اختیار
جب بھی ہم اپنے آپ کو کسی کام میں مختار پاتے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ ہم بالقوہ مختار نہ تھے ابھی بالفعل مختار ہوئے یعنی اچھا اور بر ا فعل انجام دینے کا اختیار ہم میں پہلے نہیں تھا ابھی وجود میں آیا۔
توضیح: جب بھی ہم کسی فعل کو اختیار کرتے ہیں تو سب سے پہلے اس فعل کے نفع نقصان کو تصور کرتے ہیں اور انجام دینے اور نہ دینے کیلئے موازنہ کرتے ہیں۔ نتیجتاً ایک انگیزہ ہمارے اندر پیدا ہوتا ہے جس کے ذریعے اچھے فعل کی پہچان ہوتی ہے ۔ ممکن ہے یہ پہچان احتمالی و ظنی ہویا یقینی ہو ہر صورت میں اس فعل کے انجام دینے کا باعث بنتا ہے۔
پس معلوم ہو ا کہ انسان ذاتا ًفاعل مختار نہیں ہے بلکہ سبب اور علت ہو سکتا ہے۔اس سے معلوم ہوا کہ انسان کسی فعل کا انجام دینے پر مختار حقیقی اور مالک واقعی نہیں ہے ۔
مختار حقیقی وہ ہے جو کسی بیرونی غرض و غایت کے بغیر اختیاری فعل کو انجام دے۔ پس معلوم ہوا مختار حقیقی خدا کی ذات ہے کیونکہ وہ جو کام انجام دیتا ہے تو اس میں کسی بیرونی غایت کا عمل دخل نہیں ہے۔
ارادہ
ارادہ انسان کی وہ داخلی حالت ہے کہ جب وہ کسی فعل کا تصور کرتا ہے تو اس کا حصول اور غرض و غایت کی تصدیق کا شوق حاصل ہوتا ہے تو اس کا لازمہ یہ ہے کہ ارادہ اس میں پیدا ہوتا ہے۔ یعنی ارادہ ، فعل کا تصور اور فائدہ ، منفعت کی تصدیق اورشدید شوق کے حصول کے بعد واقع ہوتا ہے۔ اور یہ بھی ظاہر ہے کہ شوق ارادے سے جدا ہوسکتا ہے لیکن فعل ارادے سے جدا نہیں ہوسکتا ۔ مثال کے طور پر روزہ رکھنے والا کھانے پینے کا شوق تو رکھتا ہے لیکن کھانے کاارادہ نہیں کرتا، اور مریض دواکھانے کا شوق تونہیں رکھتا لیکن ارادہ ضرور کرلیتا ہے۔
قدرت
جو قدرت ہم میں پائی جاتی ہے بالقوہ ہے جسے فعلیت تک پہنچانے کیلئے کسی ترجیح دہندہ کی ضرورت ہوتی ہے۔ یعنی ہم دو متضاد فعل کے انجام دینے پر قادر ہیں، جب تک کوئی ترجیح دینے والا نہ آئے تب تک کوئی ایک فعل بھی ہم سے سرزد نہیں ہوگا۔ اور فعل کے انجام دینے کیلئے صرف قدرت کافی تھا تو فعل کے صادر ہونے کیلئے مرجح کی ضرورت نہ تھی اور ایک ہی وقت میں دو متضاد فعل کا انجام دینا ممکن ہوتا جبکہ ایسا نہیں ۔
لیکن قدرت الہی سے مراد قدرت بالفعل ہے اور وہ قادر بالذات ہے۔ خدا کی قدرت اس کا علم ہے۔ اس حیثیت سے کہ وہ قادر ہے تو عالم بھی ہے اور اس کا علم فعل کے صادر ہونے کا سبب ہے اور داعی اور غرض اپنے افعا ل کے انجام دینے کیلئے خود ذات باری تعالی ہے۔
ارادہ اور اختیار میں فرق
ارادہ کا معنی ، اختیارکے معنی سے زیادہ دقیق تر نہیں ۔ چنانچہ ہر اختیاری فعل میں فاعل کا ارادہ ہونا ضروری ہے تاکہ وہ فعل انجام پائے۔
سوال یہ ہے کہ ارادہ کی ماہیت کیا ہے اور اختیار کے ساتھ اس کی کیا نسبت ہے؟
جواب:
ارادہ کی ماہیت اوپر ذکر ہوا کہ وہ انگیزہ اورشوق جو انسان کوفعل کے انجام دینے کی طرف ترغیب دلاتا ہے۔ اور اوپر بیان ہوا کہ ارادہ ، شوق شدید سے پیدا ہوتا ہے۔ لیکن اختیار سے مراد یہ ہے کہ اس کا فعل علم ، ارادہ اور قدرت کے بعد واقع ہوتا ہے۔
مبادی اختیار کی تلاش
چنانچہ اختیار جبر کے مقابلے میں والی بحث سے واضح ہوا کہ خداوند فاعل مختار ہے اور انسان فاعل بالقصد ۔ اور اختیار انسان اور اختیار خدا میں نمایان فرق یہی ہے کہ خدا کیلئے لازم نہیں کہ کسی فعل کو انجام دینے کیلئے پہلے تصور کرے پھر انگیزہ پیدا ہوجائے جس کے بعد فعل کو انجام دے، بلکہ فقال لہ کن فیکون۔ لیکن انسان پہلے اس فعل کو تصور کرتا ہے اس کے بعد میل و رغبت پیدا ہوجاتا ہے پھر اقدام کرتا ہے۔ لیکن پھر بھی انسان کو کبھی کبھی تسامحاً فاعل مختار کہا جاتا ہے۔ یعنی فاعل اپنے فعل کے انجام دینے میں مجبور نہیں تھا بلکہ خود اپنے اختیارکے ساتھ انجام دیا۔ آپ یونیورسٹی کا ایک طالب علم کی مثال لیجئے : جو اپنے ماں باپ ، عزیز و اقرباء سے دور دوسرے شہر یا ملک میں تعلیم حاصل کرنے کے خاطر بہت ساری صعوبتیں اور دشواریاں برداشت کررہا ہے۔ واضح ہے کہ اس راہ میں بہت ساری دشواریوں کو متحمل ہورہا ہے، یہ خود طالب علم کا اختیاری عمل ہے۔ واضح ہے کہ اس راہ میں بہت ساری سختیوں کا متحمل ہونا خود طالب علم کا اختیاری عمل ہے کہ اپنی مرضی سے ان مشکلات کو برداشت کر رہا ہے۔ واضح ہے کہ اس کے کئی عوامل ہیں:
طالب علم جانتا ہے کہ اپنی تقدیر اور آنے والی زندگی کو سنوارنے کیلئے ان دشواریوں کے با وجود تحصیلات کا جاری رکھنا ضروری ہے۔
طالب علم میں یہ قدرت بھی ہے کہ جس چیز کا ارادہ کرے اسے بروی کار لائے۔
طالب علم کے اندر مختلف قسم کی میلانات اور خواہشات بھی پائی جاتی ہیں یعنی ایک طرف بہتر تعلیم حاصل کرنے کی خواہش شدت سے پائی جاتی ہے۔ دوسری طرف سے ان خواہشات کے حصول میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور یہ طالب علم پھر بھی ایک راہ کو اختیار کرلیتا ہے اگر یہی تین عوامل نہ ہوتے تو اس میں اختیار اور موازنہ کا زمینہ نہیں پاتا۔ پس اس مثال سے واضح ہوا کہ مبادی اختیار تین ہیں:
۱ ۔علم و آگاہی
اگر شناخت و آگاہی نہ ہو تو ممکن نہیں کہ ایک طرف کو انتخاب کرے اور مطلوبہ ہدف تک پہنچ جائے اس لئے اختیاری امور میں آگاہی اور شناخت کو بڑی اہمیت حاصل ہے۔ خصوصاً جب اس کے اندر مختلف قسم کی میلانات اور خواہشات پائی جائے تو اس عامل کی طرف زیادہ محتاج ہوتا ہے۔
۲ ۔توانائی اور قدرت
اگر توانائی نہ ہو تو صرف آگاہی انسان کو نفع نہیں پہنچا سکتی۔ لہذا وہ اختیارکا حق بھی نہیں رکھتا۔ کیونکہ عدم توانائی اسے کسی فعل کے ترک پر مجبور کرتا ہے۔ کیونکہ اگر اس میں توانائی اور قدرت پائی جاتی تو وہ اسے حتماً انجام دیتا ۔یہ توانائی جو انسان کے اندر پائی جاتی ہے کئی قسموں پر مشتمل ہے۔ وہ درج ذیل ہیں:
طبعی توانائی : یعنی جسمی امکانات اور قدرت بدنی ہے۔
صنعتی توانائی: یعنی انسانی فکر اور سوچ کی ترقی یافتہ ترین نمائش ہے۔
اجتماعی توانائی: یعنی انسان ایک دوسرے کی توانائی سے مدد لیکر اپنی ضروریات کو پورا کرلیتے ہیں ۔
روحی توانائی: یعنی جو قوانین طبیعت کے دائرے سے خارج ہے ۔ اور حواس خمسہ کے ذریعے بھی قابل درک نہیں ہے۔جو انسان کو ریاضت اور تلاش کرنے سے ہاتھ آتی ہے۔
۳. نفسانی خواہشات
گذشتہ مثال میں کچھ دقت کرے کہ اگر طالب علم کے اندر خواہشات مختلف نہ ہوتی اور اس کے سامنے فقط ایک ہی راستہ ہوتا تو کیا پھر بھی انتخاب اور اختیار کیلئے زمینہ باقی رہتا ؟ نہیں بلکہ انتخاب اور اختیارکا موضوع اس و قت محقق ہوگا کہ انسان کے اندر مختلف کشش اور خواہشات پائی جائے۔
روان شناس حضرات نے ان خواہشات نفسانی کو چار قسموں میں تقسیم کیا ہے:
غرائز
یعنی جو بدن انسان کے کسی ایک اندام سے وابستہ ہے ۔ مثال ؛ کھانے پینے اور سونے کی طرف رغبت پیدا کرتی ہے۔
عواطف
جو انسانوں میں ایک دوسرے کے خاطر پیدا ہوتا ہے۔ مثال کے طور پر ماں کی محبت بیٹے سے ۔ دوست کی محبت دوست سے، بہن کی محبت بھائی سے، ہادی کی محبت ہدایت پانے والوں سے و۔ ۔ ۔ یہ سب عواطف انسان ہے ۔
انفعالات
وہ منفی عواطف و احساسات جو انسان کو ایک دوسرے سے دور کرنے کا سبب بنتی ہیں۔ جیسے غم و غصہ ، نفرت دشمنی وغیرہ ۔
احساسات
روان شناسوں کی اصطلاح میں وہ میلانات جو فقط اور فقط انسان میں پائی جاتی ہیں۔ وہ تین قسم کی خواہشات ہیں:
تعظیم اور تجلیل کا احساس
خیر واہی کا احساس
اوربندگی اور پرستش کا احساس ۔ جو انسان کی بالا ترین خصوصیت ہے۔
نظام خلقت اور اختیار انسان
دنیا کی ساری چیزیں معلول خدا وندی ہیں۔ اور یہ تمام موجودات اس کی ذات پر جاکر اپنی انتہا کو پہنچتی ہیں ۔ اور انسا ن کا اختیاری فعل بھی انہی موجودات عالم کا جز ہے جو کسی موجد کا محتاج ہے جواسے وجود میں لائے۔ جس کا نتیجہ یہ ہے کہ انسان کا اختیاری فعل بھی خدا کے ذریعے انجام پاتا ہے۔
اخلاق اور اختیار
دینا کے سارے مکاتب فکر خواہ وہ اان سلام ہو یا مسیحیت ، خواہ وہ سوشلزم ہو یا کپیٹل ازم و۔ ۔ ۔ ہر ایک مکتب میں اخلاقی مسائل ایک مسلمہ اور مورد اتفاق حقیقت ہے اور اختیار ہی اختلاف کی بنیاد ہے۔ یعنی اخلاقی مسائل کا موضوع انسان کا اختیاری فعل ہے۔ اسی لئے کبھی دل کی دھڑکن خون کا جسم میں گردش کرنا و۔ ۔ ۔ کو اخلاقی اعتبار سے اچھا یا برا نہیں کہاجا سکتا۔ کیونکہ انسان کا انہیں انجام دینے یا نہ دینے میں کوئی کردار نہیں ۔ پس جہاں اختیار اور افعال شروع ہوتا ہے وہاں سے اچھا اور برا بھی کہہ سکتا ہے۔ جیسے کسی دوسرے پر احسان اور نیکی کرنا۔فدا کاری ، نعمت عطا کرنے والے کا شکر ادا کرنا و۔ ۔ ۔ یہ ایسے افعال ہیں جن کا ہونا اخلاقی طور پراچھا اور حسین ہے اور نہ ہونا اخلاقی طورپر برا اور قبیح ہے ۔ پس جس نے بھی انسان کے اندر اختیارکو نظر انداز کیا اور اسے مجبور سمجھا ، حقیقت میں اس نے اخلاق کو پایمال کردیا۔ اگرچہ زبان پر اقرار نہ بھی کرتا ہو۔
جس طرح مارکسیزم کے رہنما جو ان کے بڑے سیاست دانوں اور مفکروں میں شمار ہوتے ہیں۔ ہمیشہ اپنی تقاریر میں اخلاقی مفاہیم سے استفادہ کرتے ہوئے لوگوں کو بیوقوف بناتے ہیں۔ جبکہ ان کے مکتب فکر میں اخلاق اور اخلاقی مفاہیم کیلئے کوئی گنجائش نہیں ۔
قضا و قدر اور اختیار
اشکال: اگر انسان مختار ہے تو کیونکر اپنے افعال کو ارادہ الہی پر استناد کرتا ہے؟ اور اگر قضائے الہی پر استناد کرتا ہے توکس طرح اسے تابع اختیار انسان مان لیتے ہیں؟
جواب: ایک معلول کیلئے دوعلتوں کا ہونا ممکن نہیں ۔ مستشکل نے اس جملے کے مفہوم میں اشتباہ کیا ہے۔ انہوں نے علت ناقصہ اور علت تامہ کو ایک ہی نگا ہ سے دیکھا ہے۔ جبکہ ان دونوں علتوں میں آسمان و زمین کا فرق ہے۔ اور اس مقولۂ فلسفی سے مراد یہ ہے کہ دو علت ہستی بخش کا ایک ساتھ جمع ہونا ناممکن ہے ۔ نہ یہ کہ ایک علت ہستی بخش اور ایک یا ایک سے زیادہ علت ناقصہ کا جمع ہونا ۔
یہاں انسان کا ارادہ (علت معدہ) خدا کا ارادہ (علت العلل ) سے وابستہ ہے۔ جب تک ارادۂ الہی نہ ہو ارادۂ انسان وجود میں نہیں آسکتا۔ پس یہ دونوں علل ایک دوسرے کے طول میں ہیں نہ عرض میں۔
علامہ طباطبائی نے اس مسئلے کو ایک دلچسپ اور جالب مثال کے ذریعے سمجھایا ہے جو ہر ایک کیلئے قابل فہم ہے: فرماتے ہیں : ایک دولت مند شخص ہے اور اس کے کئی غلام اور کنیز ہیں۔ یہ شخص اپنے ایک غلام کیلئے اپنی کنیزوں میں سے ایک کو انتخاب کرتا ہے۔ اور شادی کراتا ہے۔ اور اسے زندگی کی تمام ضروریا ت دیدیتا ہے۔
اس صورت میں اگر کہے کہ ان لوازمات کا دینا غلام کی ملکیت پر کوئی اثر نہیں کرتا ۔ آقا مال دینے سے پہلے بھی وہی آقا تھا اب دینے کے بعد بھی وہی آقا ہے۔ اس کے اختیار میں کوئی کمی نہیں آئی اور غلام بھی اس میں اجازت کے بغیر تصرف نہیں کرسکتا ۔ یہ جبریوں کا نظریہ ہے۔
اگر کہےکہ جب مولا نے تمام اموال کو غلام کی ملکیت میں دے دی تو اب خود غلام مالک مطلق ہے۔ جس طریقے سے بھی چاہے تصرف کرسکتا ہے۔ کیونکہ غلام خود مالک مطلق بنا ہے۔اور مولی کی ملکیت باطل ہوگئی۔ یہ گروہ مفوضہ کا نظریہ ہے۔
اگر کہیں گے غلام ان چیزوں پر مالک بن جائے گا جو مولی نے اسے دی ہے لیکن مستقل مالک نہیں بلکہ مولی کی ملکیت کے دائرے میں رہ کر وہ مالک ہے۔ اب یہ غلام پر منحصر ہے کہ ان اموال کو مولی کی رضایت والے راستے میں خرچ کرے یا مولی کی مرضی کے خلاف خرچ کرکے مولی کا غیظ و غضب کو قبول کرے۔ پس غلام کی ملکیت مولی کی ملکیت کے طول میں ہے نہ عرض میں ۔ اس طرح مولی اصل مالک ہے اور غلام مالک تبعی ہے ۔ یہ نظریہ مذہب حقہ کا ہے۔
____________________