نماز اور قرآن
س ١۔قرآن مجید کی کون سی آیت نماز پنجگانہ کے اوقات کی طرف اشارہ ہوا ہے ؟ ج۔ قرآن مجید میں سورہ طہٰ آیت نمبر ١٣٠۔
( فاصبر علی ما یقولون سَبِّح محمد ربّک قبل طلوع الشمس و قبل غروبها و من انا یِ ا للیل ، فسبح و اطراف النهار لعلک ترضیٰ )
اے رسول جو کچھ کفار بکا کرتے ہیں تم اس پر صبر کرو اور سورج کے طلوع ہونے سے پہلے اور غروب ہونے سے پہلے اور رات کے دوران اور رات کے اطراف میں اپنے خدا کی حمد اور تسبیح بجا لاتے ، تاکہ اس کی خوشنودی حاصل ہو ۔
س ٢ ۔ قرآن کے کون سے سورہ کا نماز یومیہ میں پڑھنا واجب ہے ؟ ج۔ سورہ حمد ۔
س ٣ ۔ آیات قرآن میں سے کس آیت میں اذان کی طرف اشارہ کیا گیا ہے ؟ ج ۔ سورہ مائدہ ، آیت نمبر ٥٨ ۔
( و اذا نا دیتم الی الصلوة اتّخذو ها هزواً و لعباً ذلک بانّهم قوم لا یعقلون )
جب تم اذان دے کر لوگوں کو نماز کے واسطے بلاتے ہو تو یہ لوگ نماز کو ہنسی وکھیل بناتے ہیں یہ اس وجہ سے کہ یہ لوگ بالکل بے عقل ہیں اور کچھ نہیں سمجھتے
س ٤ ۔ قرآن مجید کے کون سے سورہ میں نماز جمعہ کی طرف اشارہ کیا گیا ہے ؟ ج۔ قرآن مجید کے سورہ جمعہ آیت نمبر ٩ میں نماز جمعہ کی طرف اشارہ کیا گیا ہے ۔
( یا ایها الذین آمنوا اذا نودی للصلوة من یوم الجمعة فاسعوا الیٰ ذکر الله و ذرو ا البیع ، ذلکم خیر لکم ان کنتم تعلمون )
اے ایماندار و جب جمعہ کے دن نماز ( جمعہ ) کے لئے اذان دی جائے تو خدا کی یاد ( نماز ) کی طرف دوڑ پڑو اور ( خرید ) و فروخت چھوڑ دو ۔ اگر تم سمجھتے ہو ! تو یہی تمہارے حق میں بہتر ہے ۔
س ٥ ۔قرآن مجید کے کتنے سور نماز یومیہ میں تلاوت کرنے چاہیں ؟ ج۔ بیس (٢٠) سور ۔ سورتوں میں سے تلاوت کرنے چاہیں ۔
چار سورتیں صبح کی نماز میں اور چار چار سورتیں ظہر و عصر و مغرب و عشا ء کی نمازوں میں یعنی ہر پانچ نمازوں میں ٤ سورتیں (٢٠=٤ ٥)۔
س ٦ ۔ آیات قرآنی میں سے کون سی آیت میں نماز جماعت کی طرف اشارہ کیا گیا ہے ؟ ج ۔ قرآن کے سورہ آل عمران آیت نمبر ٤٣ میں ۔
( یا مریم اقنتی لربک و اسجدی و ارکعی مع الراکعین )
اے مریم ( اس کے شکریہ ) میں اپنے پروردگار کی فرمانبرداری کرو اور سجدہ اور رکوع کرنے والوں کے ساتھ رکوع کرتی رہو ۔
س ٧۔ کون سے سورہ میں نماز ظہر کی اہمیت کی طرف اشارہ کیا گیا ہے ؟ ج۔ قرآن مجید کے سورہ بقرہ آیت نمبر ٢٣٨ ۔
( حافظوا علی الصلوات والصلوة السطیٰ ، و قومو الله قٰنتین)
(مسلمانو )تمام نمازوں کی خصوصاً بیچ والی نماز وں کی پابندی کرو اور خاص خدا ہی کے واسطے ( نماز میں ) قنوت پڑھنے والے ہو کر کھڑے ہو ۔
س ٨ حضرت زکریا علیہ السلام کی نماز کی طرف کون سے سورہ میں اشارہ ہوا ہے ؟ ج۔ سورہ آل عمران آیة نمبر ٣٩ ۔
( فنادته الملائکة و هو قائم یصلی فی المحراب ان الله یبشرک بیحی مصدقاً بکلمة من الله و سیداً و حصوراً و نبیاً من الصالحین )
ابھی حضرت زکریا حجرے میں کھڑے یہ دعا کر ہی رہے تھے کہ فرشتوں نے ان کو آواز دی کہ خدا تم کو یحی کے پیدا ہونے کی خوشخبری دیتیا ہے ۔ جو کلمة اللہ ( عیسیٰ ) کی تصدیق کرے گا اور لوگوں کا سردار ہوگا عورتوں کی طرف رغبت نہ کرے گا اور نیکو کار نبی ہوگا ۔
س ٩ ۔( ان الصلوة تنهی عن الفحشاء والمنکر ) یہ آیت کون سے سورہ میں ہے ؟ ج ۔ سورہ عنکبوت آیت نمبر ٤٥۔
س ١٠ ۔ قرآن مجید کن لوگوں کو سچ گو جانتا ہے ؟ ج ۔ جو نماز میں خاشع ( خشوع و خضوع کرنے والے ) ہوں ۔
س ١١ ۔ قرآن مجید میں نمازی کی کتنی صفات کی طرف اشارہ کیا گیا ہے ؟ ج ۔ قرآن مجید میں نماز گذاری کی نو ( ٩) صفتوں کی طرف اشارہ کیا گیا ہے جو مندر جہ ذیل ہیں ۔
١۔ وہ جو ہمیشہ نماز کی پابندی کریں ۔
٢۔ جو محرومین پر مال خرچ کریں ۔
٣۔ جو عذاب قیامت سے ڈرتے ہیں ۔
٤۔ امانت میں خیانت نہیں کرتے ۔
٥۔ وعدہ کو پورا کرتے ہیں ۔
٦۔ روز قیامت پر ایمان و یقین رکھتے ہیں ۔
٧۔ پاکدامن و عفیف ہوتے ہیں ۔
٨۔ حق کی گواہی دیتے ہیں ۔
٩۔ جو ہمیشہ نماز کو قائم کرتے ہیں ۔
س ١٢ ۔ قرآن کی آیت میں سے کون سی آیات میں نماز کو فلاح اور نجات کا سبب قرار دیا گیا ہے ؟ ج ۔ سورہ اعلیٰ آیت نمبر ١٤ اور ١٥ ۔
( قد افلح من تزکّی ۔ و ذکر اسم ربه فصلّی )
وہ یقینا مراد دِلی کو پہنچا جو ( شرک ) سے پاک ہوا ۔ اور اپنے پرور دگار کا ذکر کرتا اور نماز پڑھتا رہے ۔
س ١٣ ۔ کونسی آیت قرآن میں خدا وند فطرت فرماتا ہے کہ نماز کے ذریعے توسل پیدا کرو ؟ ج ۔سورہ بقرہ آیت نمبر ١٥٣ ۔
( یا ایها الذین آمنوا استعینو ا با لصبر و الصلوة ان الله مع الصابرین )
اے ایماندارو( مصیبت ) کے وقت صبر اور نماز کے ذریعے خدا کی مدد مانگو بے شک خدا صبر کرنے والوں ہی کا ساتھی ہے ۔
س١٤ ۔ مخصوص لفظ ( صلوٰة ) ( نماز ) یعنی (دعا ) قرآن مجید میں کتنی مرتبہ ذکر ہوا ہے ؟ ج ۔ لفظ (صلوٰة ) (نماز ) قرآن مجید میں ٦٧ مرتبہ ذکر ہوا ہے ۔
س ١٥ ۔ کونسی آیت میں وضو کے مراحل بیان ہوئے ہیں ؟ ج ۔ سورہ مائدہ آیت نمبر ٦ میں مراحل وضو اس طرح بیان ہوئے ہیں۔
( یا ایها الذین آمنوا اذا قمتم الی الصلوة فاغسلوا وجوهکم و ایدیکم الی المرافق ، وامسحوا برئوسکم و ارجلکم الی الکعبین …… لعلکم تشکرون )
اے ایماندارو جب تم نماز کے لئے آمادہ ہو تو اپنے منہ اور کہنیوں تک ہاتھ دھو لیا کرو اور اپنے سروں کا اور ٹخنوں کا مسح کر لیا کرو ۔
س ١٦ ۔ کونسی آیت بیت المقدس سے خانہ کعبہ کی طرف تغییر قبلہ کا باعث بنی ؟ ج ۔ سورہ بقرہ آیت نمبر ١٤٤ ۔
( قد نریٰ تقلب وجهک فی السماء فلنولینک قبلة تر ضها فولِّ وجهک شطر المسجد الحرام ۔ و حیث ما کنتم فولّو وجوهکم شطره و ان الذین اوتو الکتاب لیعلمون انه الحق من ربهم و ما الله بغافل عما یعملون )
اے رسول قبلہ بدلنے کے واسطے بے شک تمہارا بار بار آسمان کی طرف منہ کرنا ہم دیکھ رہے ہیں تو ضرور تم کو ایسے قبلہ کی طرف پھیر دیں گے کہ تم نہال ہو جائو ۔ ( اچھا تم نماز ہی میں ) مسجدالحرام ( کعبہ ) کی طرف منہ کر لو ۔ اور اے مسلمانو ! تم جہاں کہیں بھی ہو اسی کی طرف اپنا ( اپنا ) منہ کر لیا کرو ۔ جن لوگوں کو ( کتاب توریت ) وغیرہ دی گئی ہے ۔ وہ بخوبی جانتے ہیں کہ یہ تبدیلی قبلہ بہت بجاہے اور اس کے پروردگار کی طرف سے ہے ۔ اور جو کچھ وہ لوگ کرتے ہیں ، اس سے خدا بے خبر نہیں ہے ۔
س ١٧ ۔ وہ کون سے سورے ہیں جن کی نماز جمعہ میں پڑھنے کی تاکید کی گئی ہے ؟ ج ۔ سورہ جمعہ پارہ نمبر ٢٨ ۔ اور سورہ منافقون پارہ نمبر ٢٨ ۔
س ١٨ ۔ قرآن مجید کی کونسی آیت میں والدین کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اہل خانہ کو نماز کا حکم دیں کہ وہ نماز قائم کرنے کے لئے جو کریں ؟ ج ۔ سورہ طہٰ آیت نمبر ١٣٢ ۔
( و امر اهلک با لصلوة واصطب علیها لا نسئلک رزقاً ، نحن نرزقک العاقبة للتقویٰ )
اپنے گھر والوں کو نماز کا حکم دو اور تم خود بھی اس کے پابند رہو ۔ ہم تم سے روزی طلب نہیں کرتے بلکہ ہم تو خود تم کو روزی دیتے ہیں ۔ اور پرہیز گاری کا انجام ہی تو بخیر ہے ۔
س ١٩ ۔ کونسی آیات قرآنی میں رکوع کی طرف اشارہ کیا گیا ہے ؟ ج ۔ سورہ حج آیت نمبر ٤١ ۔
( یا ایها الذین آمنو ا ارکعوا واسجدوا واعبدو ربکم وافعلوا الخیر لعلکم تفلحون)
اے ایماندارورکوع کرو ، اور سجدہ کرو ، اور اپنے پروردگار کی عبادت کرو ، اور نیکی کرو ،تاکہ تم کامیاب ہو جائو ۔
س ٢٠ ۔ نماز کے بارے میں خدا وند ذوالجلال نے کتنی آیات نازل فرمائی ہیں ؟ ج ۔ قرآن مجید میں خدا وند کریم نے( ١٢٢) آیات سے زیادہ آیات نماز کے بارے میں نازل فرمائی ہیں ۔
س ٢١ ۔ کون سے سورہ مبارکہ میں خدا وند کریم ارشاد فرماتا ہے کہ نماز انسان کو فحشاء اور منکر سے روکتی ہے ؟ ج ۔ قرآن مجید میں سورہ عنکبوت آیت نمبر (٤٥ ) میں ارشاد فرماتا ہے۔
( اتل ما اوحی الیک من الکتاب و اقم الصلوة ان الصلوة تنهیٰ عن الفحشاء والمنکر و لذکر الله اکبر والله یعلم ما تصنعون )
اے رسول جو کتاب تمہارے اوپر نازل کی گئی ہے اس کی تلاوت کرو ۔ اور پابندی سے نماز پڑھو ۔ بے شک نماز بے حیائی اور برے کاموں سے باز رکھتی ہے اور خدا کی یاد یقینی بڑا مرتبہ رکھتی ہے ۔ اور تم لوگ جو کچھ کرتے ہو خدا اس سے واقف ہے ۔