تفسیر نمونہ جلد ۹

تفسیر نمونہ 0%

تفسیر نمونہ مؤلف:
زمرہ جات: تفسیر قرآن

تفسیر نمونہ

مؤلف: آیت اللہ ناصر مکارم شیرازی
زمرہ جات:

مشاہدے: 33660
ڈاؤنلوڈ: 3543


تبصرے:

جلد 1 جلد 4 جلد 5 جلد 7 جلد 8 جلد 9 جلد 10 جلد 11 جلد 12 جلد 15
کتاب کے اندر تلاش کریں
  • ابتداء
  • پچھلا
  • 104 /
  • اگلا
  • آخر
  •  
  • ڈاؤنلوڈ HTML
  • ڈاؤنلوڈ Word
  • ڈاؤنلوڈ PDF
  • مشاہدے: 33660 / ڈاؤنلوڈ: 3543
سائز سائز سائز
تفسیر نمونہ

تفسیر نمونہ جلد 9

مؤلف:
اردو

آیات ۸۷،۸۸،۸۹،۹۰

۸۷( قَالُوا یَاشُعَیْبُ اٴَصَلَاتُکَ تَاٴْمُرُکَ اٴَنْ نَتْرُکَ مَا یَعْبُدُ آبَاؤُنَا اٴَوْ اٴَنْ نَفْعَلَ فِی اٴَمْوَالِنَا مَا نَشَاءُ إِنَّکَ لَاٴَنْتَ الْحَلِیمُ الرَّشِیدُ ) ۔

۸۸( قَالَ یَاقَوْمِ اٴَرَاٴَیْتُمْ إِنْ کُنتُ عَلیٰ بَیِّنَةٍ مِنْ رَبِّی وَرَزَقَنِی مِنْهُ رِزْقًا حَسَنًا وَمَا اٴُرِیدُ اٴَنْ اٴُخَالِفَکُمْ إِلیٰ مَا اٴَنْهَاکُمْ عَنْهُ إِنْ اٴُرِیدُ إِلاَّ الْإِصْلَاحَ مَا اسْتَطَعْتُ وَمَا تَوْفِیقِی إِلاَّ بِاللهِ عَلَیْهِ تَوَکَّلْتُ وَإِلَیْهِ اٴُنِیبُ ) ۔

۸۹ و( یَاقَوْمِ لَایَجْرِمَنَّکُمْ شِقَاقِی اٴَنْ یُصِیبَکُمْ مِثْلُ مَا اٴَصَابَ قَوْمَ نُوحٍ اٴَوْ قَوْمَ هُودٍ اٴَوْ قَوْمَ صَالِحٍ وَمَا قَوْمُ لُوطٍ مِنْکُمْ بِبَعِیدٍ ) ۔

۹۰( وَاسْتَغْفِرُوا رَبَّکُمْ ثُمَّ تُوبُوا إِلَیْهِ إِنَّ رَبِّی رَحِیمٌ وَدُودٌ ) ۔

ترجمہ

۸۷ ۔انھوں نے کہا: اے شعیب! کیا تیری نماز تجھے حکم دیتی ہے کہ ہم انھیں چھوڑ دیں کی جن کی ہمارے اباؤ اجداد پرستش کرتے تھے اور جو کچھ ہم اپنے اموال کے لئے چاہتے ہیں اسے انجام نہ دیں ، تُو بُرد بار اور رشید مرد ہے ۔

۸۸ ۔اس نے کہا-: اے میری قوم! اگر میرے پاس پروردگار کی طرف سے واضح دلیل ہو اور اس نے مجھے اچھا رزق دیا ہو (تو کیا مَیں اس کے فرمان کے خلاف عمل کرسکتا ہوں ؟)مَیں ہرگز نہیں چاہتا کہ جس چیز سے تمھیں روکتا ہوں اس کا خود ارتکاب کروں مَیں سوائے اصلاح کے ۔ جتنی کہ مجھ میں توانائی ہے ۔ اور کچھ نہیں چاہتا اور مجھے اللہ کے علاوہ توفیق نہیں ہے مَیں نے اس پر توکل کیا ہے اور میری اسی کی طرف بازگشت ہے ۔

۸۹ ۔اور اے میری قوم ! مبادا میری دشمنی اور مخالفت کے نتیجے میں تم اس انجام میں گرفتار ہوجاؤ کہ جس میں قومِ نوح یا قومِ ہود یا قومِ صالح گرفتار ہوئی ہے اور قومِ لوط تو تم سے زیادہ دور نہیں ہے ۔

۹۰ ۔اپنے پروردگار سے بخشش طلب کرو اور اس کی طرف رجوع اور توبہ کرو اور میرا پروردگار مہربان ہے اور (توبہ کرنے والوں بندوں کو )دوست رکھتا ہے ۔

ہٹ دھرموں کی بے بنیاد منطق

اب ہم دیکھتے ہیں کہ اس ہٹ دھرم قوم نے اس آسمانی مصلح کی دعوت کے جواب میں کیا ردِ عمل ظاہر کیا ۔

وہ جو بتوں کو اپنے بزرگوں کے آثار اور اپنے اصلی تمدن کی نشانی خیال کرتے تھے اور کم فروشی اور دھوکا بازی سے معاملات میں بڑے بڑے فائدے اور مفادات اٹھاتے تھے حضرت شعیبعليه‌السلام کے جواب میں کہا: اے شعیب! کیا تیری نماز تجھے حکم دیتی ہے کہ ہم انھیں چھوڑ دیں کی جن کی ہمارے آباؤ اجداد پرستش کرتے تھے( قَالُوا یَاشُعَیْبُ اٴَصَلَاتُکَ تَاٴْمُرُکَ اٴَنْ نَتْرُکَ مَا یَعْبُدُ آبَاؤُنَا ) ، اور یا اپنے اموال کے بارے میں اپنی آزادی سے ہاتھ دھو بیٹھیں( اٴَوْ اٴَنْ نَفْعَلَ فِی اٴَمْوَالِنَا مَا نَشَاءُ ) ، تُوتوایک بُرد بار، حوصلہ مند سمجھدار آدمی ہے تجھ سے یہ باتیں بعید ہیں( إِنَّکَ لَاٴَنْتَ الْحَلِیمُ الرَّشِید ) ۔

یہاں یہ سوال سامنے آتا ہے کہ انھوں نے حضرت شعیبعليه‌السلام کی نماز کا ذکر کیوں کیا؟ بعض مفسرین نے کہا ہے کہ یہ اس بنا پر تھا کہ حضرت شعیبعليه‌السلام زیادہ نماز پڑھتے تھے اور لوگوں سے کہتے تھے کہ نماز انسان کو بُرے اور قبیح اعمال سے روکتی ہے لیکن وہ نادان لوگ کہ جو نماز اور ترکِ منکرات کے رابطے کو نہ سمجھ سکے انھوں نے اس بات کا تمسخراڑایا اور کہا کہ کیا یہ ذکر و اذکار اور حرکات تجھے حکم دیتی ہیں کہ ہم اپنے بزرگوں کے طور طریقے اور مذہبی ثقافت کو پاؤں تلے روند دیں یا اپنے اموال کے بارے میں اپنا اختیار گنوا بیٹھیں ۔

بعض نے یہ احتمال بھی ظاہر کیا ہے کہ”صلوٰة“ دین ومذہب کی طرف اشارہ ہے کیوں کہ دین کا واضح ترین سمبل نماز ہے ۔

بہرحال اگر وہ صحیح طور پر غور وفکر کرتے توحقیقت پالیتے کہ نماز انسان میں احساسِ مسئولیت، تقویٰ، پرہیزگاری، خداترسی اور حق شناسی زندہ کرتی ہے ، اسے خدا کی اور اس کی عدالتِ عدل کی یاد دلاتی ہے، خود پسندی اور خودپرستی کا غبار اس کے صفحہ دل سے صاف کردیتی ہے، اسے جہانِ محدود وآلودہ سے دنیائے ماورا ء طبیعت، پاکیزیوں اور نیکیوں کی طرف متوجہ کرتی ہے اور اسی بنا پر اسے شرک، بت پرستی، بڑوں کی اندھی تقلید، کم فروشی اور طرح طرح کی دھوکہ بازی سے باز رکھتی ہے ۔

دوسرا سوال جو سامنے آتا ہے یہ ہے کہ کیا انھوں نے جملہ”( إِنَّکَ لَاٴَنْتَ الْحَلِیمُ الرَّشِید ) “،(تو عاقل، فہمیدہ اور بردبار شخص ہے) اعترافِ حقیقت وایمان کے طور پر کہا یا تمسخر واستہزاء کے طور پر؟

مفسرین نے دونوں احتمال ذکر کئے ہیں لیکن اگر پہلے آنے والے تمسخر آمیز جملے ”اٴَصَلَاتُکَ تَاٴْمُرُک “ کی طرف توجہ کریں تو یہی معلوم ہوتا ہے کہ انھوں نے یہ جملہ بھی استہزاء کے طور پر کہا ، ان کا اشارہ اس طرف تھا کہ ایک حلیم وبردبار شخص وہ ہے کو کسی چیز کا جب تک کافی مطالعہ نہ کرلے اور اس کے صحیح ہونے کا اسے اطمینان نہ ہوجائے اس پر اظہارِ رائے نہیں کرتا اور ایک رشید وعاقل شخص وہ ہے کہ جو ایک قوم کے رسم ورواج کو پامال نہ کرے اور سرمایہ داروں سے عمل کی آزادی سلب نہ کرے، پس معلوم ہوتا ہے کہ نہ تمہارا کافی مطالعہ ہے، نہ تمھاری عقل وفہم درست ہے اور نہ تمھاری سوچ گہری ہے، کیونکہ درست عقل اور گہری سوچ تقاضا کرتی ہے کہ انسان اپنے بڑوں کی سنت سے دستبردار نہ ہو اور کسی کی آزادی عمل سلب نہ کرے ۔

لیکن جنھوں نے ان کی باتوں کو حماقت پر محمول کیا تھا اور ان کی بے عقلی کی دلیل قرار دیا تھا انھیں حضرت شعیبعليه‌السلام نے کہا: اے میری قوم!(اے وہ لوگو! کہ تم مجھ سے ہو اور میں تم سے ہوں اور جو کچھ میں اپنے لئے پسند کرتا ہوں وہی تمھارے لئے بھی پسند کرتا ہوں ) اگرخدا نے مجھے واضح دلیل وحی اور نبوت دی ہو اوراس کے علاوہ مجھے پاکیزہ روزی اور حسبِ ضرورت مال دیا ہو تو کیا اس صورت میں صحیح ہے کہ مَیں اس کے فرمان کی مخالفت کروں یا تمھارے بارے میں کوئی غرض رکھوں اور تمھاری خیر خواہ نہ بنوں( قَالَ یَاقَوْمِ اٴَرَاٴَیْتُمْ إِنْ کُنتُ عَلیٰ بَیِّنَةٍ مِنْ رَبِّی وَرَزَقَنِی مِنْهُ رِزْقًا حَسَنًا ) ۔(۱)

اس جملے سے حضرت شعیبعليه‌السلام یہ کہنا چاہتے ہیں کہ اس کام میں میرا مقصد صرف روحانی، انسانی اور تربیتی ہے، مَیں ایسے حقائق کو جانتا ہوں جنھیں تم نہیں جانتے اور انسان ہمیشہ اس چیز کا دشمن ہوتا ہے جسے نہیں جانتا ۔

یہ بات جاذبِ توجہ ہے کہ ان آیات میں ”یاقوم“(اے میری قوم) کا تکرار ہوا ہے تاکہ قبولِ حق کے لئے ان کے جذبات اور میلانات کو نرم کیا جاسکے، حضرت شعیبعليه‌السلام اس طرح سے انھیں سمجھانا چاہتے تھے کہ تم مجھ سے ہو اور میں تم سے ہوں (چاہے یہاں ”قوم“ قبیلہ کے معنی میں ہو ، طائفہ اور خاندان کے معنی میں ہو یا اس گروہ کے معنی میں ہو کس کے درمیان وہ زندگی گزارتے تھے اور انہی کا حصہ شمار ہوتے تھے) ۔

اس کے بعد یہ عظیم پیغمبر مزید کہتے ہیں : یہ گمان نہ کرنا کہ مَیں تمھیں کسی چیز سے منع کروں اور پھر خود اسی کی جستجو میں لگ جاؤں( وَمَا اٴُرِیدُ اٴَنْ اٴُخَالِفَکُمْ إِلیٰ مَا اٴَنْهَاکُمْ عَنْه ) ۔

تمھیں کہوں کہ کم فروشی نہ کرو اور دھوکہ بازی اور ملاوٹ نہ کرو لیکن مَیں کود یہ اعمال انجام دوں کہ دولت وثروت اکٹھی کرنے لگوں یا تمھیں تو بتوں کی پرستش سے منع کرون مگر خود ان کے سامنے سرِتعظیم خم کروں ، نہیں ایسا ہر گز نہیں ۔

اس جملے سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ حضرت شعیبعليه‌السلام پر الزام لگاتے تھے کہ کود یہ فائدہ اٹھانے کا ارادہ رکھتا ہے لہٰذا وہ صراحت سے اس امر کی نفی کرتے ہیں ۔

آخر میں ان سے کہتے ہیں : میرا صرف ایک ہدف اور مقصد ہے اور وہ ہے اپنی قدرت واستطاعت کے مطابق تمھاری اور تمھارے معاشرے کی اصلاح( إِنْ اٴُرِیدُ إِلاَّ الْإِصْلَاحَ مَا اسْتَطَعْت ) ۔

یہ وہی ہدف ہے جو تمام پیغمبرون کی پیشِ نظر رہا ہے ۔ یعنی عقیدے کی اصلاح، اخلاق کی اصلاح، عمل کی اصلاح، روابط اور اجتماعی نظاموں کی اصلاح۔

اور اس ہدف تک پہنچنے کے لئے صرف خدا سے توفیق طلب کرتا ہوں( وَمَا تَوْفِیقِی إِلاَّ بِالله ) ۔

اسی بنا پر اپنی ذمہ داری کی انجام دہی اور پیغام پہنچانے اور اس عظیم ہدف تک پہنچنے کے لئے ”صرف اس پر بھروسہ کرتا ہوں اور تمام چیزوں میں میری بازگشت اسی کی طرف ہے( عَلَیْهِ تَوَکَّلْتُ وَإِلَیْهِ اٴُنِیبُ ) ، مشکلات کے حل کے لئے اس کی مدد پر بھروسہ کرتے ہوئے کوشش کرتا ہوں اور اس راہ میں سختیاں گوارا کرنے کے لئے اس کی طرف رجوع کرتا ہوں ۔

اس کے بعدا نہیں ایک اخلاقی نکتے کی طرف متوجہ کیا گیا ہے اور وہ یہ کہ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ انسان کسی بغض وعداوت کی بنا پر یا تعصب اورر ہٹ دھرمی سے اپنے تمام مصالح نظر انداز کردیتا ہے اور انجام کو فراموش کردیتاہے، حضرت شعیبعليه‌السلام نے ان سے فرمایا: اے میری قوم ! ایسا نہ ہو کہ میری دشمنی اورعداوت تمھیں گناہ، عصیان اور سر کشی پر ابھارے( وَیَاقَوْمِ لَایَجْرِمَنَّکُمْ شِقَاقِی ) ، اور کہیں ایسا نہ ہو کہ وہی بلائیں ، مصیبتیں ، تکلیفیں ، عذاب اور سزائیں جو میں قومِ نوح، قومِ ہود یا قومِ صالح کو پہنچیں وہ تمھیں بھی آلیں( اٴَنْ یُصِیبَکُمْ مِثْلُ مَا اٴَصَابَ قَوْمَ نُوحٍ اٴَوْ قَوْمَ هُودٍ اٴَوْ قَوْمَ صَالِح ) ، یہاں تک کہ قومِ لوط کے شہروں کا زیروزبر ہونا اور ان پر سنگباری کاواقعہ تم سے کوئی دور نہیں ہے( وَمَا قَوْمُ لُوطٍ مِنْکُمْ بِبَعِیدٍ ) ، نہ ان کا زمانہ ان سے کوئی دور ہے اور نہ ان کے علاقے تم سے دور ہیں اور نہ ہی تمھارے اعمال اور گناہ ان سے کچھ کم ہیں ۔

”مدین“ کہ جوقومِ شعیبعليه‌السلام کا مرکز تھا وہ قومِ لوط کے علاقے سے کوئی زیادہ فاصلے پر نہیں تھا، کیونکہ دونوں شامات کے علاقوں میں سے تھے، زمانے کے لحاظ سے اگرچہ کچھ فاصلہ تھا تاہم اتنا نہیں کہ ان کی تاریخ فراموش ہوچکی ہوتی، باقی رہا عمل کے لحاظ سے تو اگرچہ قومِ لوط کے جنسی انحرافات نمایاں تھے اور قومِ شعیبعليه‌السلام کے اقتصادی انحرفات زیادی تھے اور ظاہراً بہت مختلف تھے لیکن دونوں معاشرے میں فساد پیدا کرنے، اجتماعی نظام خراب کرنے، اخلاقی فضائل کو نابود کرنے اور برائی پھیلانے میں ایک دوسرے سے مشابہت رکھتے تھے، یہی وجہ ہے کہ کبھی ہم روایات میں دیکھتے ہیں کہ ایک درہم سُود کہ جس کا تعلق اقتصادی مسائل سے ہے کو ،زنا کہ جو ایک جنسی آلودگی کے برابر قرار دیا گیا ہے ۔(۲)

آخر میں حضرت شعیبعليه‌السلام انھیں دو حکم اور دیتے ہیں کہ جو در اصل ان تمام تبلیغات کا نتیجہ ہیں کہ جو اس گمراہ قوم میں وہ انجام دے چکے تھے ۔

پہلا یہ کہ” خدا سے مغفرت طلب کرو تاکہ گناہ سے پاک ہوجاؤ اور شرک وبت پرستی اور معاملات میں خیانت سے کنارہ کش ہوجاؤ( وَاسْتَغْفِرُوا رَبَّکُمْ ) ۔

ادوسرا یہ کہ گناہ سے پاک ہونے کے بعد اس کی طرف پلٹ آؤ کیونکہ وہ پاک ہے اور تم بھی پاک ہوکر اس کی خدمت میں آؤ( ثُمَّ تُوبُوا إِلَیْهِ ) ۔

دراصل استغفار، راہ ِ گناہ سے کنارہ کشی، خود کو پاک کرنا اور توبہ اس ذات کی طرف بازگشت ہے کہ جو لامتناہی وجود ہے ۔اور جان لو کہ تمہارا گناہ کتنا ہی عظیم اور سنگین کیوں نہ ہو بازگشت کی راہ تمھارے سامنے کھلی ہوئی ہے کیونکہ میرا پروردگاررحیم بھی ہے اوربندوں کودوست بھی رکھتا ہے( إِنَّ رَبِّی رَحِیمٌ وَدُود ) ۔

”ودود“ ”ود“ کا صیغہ مبالغہ ہے جس کا معنی ہے” محبت“ ،لفظ”رحیم“ کے بعد اس لفظ کاذکراس بات کی طرف اشارہ ہے کہ خدا تعالی نہ فقط اپنی رحیمیت کی بناء پر توبہ کرنے والے گنہ گار بندوں پر توجہ رکھتا ہے بلکہ اس سے قطع نظر انھیں بہت دوست رکھتا ہے، کیونکہ یہ دونوں (یعنی ۔ رحم اور محبت) خود بندوں کی استغفار اور توبہ قبول کرنے کا باعث ہیں ۔

____________________

۱۔ توجہ رکھئے گا مندرجہ بالا آیت میں جملہ شرطیہ کی جزا محذوف ہے اور اس کی جزا یہ ہے :افاعدل مع ذلک عما انا علیه من عبادته وتبلیغ دینه ۔

۲۔ اس نکتے کا ذکر بھی ضروری ہے کہ ”لا یجر منکم“ دو معنی میں آیاہے، ایک ”لایحملنکم “(یعنی ۔ تمھیں نہ ابھارے)، اس صورت میں آیت ترکیب کے لحاظ سے اس طرح ہوگی”لایجر من “فعل” شقاقفاعل ، ”کم“ مفعول اور ”ان یصیبکم “ مصدری معنی رکھتا ہے اور دوسرا مفعول، نیز اس صورت میں معنی یہ ہوگا کہ اے میری قوم! میری مخالفت تمھیں اس بات پر نہ ابھارے کہ تمہارا انجام قومِ نوح وغیرہ کی طرح ہو، دوسرا احتمال یہ ہے کہ ”تمھیں گناہ کی طرف نہ کھینچ کر لے جائے“، اس صورت میں ” یجرمن“ فعل،” شقاق“فاعل، اور ”کم“ مفعول ہے اور ”ان یصیبکم “ اس کا نتیجہ ہے اور آیت کا معنی وہی ہوگا جو ہم متن میں بیان کرچکے ہیں ۔

آیات ۹۱،۹۲،۹۳

۹۱( قَالُوا یَاشُعَیْبُ مَا نَفْقَهُ کَثِیرًا مِمَّا تَقُولُ وَإِنَّا لَنَرَاکَ فِینَا ضَعِیفًا وَلَوْلَارَهْطُکَ لَرَجَمْنَاکَ وَمَا اٴَنْتَ عَلَیْنَا بِعَزِیزٍ ) ۔

۹۲( قَالَ یَاقَوْمِ اٴَرَهْطِی اٴَعَزُّ عَلَیْکُمْ مِنْ اللهِ وَاتَّخَذْتُمُوهُ وَرَائَکُمْ ظِهْرِیًّا إِنَّ رَبِّی بِمَا تَعْمَلُونَ مُحِیطٌ ) ۔

۹۳( وَیَاقَوْمِ اعْمَلُوا عَلیٰ مَکَانَتِکُمْ إِنِّی عَامِلٌ سَوْفَ تَعْلَمُونَ مَنْ یَاٴْتِیهِ عَذَابٌ یُخْزِیهِ وَمَنْ هُوَ کَاذِبٌ وَارْتَقِبُوا إِنِّی مَعَکُمْ رَقِیبٌ ) ۔

ترجمہ

۹۱ ۔انھوں نے کہا: اے شعیب! بہت سی وہ باتیں جو تو کہتا ہے ہم نہیں سمجھ پاتے اور ہم تجھے اپنے مابین کمزور پاتے ہیں اور اگر تیرے چھوٹے سے قبیلے کا احترام پیشِ نظر نہ ہوتا تو ہم تجھے سنگسار کرتے اور تُوہمارے مقابلے کی طاقت نہیں رکھتا ۔

۹۲ ۔اس نے کہا: اے قوم! کیا میرا چھوٹا سا قبیلہ تمھارے نزدیک خدا سے زیادہ عزت دار ہے جب کہ تم نے اس کے فرمان کو پسِ پشت ڈال دیا ہے، جو کچھ تم انجام دیتے ہو میرا پروردگار اس پر محیط ہے (اور اس سے آگاہ ہے) ۔

۹۳ ۔اے قوم! جو کچھ تم سے ہوسکے کرگزرو اور مَیں بھی اپنا کام کروں گا اور عنقریب تمھیں معلوم ہوجائے گا کہ خوار ورسوا کرنے والا عذاب کس کے پیچھے آتا ہے اور کون جھوٹا ہے،تم انتظار کرو اور مَیں بھی انتظار کرتا ہوں ۔

ایک دوسرے کو دھمکیاں

یہ عظیم پیغمبر۔ حضرت شعیبعليه‌السلام کہ انتہائی جچے تُلے، بلیغ اور دلنشین کلام کی وجہ سے جن کا لقب” خطیب الانبیاء“ ہے،(۱) ان کا کلام ان لوگوں کی روحانی ومادی زندگی کی راہیں کھولنے والا تھا، انھوں نے بڑے صبر، حوصلے، متانت اور دلسوزی کے ساتھ ان سے تمام باتیں کیں لیکن ہم دیکھ رہے ہیں کہ اس گمراہ قوم نے انھیں کس طرح سے جواب دیا ۔

انھوں نے چار جملوں میں جو ڈھٹائی، جہالت اور بے خبری کا مظہرتھے آپ کو جواب دیا ۔

پہلے وہ کہنے لگے: اے شعیب!تمھاری زیادہ تر باتیں ہماری سمجھ میں نہیں آتیں( قَالُوا یَاشُعَیْبُ مَا نَفْقَهُ کَثِیرًا مِمَّا تَقُولُ ) ، بنیادی طور پر تیری باتوں کا کوئی سر پیر ہی نہیں ، ان میں کوئی خاص بات اور منطق ہی نہیں کہ ہم ان پر کوئی غور وفکر کریں ، لہٰذا ان میں کوئی ایسی چیز نہیں جس پر ہم عمل کریں اس لئے تم اپنے آپ کو زیادہ نہ تھکاؤ اور دوسرے لوگوں کے پیچھے جاؤ۔

دوسرایہ کہ ہم تجھے اپنے مابین کمزور پاتے ہیں( وَإِنَّا لَنَرَاکَ فِینَا ضَعِیفًا ) ، لہٰذا اگر تم یہ سوچتے ہو کہ تم اپنی بے منطق باتیں طاقت کے بل پر منوا لو گے تو یہ بھی تمھاری غلط فہمی ہے ۔

یہ گمان نہ کرو کہ اگرہم تم سے پوچھ گچھ نہیں کرتے یہ تمھاری طاقت کے خوف سے ہے” اگر تیری قوم وقبیلے کا احترام پیشِ نظر نہ ہوتا تو ہم تجھے بدترین طریقے سے قتل کردیتے اور تجھے سنگسار کرتے( وَلَوْلَارَهْطُکَ لَرَجَمْنَاک ) ۔

یہ بات قابلِ توجہ ہے کہ انھوں نے حضرت شعیبعليه‌السلام کے قبیلے کو ”رھط“ کے لفظ سے یاد کیا کہ جس کا لغتِ عرب میں تین سے کم تعداد سے لے کر سات یا دس یا بعض کے بقول زیادہ سے زیادہ چالیس افراد پر اطلاق ہوتا ہے، یہ اس طرف اشارہ ہے کہ تیری قبیلے کی بھی ہماری نظر میں کوئی طاقت نہیں بلکہ دوسرے لحاظ ہیں جو ہمیں اس کام سے روکتے ہیں ، یہ بالکل اس طرح ہے جیسے ہم کسی سے کہتے ہیں کہ اگر تیری قوم اور خاندان کے ان چار افراد کا لحاظ نہ ہو تو ہم تیرا حق تیرے ہاتھ پر رکھ دیتے جب کہ در اصل اس کی قوم اور خاندان کے وہی چار افراد نہیں ہیں بلکہ مقصد یہ ہے کہ وہ طاقت کے لحاظ سے اہمیت نہیں رکھتے ۔

آخر میں انہوں نے کہا: تُوہمارے لئے کویہ طاقتور اور ناقبلِ شکست شخص نہیں ہے( وَمَا اٴَنْتَ عَلَیْنَا بِعَزِیزٍ ) ، اگرچہ تو اپنے قبیلے کے بزرگوں میں شمار ہوتا ہے لیکن جو پپروگرام تیرے پیشِ نظر ہے اس کی وجہ سے ہماری نگاہ میں تیری کوئی وقعت اور منزلت نہیں ہے ۔

حضرت شعیبعليه‌السلام ان کی باتوں کے نشتروں اور توہین آمیز رویّے سے (سیخ پا ہوکر) اٹھ کر نہ چلے گئے بلکہ آپ نے اسی طرح انھیں پُر منطق اور بلیغ پیرائے میں جواب دیا: اے قوم! کیا میرے قبیلے کے یہ چند افراد تمھارے نزدیک خدا سے زیادہ عزیز ہیں( قَالَ یَاقَوْمِ اٴَرَهْطِی اٴَعَزُّ عَلَیْکُمْ مِنَ الله ) ، تم میرے خاندان کی خاطر جو تمھارے بقول چند نفر سے زیادہ نہیں ہیں مجھے آزار نہیں پہنچاتے ہو، تو کیوں خدا کے لئے تم میری باتوں کو قبول نہیں کرتے ہو، کیا عظمتِ خدا کے سامنے چند افراد کی کوئی حیثیت ہے؟

کیا تم کدا کے کسی احترام کے قائل ہو” جب کہ اسے اور اس کے فرمان کوتم نے پسِ پشت ڈال دیا ہے( وَاتَّخَذْتُمُوهُ وَرَائَکُمْ ظِهْرِیًّا ) ۔(۲)

آخر میں حضرت شعیبعليه‌السلام کہتے ہیں :یہ خیال نہ کرو کہ خدا تمھارے اعمال کو نہیں دیکھتا اور تمھاری باتیں نہیں سنتا، یقین جانو کہ میرا پروردگار ان تمام اعمال پر محیط ہے جو تم انجام دیتے( إِنَّ رَبِّی بِمَا تَعْمَلُونَ مُحِیط ) ۔

بلیغ سخنور وہ ہے جو اپنی باتوں میں مدِّ مقابل کی تمام تنقیدوں کا جواب دے، قومِ شعیبعليه‌السلام کے مشرکین نے چونکہ اپنی باتوں کے آخر میں ضمناً انھیں سنگسار کرنے کی دھمکی دی تھی اور ان کے سامنے اپنی طاقت کا اظہار کیا تھا لہٰذا ان کی دھمکی کے جواب میں حضرت شعیبعليه‌السلام نے اپنا موقف اس طرح سے بیان کیا:اے میری قوم! جو کچھ تمھارے بس میں ہے کرگزرواور اس میں کوتاہی نہ کرو اور جو کچھ تم سے ہوسکتا ہے اس میں رُو رعایت نہ کرو( وَیَاقَوْمِ اعْمَلُوا عَلیٰ مَکَانَتِکُم ) (۳) ،مَیں بھی اپنا کام کروں گا( إِنِّی عَامِلٌ ) لیکن تم جلد سمجھ جاؤ گے کہ کون رسوا کن عذاب میں گرفتار ہوتا ہے اور کون جھوٹا ہے،مَیں یا تم( سَوْفَ تَعْلَمُونَ مَنْ یَاٴْتِیهِ عَذَابٌ یُخْزِیهِ وَمَنْ هُوَ کَاذِب ) ۔اور اب جب معاملہ اس طرح ہے تو تم بھی انتظار کرو اور مَیں بھی انتظار کرتا ہوں( وَارْتَقِبُوا إِنِّی مَعَکُمْ رَقِیبٌ ) ۔(۴)

تم اپنی طاقت، تعداد، سرمائے اوراثرورسوخ سے مجھ پر کامیابی کے انتظار میں رہو اور میں بھی انتظار میں ہوں کہ عنقریب دردناک عذابِ الٰہی تم جیسی گمراہ قوم کے دامن گیر ہو اور تمھیں صفحہ ہستی سے مٹا دے ۔

____________________

۱۔ سفینة البحار،مادہ ”شعیب“۔

۱۔ عربی زبان میں جب کسی چیز کے بارے میں اپنی بے اعتنائی کا اظہار کرتے ہیں تو کہتے ہیں ”جعلته تحت قدمی “یا”جعلته دبرا ذنی “ یا”جعلته وراء ظهری “ یا”جعلته ظهریا “ (یعنی وہ میرے زیرِ پا ہے یا مَیں نے اسے پسِ پشت ڈال رکھا ہے وغیرہ) اور ”ظهری “ کا مادہ”ظهر “ (بروزن”قہر“ )ہے اور”ی“ یہاں یاء نسبت ہے اور ”ظ“ کے نیچے زیر ان تبدیلیوں کی بناء پر ہے جو کبھی اسمِ منسوب میں کی جاتی ہے ۔

۲۔ ”مکانة“ مصدر یا اسم مصدر ہے اور یہ کسی چیز پر قدرت رکھنے کے معنی میں ہے ۔

۴۔ ”رقیب“ کا معنی ہے محافظ، نگران اور نگہبان، یہ دراصل”رقبہ“ سے لیا گیا ہے جس کا معنی ہے”گردن“ یہ معنی اس کے لئے ہے کہ گردن کا محافظ اور نگران اس کی حفاظت کرتا ہے جو اس کی محافظت میں ہو (یہ اس سے کنایہ ہے کہ اس کی جان کی محافظت کرتا ہے) یا اس بنا پر کہ وہ گردن اونچی رکھتا ہے تاکہ پاسداری اور حفاظت کا کام انجام دے سکے ۔