستانوں کی تفصیل میں بیان کیا ہے مشہور یہ ہے کہ وہ پرندے کوّے یا چیل کی طرح کے پرندے تھے جو بحر احمر کی راہ سے اٹھے تھے اور ہاتھیوں کے لشکر کی طرف آئے تھے۔

بعد والی آیت میں مزید فرماتا ہے : ” ان پرندوں نے اس لشکر کو سجیل ( پتھریلی مٹی) کے چھوٹے چھوٹے کنکروں سے نشانہ بنایا تھا“۔( ترمیهم بحجارة من سجیل ) ۔(۲)

اور جیسا کہ اس ماجرے کی تفصیل میں ہم نے تواریخ ، تفاسیر اور روایات سے نقل کیا ہے ،ان چھوٹے چھوٹے پرندوں میں سے ہر ایک نے چنے کے دانے کے برابر ی ا س سے بھی چھوٹی چھوٹی کنکریاں اٹھائی تھیں ، ایک ایک کنکری چونچ میں اور دو دو اپنے پنجوں میں ۔ اور یہ چھوٹی چھوٹی کنکریاں جس پر بھی پڑتی تھیں ، اسی کو ٹکڑے ٹکڑے کردیتی تھیں ۔

جیسا کہ بعد والی آیت میں آیا ہے : ” انہیں کھائے ہوئے بھوسے کی مانند بنا دیا “( فجعلهم کعصف ماکول ) ۔

” عصف “ ( بر وزن حذف) ان پتوں کو کہتے ہیں جو زراعت کی شاخ پر ہوتے ہیں اور پھر خشک ہوکرٹکڑے ٹکڑے ہو جاتے ہیں ۔ دوسرے لفظوں میں یہ” گھاس “کے معنی میں ہے ۔

اور بعض نے اس کی گندم کے اس چھلکے کے معنی میں تفسیر کی ہے ، جب کہ وہ خوشہ میں ہوتا ہے ۔

” مأکول “ کی تعبیر اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ یہ گھا س جانوروں کے دانتوں کے نیچے آکر دوبارہ پس جاتا ہے اور مکمل طور پر ریزہ ریزہ ہوجاتا ہے ، پھر جانور کے معدے نے بھی اسے تیسری مرتبہ ریزہ ریزہ کیا ہے اور یہ چیز اس بات کی نشان دہی کرتی ہے کہ یہ سنگریزے جس کسی کو بھی جاکر لگتے تھے، اس کو مکمل طورپر ریزہ ریزہ کردیتے تھے ۔

یہ تعبیر ان کے شدت کے ساتھ پارہ پارہ ہو نے کی دلیل قرار پانے کے علاوہ اس کے سر کش و مغرور اور ظاہراً طاقت ور گروہ اور جمیعت کے بے قدر و قیمت ہونے اوراس کے ضعف و ناتوانی کی طرف اشارہ ہے ۔

____________________

۱۔ ” فیل “ اگر چہ یہاں مفرد ہے ، لیکن جنس و جمع کا معنی رکھتا ہے

۲۔ ” سجیل “ فارسی کا لفظ ہے جو” سنگ“ ( پتھر) اور ” گل“ ( مٹی) سے لیا گیا ہے ، اسی بناء پر وہ ایک ایسی چیز ہوتی ہے جو نہ پتھر کی طرح سخت ہو اور نہ مٹی کی طرح نرم ۔

۱ ۔ ایک بے نظیر معجزہ ( اس گھر کا ایک مالک ہے )

قابل توجہ بات یہ ہے کہ قرآن مجید نے اس مفصل و طولانی داستان کو چند مختصر اور چبھنے والے انتہائی فصیح و بلیغ جملوں میں بیان کردیا ہے ۔ اور حقیقتاً ایسے نکات بیان کیے ہیں جو قرآنی اہداف ، یعنی مغرور سر کشوں کو بیدار کرنے اور خدا کی عظیم قدرت کے مقابلہ میں انسان کی کمزوری دکھانے میں مدد دیتے ہیں ۔

یہ ماجرا اس بات کی نشان دہی کرتا ہے کہ معجزات و خوارق عادات، بعض لوگوں کے خیال کے بر خلاف، لازمی نہیں ہے کہ پیغمبر یا امام ہی کے ہاتھ پر ظاہر ہوں ۔ بلکہ جن حالات میں خدا چاہے اور ضروری سمجھے انجام پاجاتے ہیں ، مقصد یہ ہوتا ہے کہ لوگ خدا کی عظمت اور اس کے دین کی حقانیت سے آشنا ہو جائیں ۔

یہ عجیب و غریب اعجاز آمیز عذاب دوسری سر کش اقوام کے عذاب کے ساتھ ایک واضح فرق رکھتا ہے کیونکہ طوفان ِ نوح کا عذاب، اور قوم ِلوط کا زلزلہ اور سنگ باری، قومِ عاد کی تیز آندھی اور قومِ ثمودکا صاعقہ طبعی حوادث کا ایک سلسلہ تھے، کہ جن کا صرف ان خاص حالات میں وقوع معجزہ تھا۔

ان چھوٹے چھوٹے پرندوں کا اٹھنا ، اسی خاص لشکر کی طرف آنا، اپنے ساتھ کنکریوں کا لانا، خاص طور سے انہیں کو نشانہ بنانا اور ان چھوٹی چھوٹی کنکریوں سے ایک عظیم لشکر کے افراد کے اجسام کا ریزہ ریزہ ہو جانا، یہ سب کے سب خارقِ عادق امور ہیں ، لیکن ہم جانتے ہیں کہ یہ سب کچھ خدا کی قدرت کے سا منے بہت ہی معمولی چیز ہے ۔

وہی خدا جس نے انہیں سنگ ریزوں کے اندر ایٹم کی قدرت پیدا کی ہے ، کہ اگر وہ آزاد ہو جائے تو ایک عظیم تباہی پھیلادے۔

اس کے لیے یہ بات آسان ہے کہ ان کے اندر ایسی خاصیت پید اکردے کہ ابرھہ کے لشکر کے جسموں کو ” عصف مأکول “ ( کھائے ہوئے بھوسے کی مانند ) بنادے۔

ہمیں بعض مصری مفسرین کی طرف اس حادثہ کی توجیہ کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے کہ ہم یہ کہیں کہ ان کنکریوں میں وبا یا چیچک کے جراثیم تھے ۔(۱)

اور اگر بعض روایات میں یہ ہے کہ صد مہ زدہ لوگوں کے بدنوں سے چیچک میں مبتلا افراد کی طرح خون اور پیپ آتی تھی، تو یہ اس بات کی دلیل نہیں ہے کہ وہ حتمی طور پر چیچک میں مبتلا تھے ۔

اسی طرح سے ہمیں اس بات کی بھی ضرورت نہیں ہے کہ ہم یہ کہیں کہ یہ سنگ ریزے پسے ہوئے ایٹم تھے جن کے درمیان کی فضا ختم ہو گئی تھی ۔ اور وہ حد سے زیادہ سخت تھے ، اس طرح سے کہ وہ جہاں بھی گرتے تھے سوراخ کردیتے تھے۔

یہ سب کی سب ایسی توجیہات ہیں جو اس حادثہ کو طبیعی بنانے کے لیے ذکر ہو ئی ہیں اور ہم اس کی ضرورت نہیں سمجھتے ۔ ہم تو اتنا ہی جانتے ہیں کہ ان سنگ ریزوں میں ایسی عجیب و غریب خاصیت تھی جو جسموں کو ریزہ ریزہ کردیتی تھی ۔ا س سے زیادہ اور کوئی اطلاع ہمارے پاس نہیں ہے۔ بہر حال خدا کی قدرت کے مقابلہ میں کوئی کام بھی مشکل نہیں ہوتا۔(۲)

____________________

۱۔ ”تفسیرعبدہ“ جزء عم ص ۱۵۸ ملاحظہ ہو ۔

۲۔ اگر بعض تواریخ میں یہ آیا ہے کہ عرب کے شہروں میں چیچک کا مرض پہلی مرتبہ اسی سال دیکھنے میں آیا ہے تو یہ بات اسی معنی پر دلیل نہیں بنتی۔

۲ ۔ معمولی وسیلہ سے سخت ترین سزا

قابل توجہ بات یہ ہے کہ خدا نے اس ماجرے میں مستکبرین اور سر کشوں کے مقابلہ میں اپنی قدرت اعلیٰ ترین صورت میں دکھادی ہے ۔ شاید دنیا میں ابرھہ کے لشکر کے عذاب سے بڑھ کر زیادہ سخت اور کوئی عذاب نہ ہو اور ان مغرور لوگوں کو اسی طرح سے تباہ و بر باد کردیا جائے کہ ریزہ ریزہ اور کھائے ہوئے بھوسے ( عصف مأکول) کی طرح ہو جائیں ۔

اتنی بڑی قدرت و شوکت رکھنے والی جمیعت کی نابودی کے لیے نرم قسم کے سنگ ریزوں اور کمزور اور چھوٹے چھوٹے پرندوں سے کام لیاجائے۔ وہی بات کہ یہ دنیا جہان کے تمام مستکبرین اور سر کشوں کے لیے ایک تنبیہ ہے ، تاکہ وہ جان لیں کہ وہ خدا کی قدرت کے مقابلہ میں کس قدر ناتواں ہیں ۔

مطلب یہ ہے کہ بعض اوقات ایسا ہوتا ہے کہ خدا اس قسم کے عظیم کام بہت ہی چھوٹے سے موجودات کے سپرد کر دیتا ہے ۔ مثلاً ایسے جراثیم کو ، جو ہر گز آنکھ سے دیکھے نہیں جاسکتے، مامور کردیتا ہے کہ وہ ایک مختصر سی مدت میں سر عت کے ساتھ اپنی پیدا ئش بڑھا کر طاقت ور قوموں کو ایک خطر ناک سرایت کرنے والی بیماری، مثلاً: ” وبا ء“ و ” طاعون“ میں مبتلا کردے۔ اور ایک مختصر سی مدت میں خزاں کے پتوں کی طرح زمین پر ڈھیر کردے۔

یمن کا عظیم بند( سد ماٰرب ) جیسا کہ ہم نے سورہ سبا کی تفسیر میں بیان کیا ہے ۔ زیادہ آبادی اور ایک عظیم طاقت ور تمدن کی پیدائش کا ذریعہ بنی ۔ اور اس کے بعد اس قوم کی سر کشی برھ گئی ، لیکن اس قوم کی نابودی کا فرمان جیسا کہ بعض روایات میں آیاہے ، ایک یا چند صحرائی چوہوں کے سپرد ہوا تاکہ وہ اس عظیم بند کے اندر گھس جائیں اور اس میں ایک سوراخ کردیں ۔ اس سوراخ میں پانی ہونے کی وجہ سے یہ سوراخ بڑے سے بڑا ہوتا چلا گیا اور آخر کار وہ عظیم بند توٹ گیا اور پانی جو اس بندکے تھپیڑے ماررہا تھا، اس نے ان سب آبادیوں ، گھروں اور محلوں کو ویران اور تباہ کردیا ۔ اور بڑی جمیعت یا تو نابود ہو گئی یا دوسرے علاقوں میں پراکندہ اور منتشر ہو گئی۔ یہ ہے خدا وندِ بزرگ و بر تر کی قدرت نمائی۔

۳ ۔ داستان ِ فیل کے اہداف

آگے آنے والی سورت ( سورہ لایلاف) سے اچھی طرح معلوم ہوجاتا ہے کہ سورہ فیل کا ایک ہدف قریش پر خدا کی عظیم نعمتوں کی یاد آوری ہے تاکہ انہیں یہ بتا دے کہ اگر پروردگار کا لطف نہ ہوتا تو نہ اس مقدس مرکز یعنی مکہ و کعبہ کے آثار ہوتے اور نہ ہی قریش ہوتے ۔ مطلب یہ ہے کہ وہ اسی طرح کبر و غرور کی سواری سے نیچے اتر آئیں اور پیغمبر اکرم کی دعوت کے سامنے سر تسلیم خم کردیں ۔

دوسری طرف یہ ماجرا ، جو پیغمبراکرم کے میلاد کے قریب قریب ساتھ واقع ہوا تھا ، حقیقت میں اس عظیم ظہور کا پیش خیمہ تھا اور اس قیام کی عظمت کا پیام لانے والا تھا۔ اور یہ وہی چیز ہے جسے مفسرین نے ” ارھاص“ سے تعبیر کیا ہے ۔(۱)

اس واقعہ کا تیسرا مقصد یہ ہے کہ یہ ساری دنیا جہان کے سر کشوں کے لیے ایک تنبیہ ہے ، چاہے وہ قریش ہوں یا ان کے علاوہ کوئی اور ہوں ، کہ وہ جان لیں کہ وہ ہر گز پروردگار کی قدرت کے مقابلہ میں نہیں ٹھہرسکتے۔ لہٰذا بہتر یہ ہے کہ وہ خیال ِ خا، کو اپنے سے سے نکال دیں ، اس کا حکم مانیں اور حق و عدالت کے سامنے سر تسلیم خم کردیں ۔

چوتھا مقصد اس عظیم گھر کی اہمیت کو ظاہر کرنا ہے کہ جب ” کعبہ“ کے دشمنوں نے اس کو نابود کرنے کا منصوبہ بنا یا ، اور وہ اس ابراہیمی سر زمین کی مرکزیت کو دوسری جگہ منتقل کرنا چاہتے تھے ، تو خدا نے ان کی اس طرح سے گوشمالی کی کہ ساری دنیا کے لیے باعث عبرت بن گئی اور اس مقدس مرکز کی اہمیت کو مزید بڑھا دیا۔

اور پانچواں مقصد یہ ہے کہ ، وہ خدا جس نے اس سر زمین ِ مقدس کی امنیت کی بارے میں ابراہیم خلیل کی دعا کو قبول کیا تھا ، اور اس کی ضمانت دی تھی ، اس نے اس ماجرے میں اس بات کی نشان دہی کردی ہے کہ اس کی مشیت یہی ہے کہ یہ توحید و عبادت کا مرکز ہمیشہ ہمیشہ کے لیے مرکز امن رہے ۔

____________________

۱۔” ارھاص“ ان معجزات کے معنی جو پیغمبرکے قیام سے قبل واقع ہوں اور اس کی دعوت کے لیے زمین ہموار کرنے والے ہوں ۔ یہ لفظ اصل میں بنیاد گزاری اور پہلا سنگِ بنیاد رکھنے کے معنی میں ہے جسے دیوار کے نیچے رکھتے ہیں ، اور آمادہ ہونے اور ( کھڑے ہونے )کے معنی میں بھی آیا ہے ۔

۴ ۔ ایک مسلّم تاریخی روئیداد

قابل توجہ بات یہ ہے کہ ” اصحاب فیل “ کا ماجرا عربوں کے درمیان ایسا مسلم تھا کہ یہ ان کے لیے تاریخ کا آغاز قرار پایا اور جیسا کہ ہم نے بیان کیا ہے کہ ، قرآن مجید نے ایک نہایت ہی عمدہ تعبیر ” الم تر“ ( کیا تونے نہیں دیکھا ) کے ساتھ اس کا ذکر کیا ہے ، وہ بھی پیغمبر اکرم کو خطاب کرتے ہوئے جو نہ تو اس زمانہ میں موجود تھے اور نہ ہی اسے دیکھا تھا، جو اس ماجرے کے مسلم ہونے کی ایک اور نشانی ہے ۔

ان سب باتوں سے قطع نظر جب پیغمبر اکرام نے مشر کین مکہ کے سامنے ان آیات کی تلاوت کی تو کسی نے اس کا انکار نہ کیا ۔ اگر یہ مطلب مشکوک ہوتا تو کم از کم کوئی تو اعتراض کرتا اور ان کا اعتراض ان کے باقی اعتراضوں کی طرح ہی تاریخ میں ثبت ہو جاتاخصوصاً جب کہ قرآن نے جملہ ” الم تر“ کے ساتھ اس مطلب کو ادا کیا تھا۔

خدا وندا ! ہمیں توفیق مرحمت فرما کہ ہم اس توحید کے عظیم مرکز کی پاسداری کریں ۔

پر وردگارا ! ان لوگوں کے ہاتھ ، جو اس مقدس مرکز کی ظاہری حفاظت پرقناعت کرنا چاہتے ہیں ، لیکن اس کی حقیقت کے پیام کو نظر انداز کرتے ہیں ، اس مرکز سے کاٹ دے ۔

بار الٰہا ! تمام اشتیاق رکھنے والوں کو مکمل آگاہی و عرفان کے ساتھ اس کی زیارت نصیب فرما۔

آمین یا رب العالیمن

سورہ قریش

یہ سورہ مکہ میں نازل ہوا ۔ اس میں ۴ آیات ہیں

سورہ قریش کے مطالب

ہ سورہ حقیقت میں سورہ فیل کی تکمیل کرنے والی سمجھی جاتی ہے اور اس کی آیات اس مطلب پر واضح دلیل ہیں ۔

اس سورہ کا مضمون قریش پر خدا کی نعمت اور ان کے بارے میں اس کے الطاف اور محبتوں کا بیان ہے ، تاکہ ان میں شکر گزاری کا احساس پید اہو اور اس عظیم گھر کے پروردگار کی عبادت کے لیے جس سے ان کا سارا شرف اور افتخار ہے تیار ہو جائیں ۔

جیسا کہ ہم نے سورہ ” و الضحیٰ“ کے آغاز میں بیان کیا تھا کہ یہ سورہ اور سورہ الم نشرح حقیقت میں ایک شمار ہوتی ہے ، اسی طرح سورہ ”فیل “ اور سورہ ”قریش“بھی ایک ہی شمار ہوتی ہیں کیونکہ اگر ہم ٹھیک طرح سے ان دونوں کے مطالب پر غور کریں تو معلوم ہو جائےگا کہ ان دونوں کے مطالب ایک دوسرے کے ساتھ اتنے ملتے جلتے ہیں کہ وہ دونوں کے ایک ہونے کی دلیل بن سکتے ہیں ۔

اسی بناء پر نماز کی ہر رکعت میں ایک مکمل سورت پڑھنے کے لیے اگر کوئی شخص اوپروالی سورتوں کا انتخاب کرے تو ضروری ہے کہ وہ دونوں کو اکٹھا پڑھے ۔اس سلسلے میں مزید وضاحت کے لیے فقہی کتابوں (کتا ب صلوٰة بحث قرت) کی طرف رجوع کیا جائے ۔(۱)

____________________

۱۔مرحوم شیخ ”حر عاملی“نے کتاب”وسائل “میں اس مطلب سے مربوط روایات جلد ۴ ص۷۴۳(باب ۱۰ازابواب قرت نماز )میں نقل کی ہیں ۔

اس سورہ کی تلاوت کی فضیلت

اس سورہ کی تلاوت کی فضیلت میں یہی بات کافی ہے کہ ایک حدیث میں پیغمبر اکرم سے نقل ہوا ہے کہ آپ نے فر مایا :

من قرأها اعطی من الاجرعشرحسنات ،بعددمن طاف بالکعبة،واعتکف بها :“

”جو شخص اس کو پڑ ھے تواسے ان لوگوں کی تعداد سے دس گنا نیکیاں دی جائے گی ،جنہوں نے خانہ کعبہ کا طواف کیا ہے ،یا وہاں اعتکاف کیا ہے“(۱)

مسلمہ طور پر اس قسم کی فضیلت اس شخص کے لیے ہے جو اس خدا کی بارگاہ میں ،جو کعبہ کا پرور دگار ہے ،سر تعظیم جھکائے ،اس کی عبادت کرے ،اس گھر کے احترام کو مدّ نظر رکھے ،اس کا پیام دل کے کان سے سنے اور اس کی پا بندی کرے ۔

____________________

۱”مجمع البیان “جلد ۱۰ ص۵۴۳۔