امامين حسنين عليهما السلام ثقافتى اور فکر اسلامى - نيٹ ورک

حضرت زہراؑ کی زندگی: ولادت سے شہادت تک

0 ووٹ دیں 00.0 / 5

حضرت زہراؑ کی زندگی: ولادت سے شہادت تک
ماخذ: میزان
کاوشِ ترجمہ: یوسف حسین عاقلی


فاطمیہ

حضرت زہراؑ ۲۰ جمادی الثانی، بعثت کے پانچویں سال، مکہ مکرمہ میں پیدا ہوئیں اور ۳ جمادی الثانی، گیارہ ہجری کو مدینہ منورہ میں اٹھارہ سال کی عمر میں شہید ہوئیں۔
حضرت زہراؑ دنیا کی تاریخ کی پانچ مقدس خواتین میں سے ایک ہیں اور دین اسلام میں ان کا بہت بلند مقام ہے۔ آپؑ تیسرے معصوم، معصوم کے دختر، معصوم کی زوجہ اور معصوم کی والدہ ہیں اور آپؑ میں متعدد ممتاز خصوصیات موجود ہیں۔
شیعہ ائمہ کرام علیہم السلام میں سے ۱۲ امام حضرت فاطمہ زہراؑ کی نسل سے ہیں؛ روایات کے مطابق سورۂ کوثر، سورۂ انسان، آیۂ تطہیر اور آیۂ مودت جیسی قرآنی آیات آپؑ اور آپؑ کے شوہرنامدار اور اولاد کے حق میں نازل ہوئی ہیں اور آپؑ سے دوستی اور دشمنی، پیغمبر(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے دوستی اور دشمنی کے مترادف ہے۔
یہ بات کسی سے مخفی نہیں کہ حضرت زہراؑ اپنے والد حضرت محمد(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی تمام صفات اپنے اندر رکھتی تھیں۔ 
حضرت زہراؑ نے نہ صرف اپنے والد کی صفات اپنے اندر رکھی تھیں بلکہ علم، معرفت، اخلاق اور ایمان میں سے جو کچھ بھی والد کے پاس تھا، وہ سب دوسروں تک پہنچایا تاکہ اسلام کی حقیقت زندہ اور جاودان رہے۔

 حضرت زہراؑ کی زندگی
حضرت فاطمہ زہراؑ خاتم الانبیاء حضرت محمد(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اور حضرت خدیجہ کبریٰؑ کی دختر، حضرت امام علیؑ کی زوجہ اور حضرت امام حسنؑ، امام حسینؑ اور حضرت زینب کبریٰؑ کی والدہ گرامی ہیں۔
حضرت فاطمہ  زہراؑ کے والد گرامی خاتم پیغمبران الٰہی اور پرقردگارِحق کی بہترین مخلوق ہیں اور آپؑ کی والدہ  گرامی خدیجہؑ ، قریش کی عظیم اور شریف خواتین میں سے تھیں اوراسلام میں سب سے پہلے اسلام قبول کرنے والی ہستیوں میں سے پہلی خاتون تھیں اورآپ ؑ  نے اپنی تمام دولت اور مال و اسباب اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کیلئے صرف کر دیا۔ حضرت خدیجہؑ  دورِ جاہلیت میں اور اسلام کے ظہور سے پہلے بھی پاکدامنی کیلئے مشہور تھیں، یہاں تک کہ انہیں طاہرہ (پاکیزہ) کہا جاتا تھا۔

 حضرت زہراؑ کی ولادتِ باسعادت
حضرت فاطمہ زہراؑ ۲۰ جمادی الثانی، بعثت کے پانچویں سال، مکہ مکرمہ میں پیدا ہوئیں۔
آپؑ کی تاریخِ ولادت کے بارے میں  تاریخی کتب میں اختلاف ہے۔ آپؑ کی تاریخِ ولادت زیادہ تر اہل  عامہ(سنت) کے مصادر میں بعثت سے پانچ سال پہلے اور اس وقت جب قریش خانہ کعبہ کی مرمت میں مصروف تھے، بعض میں بعثت کے دوسرے سال اور زیادہ تر شیعہ مصادر میں بعثت کے پانچویں سال ذکر کی گئی ہے۔
بعض روایات کے مطابق رسول اکرم(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو حضرت فاطمہ زہراؑ کی نطفہ بندی سے پہلےپرودگارِ حق کی طرف سے حکم دیا گیا کہ چالیس دن تک حضرت خدیجہؑ سے دور رہیں اور گھر چھوڑ کر کسی جگہ اعتکاف کریں۔ آپ(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے یہ دن روزے اور عبادت میں گزارے اور اس چالیس روزہ اعتکاف کے آخر میں جبرائیل رسول خدا(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) پر نازل ہوئے اور اپنے ساتھ کھانا لائے ہوئے پیغمبر(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے کہا: خدا کے حکم سے اس کھانے سے افطار کریں جو میں نے خدا کے حکم سے بہشت سے آپ کیلئے لایا ہے۔
 پس رسول خدا(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے اس کھانے سے افطار کیا اور افطار کے بعد حضرت خدیجہؑ کے گھر کی طرف روانہ ہوئے اور اسی رات فاطمہؑ کی پاک نطفہ منعقد ہوئی۔
ایک روایت میں آیا ہے کہ رسول خدا(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے حضرت زہراؑ کی حمل کے دوران حضرت خدیجہؑ سے فرمایا: اے خدیجہ! جبرائیل نے مجھے بشارت دی ہے کہ وہ (اولاد) دختر ہے، اور کہا ہے کہ وہ پاک اور مبارک نسل کی بنیاد ہے اور خداوند تبارک و تعالیٰ نے مقدر فرمایا ہے کہ میری نسل اسی کے ذریعے قائم اور باقی رہے، اور یہ بھی مقرر فرمایا ہے کہ اس کی اولاد وحی کے منقطع ہونے کے بعد زمین پر امام اور خدا کی خلیفہ ہوں۔
پیغمبر اکرم(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے اپنی عزیز بیٹی کا نام فاطمہ رکھا، جس کی وجہ تسمیہ کے بارے میں آپ(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے ایک حدیث میں آیا ہے:
«إنَّ اللّهَ عَزَّوَجَلَّ فَطمَ ابْنَتِی فاطِمَة وَ وُلدَها وَ مَنْ أَحَبَّهُمْ مِنَ النّارِ فَلِذلِکَ سُمِّیَتْ فاطِمَة»
خداوند عزوجل نے میری بیٹی فاطمہ، اس کی اولاد اور ہر اس شخص کو جو ان سے محبت کرے، آتشِ دوزخ سے جدا کر دیا، اسی لیے اس کا نام فاطمہ رکھا گیا۔
ایک اور جگہ آپ(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے ان کے فاطمہ نام رکھنے کی وجہ یوں بیان فرمائی کہ وہ ہر برائی سے جدا اور کٹی ہوئی ہیں۔
اکثر شیعہ مفسرین اور اہل عامہ( تسنن )کے بعض بڑے مفسرین جیسے فخر رازی نے سورۂ کوثر کی پہلی آیت کو حضرت فاطمہ زہراؑ پر منطبق کیا ہے اور انہیں خیرِ کثیر اور پیغمبر اکرم(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی نسل اور ذریت کے بقا اور پھیلاؤ کا سبب قرار دیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اس سورت کی آخری آیت بھی اس دعوے کی اچھی دلیل ہے جس میں خداوند پیغمبر(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے مخاطب ہو کر فرماتا ہے کہ بیشک تیرا دشمن بے نسل ہے۔

روایات کے مطابق حضرت زہراؑ جب دنیا میں آئیں تو قدرتِ الٰہی سے زبان کھولی اور فرمایا: "میں گواہی دیتی ہوں کہ خدا کے سوا کوئی معبود نہیں اور میرے والد رسول خدا اور سردار پیغمبران ہیں اور میرے شوہر سردار اوصیاء اور میرے فرزند (میرے دو فرزند) سردار نواسوں کے ہیں۔"

 حضرت زہراؑ کی شادی اور اولاد
جب حضرت زہراؑ شادی کی عمر کو پہنچیں تو بہت سے صحابہ پیغمبر(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اور مسلمانوں کے بڑے اور نامور لوگوں نے آپؑ سے شادی کا پیغام دیا۔ ان افراد میں ابوبکر اور عمر بھی شامل تھے، لیکن پیغمبر اسلام(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے ان کے جواب میں فرمایا:
 "فاطمہ کے بارے میں میں خدا کے حکم کا انتظار کر رہا ہوں۔"
اس کے بعد، رشتہ داروں نے علیؑ سے کہا کہ وہ حضرت زہراؑ کو پیغمبر(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے مانگیں؛ چنانچہ علیؑ خود پیغمبر(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی خدمت میں حاضر ہوئے؛ لیکن شرم اور حیا نے انہیں بولنے سے روکا۔ پیغمبر(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے پوچھا: اباالحسن کیا چاہتے ہو؟
 اور علیؑ خاموش رہے یہاں تک کہ پیغمبر(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے اپنا سوال تین بار دہرایا۔
 پھر فرمایا: گویا تم فاطمہؑ کو چاہتے ہو؟
 علیؑ نے جواب دیا: ہاں؛ اور دوسری نقل کے مطابق علیؑ نے پیغمبر(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے عرض کیا: «میرے ماں باپ آپ پر فدا ہوں۔ 
آپ جانتے ہیں کہ آپ نے مجھے بچپن میں میرے والد "ابوطالب" اور میری والدہ "فاطمہ بنت اسد" سے لیا اور اپنی تربیت کے سائے میں پالا اور اس تربیت میں آپ میرے ماں باپ سے زیادہ مہربان تھے اور مجھے اس سرگردانی اور شک سے نجات دی جس میں میرے باپ دادا مبتلا تھے۔ 
آپ دنیا اور آخرت میں میرا واحد سرمایہ ہیں۔
 اب جبکہ خداوند نے آپ کے ذریعے مجھے طاقت بخشی ہے، میں اپنی زندگی کو سنوارنا اور شادی کرنا چاہتا ہوں۔ میں فاطمہ کا پیغام لے کر آیا ہوں۔ کیا آپ قبول کرتے ہیں؟»
یہ خبر سن کر پیغمبر(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا مبارک چہرہ خوشی سے چمک اٹھا اور آپ(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) علیؑ کی طرف مسکرائے اور فرمایا: کیا تمہارے پاس کچھ ہے جو فاطمہ کا مہر قرار دیا جائے؟
 عرض کیا: میرا حال آپ سے مخفی نہیں۔ تلوار، اونٹنی اور زرہ کے سوا کچھ نہیں ہے۔
 پیغمبر(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا: تلوار جہاد کیلئے اور اونٹنی کھجور کے درختوں کو پانی دینے اور سفر میں بوجھ اٹھانے کیلئے چاہیے، وہی زرہ مہر قرار دو؛ 
اور دوسری نقل کے مطابق پیغمبر(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے علیؑ سے فرمایا: "تم سے پہلے کچھ لوگ اس سے شادی کا پیغام لے کر آئے تھے، لیکن میری بیٹی نے قبول نہیں کیا۔"
 پھر آپ(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) گھر تشریف لے گئے اور اپنی بیٹی سے فرمایا: "علی نے مجھ سے تمہارا پیغام دیا ہے، تم اسلام میں اس کے رشتے اور سبقت کو جانتی ہو اور اس کی فضیلت سے آگاہ ہو۔" 
حضرت زہراؑ نے بغیر یہ کہ اپنا چہرہ پھیریں، خاموش رہیں۔ پیغمبر(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے جب ان کے چہرے پر رضامندی کے آثار دیکھے تو فرمایا: الله اکبر، خاموشیاں، اقرار ہیں، ان کی خاموشی ان کی رضامندی کی علامت ہے۔
بہر حال حضرت علیؑ نے حضرت زہراؑ کا مہر جو ۴۸۰ درہم تھا اور ایک قول کے مطابق ۴۰۰ درہم یا وہی مہر السنہ یعنی ۵۰۰ درہم تھا؛ اور آپؑ کی زرہ بیچ کر حاصل کیا گیا تھا، پیغمبر(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو ادا کیا۔ آپ(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے اس کا ایک تہائی دیا تاکہ اس سے عطر خریدا جائے اور باقی بغیر گنے ابوبکر کو دیا تاکہ اس سے حضرت زہراؑ کیلئے زندگی کا سامان خریدا جائے۔
 اس امر کی وجہ کے بارے میں پیغمبر(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے کئی بار "سلمیٰ" سے فرمایا: «میں نے فاطمہ کی شادی علی سے نہیں کی، بلکہ خدا نے فاطمہ کی شادی علی سے کی ہے۔»
 اور علیؑ کی فضیلت میں فرمایا: 
« لَو لَم یُخلَق عَلِیٌّؑ ما کانَ لِفاطِمَةَ کُفوٌ؛»
اگر علیؑ پیدا نہ ہوتے تو فاطمہ کیلئے ہمسر نہ ملتے۔ 
اور یہ بھی فرمایا: 
« أَنَّهُ قَالَ لِفَاطِمَةَ عَلَيْهَا السَّلاَمُ إِنَّ اَللَّهَ يَغْضَبُ لِغَضَبِكِ وَ يَرْضَى لِرِضَاكِ»
«فاطمہ جان؛ خداوند تیری رضا سے راضی اور تیرے غضب سے غضبناک ہوتا ہے»
 اور یہ بھی کہ "عائشہ" رسول اکرم(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے نقل کرتی ہیں کہ آپ(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فاطمہ زہراؑ سے فرمایا: 
روت عائشة و غيرها، عن النبيّ صلى اللّه عليه و آله و سلم أنّه قال:" يا فاطمة! أبشري؛ فإنّ اللّه اصطفاك على نساء العالمين، و على نساء الإسلام۔۔"
«اے فاطمہ تجھے بشارت ہو کہ بیشک خداوند نے تجھے تمام جہان کی خواتین اور تمام اہل اسلام کی خواتین پر برگزیدہ کیا ہے»۔
حضرت زہراؑ اور حضرت علیؑ کی بابرکت شادی مشہور نقل کے مطابق ہجرت کے دوسرے سال مدینہ میں ہوئی۔
ان کی مشترکہ زندگی حضرت زہراؑ کی نو سال کی عمر میں نہایت صفا اور محبت کے ساتھ شروع ہوئی؛ یہاں تک کہ علیؑ فرماتے تھے:
«خدا کی قسم جب تک فاطمہؑ زندہ رہیں میں نے انہیں ناراض نہیں کیا اور انہوں نے بھی کوئی ایسا کام نہیں کیا جو مجھے ناراض کرے۔»

اس مبارک شادی کا پھل پانچ اولادیں تھیں: حسن، حسین، زینب، ام کلثوم اور محسن (جو پیغمبر(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی وفات کے بعد کے واقعات میں ساقط ہوئے)۔
امام حسن اور امام حسین علیہما السلام شیعوں کے اماموں میں سے ہیں جنہوں نے ایسی ماں کی گود میں تربیت پائی اور باقی ۹ امام (امام علیؑ اور امام حسنؑ کے علاوہ) امام حسینؑ کی ذریت سے ہیں اور اس طرح حضرت فاطمہ زہراؑ کے ذریعے رسول خدا(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے منسوب ہوتے ہیں اور آپؑ کی ذریت شمار ہوتے ہیں۔ ائمہ اطہار (امیر المومنینؑ کے علاوہ) کا آپؑ سے منسوب ہونے کی وجہ سے فاطمہ زہراؑ کو "ام الائمہ" (اماموں کی ماں) کہا جاتا ہے۔

 حضرت زہراؑ کا علمی مقام اور سماجی سرگرمیاں
حضرت فاطمہ زہراؑ شیعیان کے نزدیک اگرچہ امام نہیں ہیں، لیکن خداوند کے نزدیک اور مسلمانوں بالخصوص شیعوں کے درمیان ان کا مقام و منزلت نہ صرف دیگر ائمہ سے کم نہیں بلکہ آپؑ امیر المومنینؑ کے ہم پلہ اور دیگر ائمہ طاہرین علیہم السلام سے عظیم تر منزلت کی حامل ہیں۔
اگر ہم حضرت زہراؑ کے علمی مقام کو سمجھنا چاہیں اور اس کے ایک گوشے تک پہنچنا چاہیں تو مناسب ہے کہ ہم خطبۂ فدکیہ میں ان کے کلام کو دیکھیں؛ جہاں وہ توحیدِ ذات اقدس ربوبی میں مضبوط ترین جملے زبان پر جاری کرتی ہیں، یا جب وہ رسول اکرم(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے بارے میں اپنی معرفت اور بصیرت آشکار کرتی ہیں یا اس موقع پر جب وہ اس خطبے میں امامت کی مختصر وضاحت کرتی ہیں۔
اس خطبے کا ہر حصہ اور اس عظیم خاتون کی قرآن کریم سے احتجاجات اور احکام کی تشریع کی وجہ بیان کرنا، خود ان کے علم کے بے کنار سمندر پر مضبوط سند ہے جو وحی کے راستے سے جڑا ہوا ہے۔
ان دیگر شواہد میں سے جن کے ذریعے حضرت فاطمہ زہراؑ کے بلند مقام کے ایک گوشے کو سمجھا جا سکتا ہے، مدینہ کی خواتین یا حتیٰ کہ مردوں کا دینی اور اعتقادی مسائل میں ان بزرگوار کی طرف رجوع کرنا ہے جو تاریخ کے مختلف حصوں میں نقل ہوا ہے۔
اسی طرح فدک کے معاملے میں فاطمہؑ کی گہری فقہی استدلال واضح طور پر حضرت زہراؑ کے پورے قرآن کریم اور اسلامی شرائع پر احاطے پر دلالت کرتی ہے۔

 حضرت فاطمہ زہراؑ کی بعض سماجی سرگرمیاں
•    اصحاب کی علمی مرجعیت
•    خواتین کیلئے شرعی احکام کا بیان
•    جنگوں کے زخمیوں کی مدد اور نگہداشت
علامہ سید جعفر مرتضیٰ عاملی حضرت زہراؑ کی مرجعیت کے بارے میں لکھتے ہیں:
«پیغمبر اکرم(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے گفتار اور رفتار میں بار بار اور مسلسل تاکیدات، اس کے علاوہ حضرت زہراؑ کے مقام اور موقعیت نے سبب بنایا کہ لوگ ان کی طرف رجوع کریں اور انہیں خاص درجہ اور مقام حاصل ہو۔ چنانچہ ان کا گھر بہت سے لوگوں کیلئے مرکز اور پناہ گاہ تھا جو وہاں آتے جاتے تھے۔ پڑوسی خواتین کے علاوہ، مدینہ کی دیگر خواتین بھی ان کی طرف رجوع کرتیں اور ان کے گھر آتی جاتیں۔»

 حضرت زہراؑ کی شہادت
حضرت فاطمہ زہراؑ کی تاریخِ شہادت کے بارے میں کئی روایات ہیں کہ ایک روایت کے مطابق پیغمبر اسلام(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی رحلت کے ۷۵ دن بعد ۱۳ جمادی الاولیٰ (جس پر اہل سنت کا بھی اتفاق ہے) اور زیادہ مشہور روایت کے مطابق پیغمبر اسلام(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی رحلت کے ۹۵ دن بعد منگل کے روز ۳ جمادی الثانی، گیارہ ہجری میں - جبکہ آپؑ کی مبارک عمر اٹھارہ سال سے زیادہ نہ تھی۔
«کشف الغمہ» اور دیگر میں روایت کیا گیا ہے کہ جب حضرت زہراؑ کی وفات قریب آئی تو اسماء بنت عمیس سے فرمایا کہ پانی لاؤ تاکہ میں وضو کروں، پس وضو کیا اور ایک روایت کے مطابق بہترین غسل کیا اور خوشبو منگوائی اور خود کو خوشبو سے معطر کیا اور نئے کپڑے منگوائے اور پہنے اور فرمایا کہ "اے اسماء جبرائیل نے میرے والد کی وفات کے وقت چالیس درہم کافور بہشت سے لایا تھا، حضور(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے اسے تین حصوں میں تقسیم کیا: ایک حصہ اپنے لیے رکھا، ایک میرے لیے اور ایک علیؑ کے لیے، وہ کافور لاؤ تاکہ مجھے اس سے حنوط کیا جائے۔" جب کافور لایا تو فرمایا کہ میرے سر کے پاس رکھو پھر اپنے پاؤں قبلہ کی طرف کیے اور سو گئیں اور اپنے اوپر کپڑا ڈالا اور فرمایا کہ "اے اسماء ایک گھڑی صبر کرو اس کے بعد مجھے پکارنا اگر جواب نہ دوں تو علیؑ کو بلانا، جان لو کہ میں اپنے والد سے مل گئی ہوں"، اسماء نے ایک گھڑی انتظار کیا اس کے بعد انہیں پکارا اور کوئی آواز نہ سنی، پھر کہا: اے مصطفیٰ کی بیٹی، اے آدم کی بہترین اولاد کی بیٹی، اے اس ہستی کی بیٹی جو زمین پر چلی ہے، اے اس ہستی کی بیٹی جو شبِ معراج میں مرتبہ «قابَ قَوْسَین اَوْ اَدْنی» تک پہنچی، جب جواب نہ سنا تو ان کے مبارک چہرے سے کپڑا اٹھایا تو دیکھا کہ ان کی روح کا پرندہ ریاضِ جنت کی طرف پرواز کر گیا ہے پھر ان پر گر پڑیں، انہیں بوسہ دیتی رہیں اور کہتی رہیں: جب حضرت رسول(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی خدمت میں پہنچو تو اسماء بنت عمیس کا سلام انہیں پہنچانا؛ اس حال میں حضرت امام حسن اور امام حسین علیہما السلام تشریف لائے۔
دوسری روایت میں ہے کہ اسماء نے اپنا گریبان چاک کیا اور فاطمہؑ کے پاس سے باہر نکلیں، حسنین علیہما السلام نے انہیں ملاقات کیا اور فرمایا: اے اسماء، ہماری ماں کہاں ہیں؟
 اسماء خاموش رہیں، وہ دو بزرگوار گھر میں داخل ہوئے اور دیکھا کہ ان کی ماں سوئی ہوئی ہیں، حضرت امام حسینؑ قریب ہوئے اور انہیں حرکت دی تو دیکھا کہ وہ دنیا سے رخصت ہو گئی ہیں «فَقالَ یا اَخا آجَرَ اللّه فی الْوالِدَة؛ کہا: اے بھائی؛ خدا تجھے ماں کے مصیبت میں اجر دے۔» پھر امام حسنؑ خود اپنی ماں پر گر پڑے۔
مدینہ کے لوگوں نے حضرت فاطمہ زہراؑ کی شہادت سے آگاہی کے بعد اس بزرگوار کے گھر کے ارد گرد جمع ہو گئے اور ان کی تشییع اور تدفین کے منتظر تھے، لیکن اعلان کیا گیا کہ حضرت زہراؑ کی تدفین میں تاخیر ہوئی ہے؛ چنانچہ لوگ منتشر ہو گئے۔ 
جب رات آئی اور لوگوں کی آنکھیں نیند میں چلی گئیں، امام علیؑ نے فاطمہؑ کی وصیت کے مطابق اور لوگوں کی موجودگی سے دور، اپنی زوجہ کے پاک اور رنجیدہ جسم کو غسل دیا اور پھر انہیں کفن دیا۔
جب انہیں غسل دینے سے فارغ ہوئے، امام حسن اور امام حسین علیہما السلام کو - جو ماں کی شہادت کے وقت دونوں بچے تھے - حکم دیا کہ رسول خدا(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے سچے صحابہ میں سے چند لوگوں کو - جو یقیناً حضرت فاطمہؑ کی رضامندی کے حامل تھے اور ان کی تعداد سات سے زیادہ نہ تھی - خبر کریں تاکہ اس بزرگوار کی تدفین کی تقریب میں شرکت کریں۔
صحابہ کی موجودگی کے بعد، امیر المومنینؑ نے حضرت زہراؑ پر نماز پڑھی اور پھر اپنے چھوٹے بچوں کے غم اور دکھ کے درمیان جو اپنی جوان ماں کی جدائی میں خفیہ طور پر رو رہے تھے، فاطمہؑ کی تدفین کی۔
جب حضرت فاطمہ زہراؑ کی تدفین مکمل ہوئی، رسول خدا(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی قبر کی طرف رخ کیا اور کہا: سلام ہو آپ پر اے رسول خدا، میری طرف سے اور آپ کی بیٹی کی طرف سے؛ وہ بیٹی جو آپ کے پاس اور آپ کے پہلو میں آرام کر رہی ہے اور تھوڑے وقت میں آپ سے مل گئی۔ اے رسول خدا، آپ کی محبوبہ کی جدائی نے میرا صبر و تحمل کم کر دیا، ان کی جدائی میں میرا ضبط ختم ہو گیا... ہم خدا سے ہیں اور اسی کی طرف لوٹنے والے ہیں... عنقریب آپ کی بیٹی آپ کو خبر دے گی کہ آپ کی امت نے کیسے جمع ہو کر ان پر ظلم کیا۔ ان سے سرگزشت پوچھیں اور ان سے گزارش طلب کریں کہ ابھی زیادہ وقت نہیں گزرا اور آپ کی یاد نہیں بھولی...»
ایک روایت کے مطابق حضرت علیؑ نے حضرت زہراؑ کی قبر کے ارد گرد سات اور قبریں بنائیں تاکہ معلوم نہ ہو کہ ان کی قبر کون سی ہے۔ اور دوسری روایت کے مطابق چالیس اور قبروں پر پانی ڈالا تاکہ اس مظلومہ کی قبر ان میں مشتبہ رہے، اور دوسری روایت کے مطابق ان کی قبر کو زمین کے ساتھ ہموار کیا تاکہ قبر کا نشان معلوم نہ ہو۔ یہ سب اس لیے تھا کہ ان کی قبر کی عین جگہ معلوم نہ ہو اور ان کی قبر پر نماز نہ پڑھیں اور ان کی قبر کھودنے کا خیال بھی نہ گزریں اور اسی وجہ سے ان کی قبر کی جگہ میں اختلاف واقع ہوا ہے۔
بعض نے کہا ہے کہ بقیع میں ائمہ بقیع علیہما السلام کی قبروں کے قریب ہے اور بعض نے کہا ہے کہ حضرت رسول(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی قبر اور ان کے منبر کے درمیان مدفون ہیں؛ کیونکہ پیغمبر اسلام(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا: "میرے قبر اور میرے منبر کے درمیان بہشت کے باغوں میں سے ایک باغ ہے اور میرا منبر بہشت کے دروازوں میں سے ایک دروازہ ہے"؛ اور بعض نے کہا ہے کہ حضرت علیؑ نے حضرت زہراؑ کو اپنے گھر میں دفن کیا۔

آپ کا تبصرہ شامل کریں

قارئین کے تبصرے

کوئی تبصرہ موجودنہیں ہے
*
*

امامين حسنين عليهما السلام ثقافتى اور فکر اسلامى - نيٹ ورک