استبراء، استحاضہ، استحالہ ؟
استبراء
۱سوال: اگر استبراء کے بعد پیشاب کے مقام سے کوئی مادہ خارج ہو تو کیا وہ منی کا حکم رکھتا ہے؟
جواب: وہ منی کا حکم نہیں رکھتا ہے۔
۲سوال: استبراء کا صحیح طریقہ بتائیں؟
جواب: استبراء ایک مستحب عمل ہے جو مرد پیشاب کے بعد انجام دیتا ہے تا کہ اسے یہ اطمینان حاصل ہو جائے کہ پیشاب کی نلی میں کوئی قطرہ باقی نہیں ہے۔ یہ مختلف طرح سے ہو سکتا ہے جس میں سے ایک طریقہ یہ ہے کہ پیشاب کرنے کے بعد اگر پاخانہ کا مقام نجس ہو تو پہلے اسے پاک کرے، پھر تین بار بائیں ہاتھ کی درمیانی انگلی سے پاخانہ کے مقام سے آلت کے آخر تک کھینچے، پھر انگوٹھے کو آلت کے اوپر سے اور دوسری انگلیوں میں سے کسی ایک کو نیچے رکھ کر آخر تک کھینچے اور ختنہ گاہ کو تین بار فشار دے۔
۳سوال: غسل جنابت کے بعد، انسان سے خارج ہونے والا پانی نجس ہے یا پاک؟
جواب: اگر غسل سے پہلے پیشاب کیا ہو تو یہ پانی منی کا حکم نہیں رکھتا اور اگر پیشاب کے بعد استبراء بھی کیا ہو تو یہ پانی پاک بھی ہے۔
استحاضہ
۱سوال: ایک مہینہ کا بچہ ساقط ہو جانے کی صورت میں، عورت کے لیے غسل اور نماز کے احکام بیان فرمائیں؟
جواب: اگر سقط خون ہو اور تین دن یا اس سے زیادہ آے اور دس دن سے گذر جائے تو عادت کی مقدار حیض ہے اور باقی استحاضہ ہے۔
۲سوال: یائسگی کے بعد آنے والے خون کا کیا حکم ہے؟
جواب: خون استحاضہ کا حکم رکھتا ہے۔
۳سوال: رمضان میں مستحاضہ عورت روزہ رکھے گی یا نہیں؟
جواب: روزہ رکھے گی۔
سوال: استحالہ کی تعریف کریں؟
جواب: کسی چیز کی نوعیت کا اس طرح بدل جانا کہ معمولا اسے پہلے والی چیز نہ کہا جا ۓ مثلا کتا نمک کی کان میں مر کے نمک بن جاۓ۔
۲سوال: بعض صابونوں پر لکھا ہوتا ہے کہ اس میں سور یا دوسرے تذکیہ نشدہ حیوانوں کی چربی استعمال کی گئی ہے؟ ہمیں نہیں معلوم کہ وہ چربی کسی دوسری چیز میں استحالہ ہو گئی ہے یا نہیں؟ کیا ایسا صابون پاک ہے؟
جواب: اگر ہمیں اس بات کا علم ہو کہ اس صابون میں سور یا مردہ اور غیر مذکی جانور کی چربی استعمال کی گئی ہے تو ایسا صابون نجس ہے مگر یہ کہ اس بات کا یقین ہو جائے کہ قطعی اور یقینی طور پر اس کا استحالہ ہو چکا ہے، اگرچہ ایسے صابونوں میں استحالہ ہو جانا مسلم طور پر معلوم نہیں ہوتا ہے۔