امام الحسین(ع): تاریخ کے بیابان میں آپ کی گونجتی ہوئی پکار
-
- شائع
-
- مؤلف:
- مؤلف: سماحة الشيخ صادق النابلسي حفظه الله. مترجم: یوسف حسین عاقلی
- ذرائع:
- http://alhassanain.org/arabic/?com=content&id=7050
مؤلف: سماحة الشيخ صادق النابلسي حفظه الله.
مترجم: یوسف حسین عاقلی
عاشوراء کی یاد جب بھی آتی ہے، وہ انسانی جذبات کے اُبلنے اور ایمانی تحریک کے شعلہ بار ہونے کا لمحہ ہوتی ہے، جو یاد کی تکرار سے نہ تھکتی ہے اور نہ ختم ہوتی ہے، کیونکہ عاشوراء کوئی دہرایا جانے والا متن نہیں اور نہ (فراموشی کا پورٹریٹ) ہے، بلکہ یہ ایک فکری، اقداری اور انقلابی چشمہ ہے جو کبھی خشک نہیں ہوتا اور جو اس میں پھونک مارتا ہے وہ راکھ میں نہیں پھونکتا، بلکہ شہادت کی خوشبو اور شہداء کے خون سے بھرے ہوئے بھڑکتے اور شعلہ زن انگارے میں پھونکتا ہے۔ عاشوراء میں کسی "دور کے شخص" کے بارے میں بات نہیں ہوتی جسے محبّین اپنے درمیان موجود کرنے کی کوشش کرتے ہیں، اور نہ کسی ایسی قربانی کے بارے میں جو خیال، فنتاسی، اساطیر یا مذہبی عصبیتوں کی حرکت میں بہتی ہے، اور نہ کسی ناول کی شاہکار کے بارے میں جس کی تخلیقی چاشنی سانحہ خیزی اور رونے پیٹنے میں پنہاں ہو۔ عاشوراء میں اس جرم کے بارے میں بات ہوتی ہے جو انسانیت، تمام انسانیت، اس کے وجود، اس کے ضمیر اور اس کے مستقبل کے خلاف کیا گیا، اور اس حق کے بارے میں جس پر عمل نہیں کیا جاتا اور اس باطل کے بارے میں جس سے باز نہیں آیا جاتا، اور اس شہادت کے بارے میں جو احیاء، تحریک اور بیداری کا مدرسہ بن گئی، اور اس انقلاب کے بارے میں جس نے اسلام کو نئے سرے سے جنم دیا اور اسے جڑ پکڑنے، تسلسل اور پھیلاؤ کی راہ میں ایک اضافی معنی عطا کیا، اور اس قربانی کے بارے میں جو بلندی، برتری اور ایثار میں اپنی انتہا کو پہنچ گئی تاکہ اللہ کا کلام ہی بلند تر رہے۔ حقیقت میں، جب کوئی فرد اس یاد کا قریب جاتا ہے اور اس کی معمولی ترین شکلوں میں داخل ہوتا ہے، تو وہ محسوس کرے گا کہ وہ اپنی ذات کو دریافت کر رہا ہے اور اس کی منزلوں اور حدود پر اپنے نفس میں جھانک رہا ہے، اور اس نے اپنی زندگی اس قضیہ کی شناخت سے دوری میں گزاری ہے جسے حسین، اسلام، آزادی اور انسانیت کے دشمنوں کا ارادہ تھا کہ اسے نامعلوم اور گمنام، مخفی اور پوشیدہ، اور طرح طرح کی تلبیس اور تحریف کی آڑ میں چھپا کر رکھیں۔ پس اگر نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے باطل کے خلاف ایک انقلاب برپا کیا تھا جس کا ہدف شرک کی تمام علامات کا قلع قمع کرنا تھا، تو حسین (ع) نے اپنے جد امجد کی روحانی اور فکری اساس سے ہم آہنگ ایک انقلاب برپا کیا جس کا ہدف بھی شرک کی ان تمام علامات کا خاتمہ تھا جو دوسری مختلف شکلوں میں رنگین ہو چکی تھیں اور اگر نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اسلام کو ایک واضح، عیاں اور ملموس حقیقت کے طور پر وجود بخشا، تو حسین (ع) نے اپنی شہادت اور انقلاب کے ذریعے اس تسلسل کے عمل کو مکمل کیا اور اس کی دوام اور بقا کی حفاظت کی۔
یہاں سے ہم سمجھتے ہیں کہ ان کا قیام کتنا اہم تھا جب فساد عام ہو گیا تھا اور ایسی حقیقت میں تبدیل ہو گیا تھا جسے گھوڑوں کی سمّوں اور تلوار کی دھار کے سوا کوئی چیز جڑ سے اکھاڑ نہیں سکتی تھی اور اس کا مطلب یہ بھی ہے کہ باطل اور ظلم پر خاموشی اسلام کی اصل میں موت ہے، اور موجودہ صورت حال کو قبول کرنا منکر کے سامنے سرنگوں اور مطیع ہونا، اور ظالموں کے ظلم اور جابروں کے جور کے آگے جھکنا ہے۔
ان خوفناک حالات میں امت مسلمہ خوف اور حرص میں ڈوبی ہوئی تھی، منفعلانہ غیر جانبداری اور دنیاوی نجات کی طرف مائل تھی اور اسے کسی ایسے شخص کی ضرورت تھی جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اسلام کے ساتھ اس کی قلیل المدت یادداشت کو سنبھالے تاکہ وہ مستقبل اور اقدار سے ناواقف نہ ہو جائے اور بت پرستی کی جاہلیت اور لڑکیوں کو زندہ دفن کرنے کی طرف واپس نہ چلی جائے۔
چنانچہ حسین، جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے وارث اور انبیاء کی تحریک، جہاد، علم، توحید، عدل اور یقین کے وارث تھے، تاریخ اور آنے والے زمانے کی بیابان میں چلّائے:
"وإني لم أخرج أشراً ولا بطراً ولا مفسداً ولا ظالماً، وإنما خرجت لطلب الإصلاح في أمة جدي أريد أن آمر بالمعروف وأنهى عن المنكر، أسير بسيرة جدي وأبي علي بن أبي طالب (ع) فمن قبلني بقبول الحق فالله أولى بالحق، ومن رد علي هذا أصبر حتى يقضي الله بيني وبين القوم بالحق وهو خير الحاكمين"
یعنی میں نے بغاوت نہیں کی، نہ شرارت کے لیے، نہ فساد اور نہ ظلم کے لیے، بلکہ میں اپنے نانا کی امت میں اصلاح کے طلب کے لیے نکلا ہوں، میں چاہتا ہوں کہ نیکی کا حکم دوں اور برائی سے روکوں، میں اپنے نانا اور اپنے والد علی بن ابی طالب (ع) کی سیرت پر چلوں گا، پس جو مجھے حق کے ساتھ قبول کرے تو اللہ حق کا زیادہ حقدار ہے، اور جو مجھے رد کرے تو میں صبر کروں گا یہاں تک کہ اللہ میرے اور ان لوگوں کے درمیان حق کے ساتھ فیصلہ کر دے اور وہ بہترین فیصلہ کرنے والا ہے۔
اور کربلا کی بیابان میں، آگ اور شعلوں اور نفرت سے گھری ہوئی اجنبی سرزمین پر، تاریخ انسانی کا سب سے بڑا چیلنج، سب سے بڑا استقامت اور سب سے بڑی شہادت تھی، حسین اور ان کے بیٹوں اور ساتھیوں کے مقابلے میں ایسے "مسلمان" تھے جن پر قرآن کا یہ قول صادق آتا ہے:
﴿ صُمٌّ بُكْمٌ عُمْيٌ فَهُمْ لَا يَرْجِعُونَ ﴾ 1،
جنہیں تم دین، مال یا جان کے معاملے میں امین نہیں مان سکتے تھے، وہ حسین کو شکست دینا چاہتے تھے اور وہ دین کو زندہ کرنا چاہتا تھا، وہ حکومت اور اقتدار پر قبضہ کرنا چاہتے تھے اور وہ اپنے رب کی ملاقات اور شہادت کو پہنچنے کی کوشش میں تھا، وہ اپنی پوری جہالت اور فطرت پسندی کے ساتھ تھے، اور وہ اپنے پورے شعور، ایمان اور یقین کے ساتھ تھا، وہ دنیا کے غلام تھے اور دین ان کی زبانوں پر رینگتا تھا، اور وہ ابوعبداللہ تھے جو اس قرآنی آیت پر عمل کرتے تھے:
﴿ يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اسْتَجِيبُوا لِلَّهِ وَلِلرَّسُولِ إِذَا دَعَاكُمْ لِمَا يُحْيِيكُمْ ... ﴾ 2۔
اس تاریخی موڑ پر حسین جانتے تھے کہ وہ انسانیت کا محور ہیں، توحید کا محور ہیں، عدل کا محور ہیں، استقامت، اصلاح اور حق کا محور ہیں اور ان پر پہلے اللہ کے سامنے ذمہ دار ہونا تھا اور پھر انسانی ضمیر، انسانی تاریخ اور انسانی مستقبل کے سامنے، اور اپنی پوری ذات کو فنا کر کے اللہ کو انسانیت، عقیدہ، اقدار اور اصولوں کی خاطر دے دینا تھا۔ ان کے ذہن میں کوئی تذبذب نہیں تھا اور نہ ان کے دل میں کوئی لغزش، خوف یا کمزوری تھی، وہ اس ذمہ داری کو بڑی جرأت اور عظیم بہادری کے ساتھ انجام دینے، اور کسی بھی دنیاوی طاقت اور قوت کی تنقید، ملامت اور مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے تھے، خواہ اس کا مرتبہ کتنا ہی بلند ہو، اور اس کے جھوٹے پردے چاک کرنے اور دھوکے باز نعروں کو بے نقاب کرنے کی صلاحیت رکھتے تھے۔ واقعات کا سلسلہ جس کا امام حسین نے سامنا کیا تقریباً ختم نہ ہونے والا ہے اور ان کا کلام آنے والے زمانے کے ساتھ ہمیشہ موجود ہے، اس لیے انہوں نے تاریخ کے منبر پر چڑھ کر اپنے انقلاب کے اہداف، اصولوں، مبداء اور تحریک کی وضاحت کی، اور اس دنوں اور آنے والے دنوں سے متعلقہ امور کو بیان کیا، پس انہوں نے ایک زندہ شہادت دی، جس کا مقصد شعور اور ایمان کی سطح کو بلند کرنا تھا تاکہ لوگ باشعور، ذمہ دار، آزاد اور باعزت افراد بنیں اور ان میں ظلم، بزدلی اور استسلام کی حقیقت سے نکلنے کا عزم پیدا ہو اور جب ہم کربلا کے بیابان میں ان کی پکار "هل من ناصر ينصرني" سنتے ہیں تو ہم جانتے ہیں کہ وہ اپنا یہ سوال آنے والی نسلوں کی طرف کر رہے تھے، اور ان سے جواب کی توقع کر رہے تھے تاکہ جو اسلام، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، اس کے دین، عقیدہ اور پیغام کے ساتھ ہونا چاہے، وہ اس کی صف میں شامل ہو، وہ چاہتے تھے کہ انسانیت کا جمہور معمولات، فضولیت، پستی اور باطل خیالات کو چیلنج کرے، اور آسمانی اقدار کا دفاع کرے اور جہاد کا پرچم بلند کرے یہاں تک کہ اپنے نبی اور انسانیت کے لیے فتح حاصل کرے جس پر ظلم اپنی تمام اقسام اور صورتحال میں حملہ آور ہوتا ہے۔
یہ سچ ہے کہ امام حسین (ع) مادی اور جسمانی طور پر شکست کھا گئے، لیکن وہ اپنی شہادت، اقدار، افکار اور پیغام کے ساتھ فتح یاب ہوئے اور انہوں نے ذلت آمیز زندگی پر عزت والی شہادت کو ترجیح دی، چنانچہ وہ تاریخی اور استثنائی شخصیت بن گئے جنہوں نے دین کی حفاظت کی تاکہ امت محمدی (ص) گواہ بننے والی، اسوہ اور نمونہ امت بن سکے، پس کیا آج کوئی حسین کی آواز سنتا اور اسے سمجھتا ہے! یہ وہ آواز ہے جو تاریخ کی گہرائیوں میں گونجی اور اس کی بازگشت اب بھی سنائی دیتی ہے
"إن الدعيَّ ابن الدعيَّ قد ركز بين اثنتين بين السلة والذلة وهيهات منا الذلة" ۳۔
یعنی بے شک حرام زادہ، حرام زادے کے بیٹے نے ہمیں دو چیزوں کے درمیان کھڑا کر دیا ہے، تلوار (قتل) اور ذلت کے درمیان، اور ہم سے ذلت دور ہے۔
__________
1. القران الكريم: سورة البقرة (2)، الآية: 18
2. القران الكريم: سورة الأنفال (8)، الآية: 24
3. المصدر: جريدة الثبات الجمعة 8 محرم1431- 25كانون الاول 2009 السنة الثانية العدد 95

