حسین (ع) کے اہل کوفہ کی دعوت پر لبیک کہنے کی علت کیا تھی؟
-
- شائع
-
- مؤلف:
- الشيخ محمّد صنقور ۔ ترجمہ: یوسف حسین عاقلی
- ذرائع:
- شيخ محمد صنقور حفظه الله کی ویب سائٹ سے ماخوذ
حسین (ع) کے اہل کوفہ کی دعوت پر لبیک کہنے کی علت کیا تھی؟
الشيخ محمّد صنقور
ترجمہ: یوسف حسین عاقلی
اعتراض کا متن:
امام حسین (ع) نے اہل کوفہ کی (پہلے کی) حالتِ حال سے واقف ہونے اور ان کے پاس جانے سے روکنے والے اپنے بعض اصحاب کے مشوروں کے باوجود، اہل کوفہ کی دعوت پر لبیک کیوں کہا اور اپنے سفیر مسلم بن عقیل کو ان کی طرف بھیجا؟
جواب:
اگر امام حسین (ع) اہل کوفہ کی دعوتوں پر لبیک نہ کہتے تو تاریخ ان پر لعنت کرتی اور کہتی کہ حسین (ع) — پناہ بخدا — اس الٰہی ذمہ داری میں کوتاہی کر گئے جو ان پر عائد تھی۔ یہ اس لیے کہ جب اہل کوفہ کے ہزاروں افراد اور بڑی تعداد میں سرداروں اور قبیلہ کے رئیسوں نے (¹) انہیں خط لکھے، اور ان سے وعدہ کیا کہ وہ ان کی نصرت کے لیے پوری طرح تیار ہیں اور کوفہ ان کے انقلاب کو سمیٹنے کے لیے تیار ہے، اور ان کے لیے اموی گورنر کو کوفہ سے نکال دینا مشکل نہیں ہے — تو ایسے میں حالات نے امام حسین (ع) کے لیے راہ ہموار کر دی تھی۔ اور جب کوفہ فتح ہو جاتا تو اس کا نتیجہ یہ ہوتا کہ اس کے قریبی دیہات اور شہر بھی فتح ہو جاتے کیونکہ وہ سیاسی اور سیکورٹی کے اعتبار سے کوفہ کی امارت سے جڑے تھے۔ یہاں تک کہ فارس، اہواز اور ایران کے بعض شہر اور دیہات بھی سیاسی طور پر کوفہ کی امارت کے تابع تھے۔ بلکہ کوفہ کا انقلابیوں کے ہاتھوں فتح ہونا بصرہ اور اس کے قریبی شہروں پر غلبہ حاصل کرنے میں سہولت پیدا کر دیتا، کیونکہ عراق میں اس وقت عسکری اور سیاسی مرکزیت کوفہ شہر تھی۔ تاریخ سے ذرا سی واقفیت رکھنے والا بھی اس نتیجے کو سمجھتا ہے۔
اسی لیے امام حسین (ع) کا اہل کوفہ کی دعوتوں کو نظر انداز کرنا ایک غیر معمولی موقع کو ضائع کرنا اور کوتاہی ہوتی، خاص طور پر اس حال میں کہ حسین (ع) یہ جانتے تھے کہ امت یزید کی اطاعت اس کے زور اور جبر کے بغیر نہیں کرے گی۔ اگر وہ اس طاقت کو کمزور کرنے میں کامیاب ہو جاتے تو اسلامی مراکز یکے بعد دیگرے گرنا شروع ہو جاتے، کیونکہ شام کے علاوہ کوئی اسلامی مرکز ایسا نہیں تھا جو یزید اور اموی نظام سے حقیقی وفاداری رکھتا ہو۔ اس کے علاوہ ایک اور عنصر بھی ہے جو حسین (ع) پر تاریخی ذمہ داری کو ظاہر کرتا ہے، اور وہ ہے رسول اللہ (ص) سے قرابت کی وجہ سے امت کی طرف سے ان کی عزت و توقیر، اور ان کی دیانتداری اور اہلیت پر امت کا ایمان۔ ان کی مدد کرنے میں کوئی رکاوٹ نہ تھی سوائے اموی حکومت کے تشدد کے جس نے امت کو مایوسی اور ناامیدی میں مبتلا کر دیا تھا۔ اگر حسین (ع) اموی نظام میں کمزوری پیدا کرنے میں کامیاب ہو جاتے تو امت یقیناً ان کی حمایت کے لیے اٹھ کھڑی ہوتی۔
اسی لیے — دوسرے اعتبارات کے پیش نظر — کوفہ کا گرنا اموی نظام کی کمزوری اور اسلامی مراکز پر اپنا تسلط قائم کرنے سے اس کے عاجز ہونے کے ہم معنی تھا۔ اس لیے کہ اموی نظام کی طاقت کا مرکز شام اور کوفہ دونوں تھے۔ اسی وجہ سے مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ کے انقلابیوں نے یزید بن معاویہ کے دور میں بنی امیہ کو بڑی آسانی سے نکال باہر کیا۔ اور اگر یزید بن معاویہ نے ان کی طرف شام کی فوج نہ بھیجی ہوتی — جب کہ کوفہ پر اس کا گورنر ابن زیاد ان کے پاس جانے سے انکار کر چکا تھا — تو وہ ان دونوں شہروں کو انقلابیوں سے واپس لینے میں کامیاب نہ ہوتا۔
یہ اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ کوفہ اور شام اموی نظام کے طاقت کے مرکز ہیں، اور یہ کہ اس کے تسلط اور اقتدار کے پھیلاؤ کا راز یہ ہے کہ لوگ یہ جانتے تھے کہ بغاوت کا انجام یہ ہے کہ اموی نظام ان پر شام یا کوفہ کی فوج مسلط کر دے گا۔
اسی لیے ہم تاکید کرتے ہیں کہ کوفہ کا انقلابیوں کے ہاتھوں فتح ہونا اس معنی رکھتا ہے کہ اموی نظام اپنی طاقت کے مقابل ایک برابر کی طاقت کا سامنا کر رہا ہے، اور یہی وہ چیز تھی جس کا ہم نے اموی نظام میں کمزوری پیدا ہونے سے مراد لیا، جس کی وجہ سے اسلامی مراکز یکے بعد دیگرے گرنے لگتے، کیونکہ ان کی اطاعت ان کی وفاداری اور اس کے مستحق ہونے پر ایمان کی وجہ سے نہیں تھی بلکہ اس کے تشدد اور سختی کے خوف کی وجہ سے تھی۔
اور جیسا کہ ہم نے بیان کیا، حسین (ع) کے اہل کوفہ کی دعوت پر لبیک کہنے کی وجہ واضح ہو گئی۔ ان کے پاس ان کے خطوط تواتر سے پہنچتے رہے یہاں تک کہ بارہ ہزار سے تجاوز کر گئے، ہر خط پر دو، تین یا اس سے زیادہ افراد کی مہریں تھیں²۔ قبیلوں کے سرداروں اور بڑے لوگوں نے انہیں خط لکھے اور ان کی طرف قاصدان بھیجے۔ اس سب کے باوجود انہوں نے مسلم بن عقیل کو (پہلے) ان کی طرف بھیجا تاکہ وہ ان کے حقیقی حالات سے آگاہ ہوں۔ پھر مسلم بن عقیل کا خط انہیں آیا کہ "آپ تشریف لائیں، کیونکہ کوفہ آپ کی تحریک کو سمیٹنے کے لیے تیار ہے³۔" ایسی صورت میں ان کا پیچھے ہٹنا ممکن نہ تھا اور نہ ہی ان کے لیے یہ عذر کرنا ممکن تھا کہ "ان کی سابقہ روش کی بنا پر ان کی دعوتوں کی سنجیدگی پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا" — خاص طور پر جب انہوں نے مسلم بن عقیل کی بیعت کر لی تھی اور اسے اپنی تیاری اور نیتوں کی سچائی کا اظہار کر دیا تھا۔
رہی یہ بات کہ: مسلم بن عقیل کی شہادت کی خبر ملنے کے بعد حسین (ع) کیوں واپس نہیں پلٹے؟
تو اس لیے کہ امام حسین (ع) نے جو راستہ اختیار کیا وہ شہادت تھا — جب امت اور تاریخ پر یہ کھل جاتا ہے کہ اس وقت کے مسلمان جہاد اور اموی نظام کا مقابلہ کرنے کے قابل نہیں تھے۔ انہوں نے پکا ارادہ کر لیا کہ اپنے آپ کو اللہ کی راہ میں قربان کر دیں تاکہ امت اپنی غنودگی سے بیدار ہو جائے، اور یہ سمجھ لے کہ اموی نظام اسلام کے ڈھانچے کو گرانے کا خواہاں ہے، اور وہ رسول اللہ (ص) کی حرمت کا لحاظ نہیں رکھتا، اور اپنے اقتدار اور تسلط کو قائم رکھنے کے لیے ہر بڑی حرکت کرنے کو تیار ہے، اور اسے اس سے کوئی غرض نہیں کہ زمین میں اللہ کی نافرمانی ہو، بلکہ وہ خود گمراہی اور فساد پھیلانے کا کردار ادا کر رہا ہے۔
اور جب امت یہ سب کچھ سمجھ لے گی اور حسین (ع) کے قتل، ان کی اولاد کی شہادت اور رسول اللہ (ص) کی بیٹیوں کی اسیری جیسے عظیم سانحے کی زد پر بیدار ہو جائے گی — تو اس کے بعد مفروضہ یہ ہے کہ اس میں ایک نئی روح پھونکی جائے گی جو کچھ وقت کے بعد اس فاسد نظام کا خاتمہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہو۔
حسین (ع) نے اپنی تحریک اور قربانی سے خوف کی دیوار کو توڑنا اور اس مایوسی اور خضوع کی حالت کو ختم کرنا چاہا جو امت پر اموی حکومت کے تشدد اور ظلم کے نتیجے میں طاری ہو گئی تھی۔ اور وہ ایک اصیل اسلامی فہم کی بنیاد رکھنا چاہتے تھے — جو ظالم حاکم کا مقابلہ کرنے کی شرعی حیثیت، اور اس کے اقتدار کو ختم کرنے کی کوشش کی شرعی حیثیت ہے۔ یہ اس لیے کہ اموی نظام نے صرف دو دہائیوں کے اندر یہ دعویٰ پھیلا دیا تھا کہ حاکم نظام کے خلاف خروج کرنا حرام ہے — چاہے وہ کتنا ہی فاسد اور ظالم کیوں نہ ہو⁴
۔ اور انہوں نے اس کے لیے کمائے ہوئے لوگوں کو استعمال کیا جو رسول اللہ (ص) کے صحابہ اور دوسروں سے منسوب تھے، تاکہ وہ خود سے روایات گھڑ کر پیش کریں جو اس بات پر زور دیتی ہیں کہ حاکم کے خلاف خروج اور انقلاب کرنا جائز نہیں⁴
— خواہ وہ فاسق ہو اور اللہ کی حرمتوں کو حلال کرنے والا ہو — اور یہ کہ مسلمان کا کام صرف نصیحت اور اس کی ہدایت کے لیے دعا کرنا ہے⁴۔
اگر وہ راہ راست پر آ جائے تو بہتر ورنہ ہر مکلف پر صبر کرنا لازم ہے، خواہ حاکم اس کی پیٹھ پر کوڑے لگوائے اور اس کا مال لے لے⁴۔
یہ خطرناک ثقافت، جو اموی سیاست کے نتیجے میں عام ہو کر جڑ پکڑ چکی تھی، اسے درست کرنا ممکن نہ تھا اگر اس کے لیے حسین (ع) جیسا عظیم شخصیت آگے نہ آتا، اور یہ آگے آنا قربانی کی سطح پر نہ ہوتا۔ چنانچہ حسین (ع) نے اپنے آپ کو اللہ کی راہ میں قربان کر دیا تاکہ امت کو صحیح راستے پر واپس لے آئیں۔ آپ (ع) فرماتے ہیں:
يقول (ع) : "أيُّها الناس إنَّ رسول الله (ص) يقول: مَنْ رأى منكم سلطاناً جائراً مستحلَّاً لِحُرَمِ الله ناكثاً عهده مخالفاً لسنَّة رسول الله (ص)، يعمل في عباد الله بالإثم والعدوان فلم يُغيِّر عليه بفعلٍ ولا قول كان حقَّاً على الله أنْ يُدخله مدخله، ألا وإنَّ هؤلاء قد لزِموا الشيطان وتركوا طاعة الرحمن وأظهروا الفساد وعطَّلوا الحدود واستأثروا بالفيء وأحلُّوا حرام الله وحرَّموا حلاله وأنا أحقُّ مَنْ غيَّر..." ⁵
"اے لوگو! رسول اللہ (ص) فرماتے ہیں: جس نے تم میں سے کسی ظالم حاکم کو دیکھا جو اللہ کی حرمتوں کو حلال کر رہا ہو، اللہ کے عہد کو توڑ رہا ہو، رسول اللہ (ص) کی سنت کی مخالفت کر رہا ہو، اور اللہ کے بندوں پر گناہ اور زیادتی کا ارتکاب کر رہا ہو — اور اس نے (اس حاکم کو) اپنے فعل یا قول سے بدلا نہیں — تو اللہ پر حق ہے کہ اسے اسی (حاکم کے) درجے میں داخل کرے۔ سن لو! یقیناً یہ لوگ (بنی امیہ) شیطان کے پڑ گئے اور رحمن کی اطاعت چھوڑ دی، فساد پھیلایا، حدود کو معطل کیا، فیے (مال غنیمت) کو اپنے لیے خاص کر لیا، اللہ کی حرام کردہ چیزوں کو حلال کر لیا اور حلال کو حرام کر دیا، اور میں بدلنے والوں میں سب سے زیادہ حق رکھتا ہوں..."
رہا ان کے بعض اصحاب کا یزید کے خلاف خروج نہ کرنے یا کوفہ جانے کے خلاف انہیں نصیحت کرنا — تو اس لیے کہ ان کے حساب کتاب سیاسی تھے، اور اس لیے کہ وہ خود بھی اسی بیماری میں مبتلا تھے جن میں وہ (دوری) اور کمزوری آ گئی تھی، اور ان پر مایوسی اور ناامیدی غالب آ گئی تھی۔ اس لیے وہ حسین (ع) کی زبان نہیں سمجھتے تھے اور نہ ہی آپ کے خروج اور تحریک کے ابعاد کو سمجھ پاتے تھے۔
فهذا ابن عبّاس الذي لا نشكّ في إخلاصه للإمام الحسين (ع) يتمنَّى لو كان يتمكّن مِن حبس الحسين (ع) والحيلولة دون خروجه ⁶
مثلاً ابن عباس — جن کی امام حسین (ع) سے اخلاص میں ہمیں کوئی شک نہیں — وہ تمنا کرتا تھا کہ وہ حسین (ع) کو روک سکتا اور ان کے خروج میں حائل ہو سکتا،
اس لیے کہ وہ قربانی اور شہادت کے معنی کو سمجھنے کی صلاحیت نہیں رکھتا تھا۔ یہ ایک ایسی زبان ہے جسے صرف اہل بصیرت ہی سمجھتے ہیں، اور صرف وہی اس کے ابعاد کو سمجھ سکتا ہے جس کی روح دنیا کی ہر لگن سے خالی ہو گئی ہو۔ حسین (ع) کا یہ قول کتنا غریب لگتا ہے:
قول الحسين (ع): "إنّي لا أرى الموت إلاّ سعادة والحياة مع الظالمين إلاّ برما"⁷
"بے شک میں موت کو سعادت کے سوا نہیں دیکھتا، اور ظالموں کے ساتھ زندگی کو بےزاری کے سوا نہیں دیکھتا"
— وہ موت سے انس رکھتے ہیں جبکہ دوسروں کو زندگی سے انس ہے۔
امام حسین (ع) اپنے مقصد کو حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے، اور اموی نظام آپ (ع) کو اپنی مرضی پر مجبور کرنے میں کامیاب نہ ہو سکا — خواہ اس نے کتنی بھی کوشش کی اور کتنے ہی سخت طریقے اختیار کیے جن کے آگے مضبوط ترین ارادے بھی نہیں ٹھہر سکتے۔ اور یہی معنی ہے "خون کی تلوار پر فتح" کا۔
اور اسی طرح اموی نظام ختم ہو گیا، اس کی وہ تحریک بھی مٹ گئی جو اسلام کے ڈھانچے کو گرانے پر مرکوز تھی، اور حسین زندہ رہے اور ان کے اصول زندہ رہے۔
والحمد لله رب العالمين ۔۸
حوالہ جات:
1. الإرشاد للشيخ المفيد ج 2 ص 36 ، إعلام الورى للطبرسي ج 1 ص 436 ، مثير الأحزان - ابن نما الحلي - ص 16/ شرح نهج البلاغة - ابن أبي الحديد - ج 11 ص 43/ كتاب الفتوح - أحمد بن أعثم الكوفي - ج 5 ص 27 البداية والنهاية لابن كثير جد 8 ص163.
2. الإرشاد - الشيخ المفيد - ج 2 ص 38 / روضة الواعظين - الفتال النيسابوري - ص 172 / اللهوف في قتلى الطفوف - السيد ابن طاووس - ص 24 ، تاريخ الطبر ج 4 ص 294 ، أنساب الأشراف للبلاذري ج 3 ص 158 وغيرها.
3. أنساب الأشراف للبلاذري ج 3 ص167 ، تاريخ الطبري - الطبري - ج 4 ص 297/ مقتل الحسين (ع) - أبو مخنف الأزدي - ص 72، تجارب الأمم لابن مسكويه الرازي ج2 ص60 ، البداية والنهاية لابن كثير ج 8 ص 181.
4. a. b. c. d. صحيح البخاري - البخاري - ج 8 ص 87/ صحيح مسلم - مسلم النيسابوري - ج 6 ص 22/ عمدة القاري - العيني - ج 24 ص 178/ رياض الصالحين - يحيى بن شرف النووي - ص 339./ نيل الأوطار - الشوكاني - ج 7 ص 356.
5. تاريخ الطبري - الطبري - ج 4 ص 304/ الكامل في التاريخ - ابن الأثير - ج 4 ص 48/ مقتل الحسين (ع) - أبو مخنف الأزدي - ص 85 ، الفتوح لابن أعثم ج 5 ص 81.
6. البداية والنهاية - ابن كثير - ج 8 ص 172/ الدر النظيم - إبن حاتم العاملي - ص 546/ مجمع الزوائد - الهيثمي - ج 9 ص 192/ أمالي المحاملي - الحسين بن إسماعيل المحاملي - ص 226/ المعجم الكبير - الطبراني - ج 3 ص 119/ تاريخ مدينة دمشق - ابن عساكر - ج 14 ص 200/ ترجمة الإمام الحسين (ع) - من طبقات ابن سعد - ص 61.
7. تحف العقول - ابن شعبة الحراني - ص 245/ شرح الأخبار - القاضي النعمان المغربي - ج 3 ص 150/ مناقب آل أبي طالب - ابن شهر آشوب - ج 3 ص 224/ ذوب النضار - ابن نما الحلي - ص 8/ ذخائر العقبى - احمد بن عبد الله الطبري - ص 150 ، المعجم الكبير للطبراني ج3 ص 115 ، تاريخ مدينة دمشق لابن عساكر ج 14 ص 218 ، تاريخ الطبري - الطبري ج4 ص 305.
8. المصدر : موقع سماحة الشيخ محمد صنقور حفظه الله

